Friday, May 15, 2020

مؤثر اور مضبوط عوامی آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو ماسک پہننے کی ترغیب دی جائے، مارکیٹوں، بازاروں اور پرہجوم مقامات پر نقل و حرکت کے دوران ماسلک کورونا وائرس کے عدم پھیلا کا مؤثر ذریعہ ہے،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر

اسلام آباد(آئی آئی پی) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے زور دیا کہ ایک مؤثر اور مضبوط عوامی آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو ماسک پہننے کی ترغیب دی جائے، مارکیٹوں، بازاروں اور پرہجوم مقامات پر نقل و حرکت کے دوران ماسلک کورونا وائرس کے عدم پھیلا کا مؤثر ذریعہ ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدرات نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں فی10 لاکھ افراد پر کورونا وائرس ٹیسٹنگ صلاحیت، وینٹیلیٹرز کی موجودہ تعداد، استعمال اور ضروریات، طبی عملے کی استعداد کار بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں کورونا وائرس کا فرنٹ لائن پر مقابلہ کرنے والے طبی عملے کے ذاتی تحفظ کے آلات(پی پی ایز) کے استعمال کے حوالے سے تربیتی دستاویزی فلم کے کامیاب اجرا کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ کووڈ۔19کا صف اول میں مقابلہ کرنے والے طبی عملے کے لئے آگاہی اور پی پی ایز کے درست استعمال سے ہی ان کی اپنی حفاظتی یقینی بنائی جاسکے گی۔ اس اہم پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے، این سی او سی نے وزارت صحت اور ماہرین کی مشترکہ کاوش کے ذریعہ مختلف ہیلتھ کیئر ورکرز اور مختلف مقامات پر ان سے وابستہ افراد کی پی پی ایز استعمال کرنے کے بارے میں عالمی معیار کی ایس او پیز اور گائیڈ لائینز تیار کی ہیں، یہ گائیڈ لائینز اور ایس او پیز تمام متعلقہ اداروں اور حکام تک پہنچائی جا چکی ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے تیار کی گئی اس دستاویزی فلم کا مقصد ڈاکٹروں، پیرامیڈیکس اور دیگر عملے کوپی پی ایز کے استعمال سے آگاہی فراہم کرنا ہے، یہ دستاویزی فلم نہ صرف ڈاکٹروں کو ان کی حفاظت کے لئے معاون ثابت ہوگی بلکہ پی پی ای کے غیر ضروری استعمال میں روک تھام کا باعث بنے گی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں وفاقی وزیراسد عمر نے کہا کہ حکومت قلیل مدت میں پسے ہوئے اور محروم طبقات تک احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے ذریعے مالی امداد گھروں کی دہلیز تک پہنچانے میں کامیاب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے میں ریلیف، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو یوٹیلٹی بلز ادائیگیوں میں بھی ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے ذریعے اب تک 8 ملین سے زائد مستحقین میں 100 ارب تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے ساڑھے تین لاکھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ای) کو فائدہ پہنچانے کے لئے 50 ارب روپے کا منصوبہ تیار کیا ہے جبکہ کاشتکاروں کے لئے 50 ارب روپے مالیت کا زرعی ریلیف پیکیج بھی شروع کیا گیا ہے اور صحت کے شعبے کے لئے 50 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی پی ای کے استعمال کی تربیت کے لئے ایک خصوصی پروگرام کے ذریعہ ایک لاکھ کے قریب صحت کے پیشہ ور افراد کو تربیت دی جائے گی جبکہ آئی سی یو میں کام کرنے والے 5 ہزار طبی عملے جن میں ایک ہزار ڈاکٹر بھی شامل ہیں کو تربیت دی جارہی ہے۔

No comments: