Thursday, May 21, 2020

گلگت بلتستان کورونا اپ ڈیٹ

21 مئی 2020 - 9:55 pm
😷😷😷 x 😷😷😷😷😷😷😷 + 😷😷=23
آگلگت بلتستان میں کل کی طرح آج بھی کورونا وائرس کے 23 نئے مریض سامنے آگئے ائسولیشن سینٹرز میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 173 سے بڑھ کر 196 ہوگئ تھی جس میں 10 مریض صحت یاب ہو کر گھر چلے جانے کے بعد اب اس وقت آئسولیشن وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی مجموعی تعداد 186 ہوگئ ھے
آج گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے لپیٹ میں آنے والے 23 نئے مریضوں کا تعلق مندرجہ ذیل اضلاع سے ھے
ضلع گلگت ------ 19 نئے مریض
ضلع سکردو ---- 02 نئے مریض
ضلع استور ----- 02 نئے مریض
گلگت بلتستان میں شروع سے اب تک کورونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد آج 579 سے بڑھ کر 602 میں پہنچ گئی ھے جس میں
412 ---- اب تک صحت یاب ہوئے
04 ---- اب تک اموات ہوئیں
186 ---- اس وقت آئسولیشن وارڈز میں زیر علاج مریض شامل ہیں
رپورٹ:- جہانگیر ناجی

عید الفطر ایس او پیزپر عملدرآمد، سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا: قائم مقام ڈپٹی کمشنر سکردو

سکردو (پ ر)قائمقام ڈپٹی کمشنر سکردو حافظ کریم داد چغتائی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مولانا ابراہیم خلیل صدر انجمن اہلسنت، ڈاکٹر محمد علی جوہر صدر انجمن اہلحدیث، شیخ الیاس انجمن امامیہ سکردو، حاجی صدیقی
انجمن صوفیہ نوربخشیہ، ایس پی سکردو، ڈی ایچ او سکردو اور مجسٹریٹس نے شرکت کی۔ اجلاس میں عید الفطر کے موقع پروفاقی حکومت اور حکومت گلگت  بلتستان کی جانب سے جاری کردہ  ایس او پیز عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں تمام مسالک کے علماء کرام نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیاکہ عید الفطر پر حکومت کی جانب جاری کردہ احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تمام نمازی گھر سے وضو کر کے آئیں، جائے نماز ساتھ لائیں، ماسک ضرور پہننے، سماجی فاصلے کا خیال رکھیں، گلے ملنے سے اجتناب کرے اور نماز عید کی خطبات کو کم سے کم کریں گے۔ اس موقع پر قائمقام ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع سکردو کے تمام عید گاہوں پر سخت سکیورٹی کے انتظامات کئے جائیں گے اور وہاں مجسٹریٹس اور پولیس تعینات ہونگے، محکمہ صحت کی خصوصی ٹیم موجود ہونگے، سولڈ ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی عید سے پہلے تمام عیدگاہوں کی صفائی ستھرائی کرینگے، عیدالفطر سے ایک دن پہلے اور نماز عید کے بعد تمام عید گاہوں کو جراثیم کش ادویات سے سپرے کرینگے تاکہ کرونا وائرس کی تدارک کو ممکن بنایا جا سکے۔ 

قراقرم یونیورسٹی ایفلییشن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد،ایفلییشن فیس، آن لائن نظام تعلیم اساتذہ کی تربیت،یونیورسٹی سے ایفلیٹٹ کالجوں کے لئے لرننگ منیجمنٹ سسٹم کا آغازسمیت دیگر اہم امور پرفیصلہ جات

گلگت(پ ر) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ایفلییشن کمیٹی کا ویڈیو لنک کے ذریعے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایفلییشن فیس، یونیورسٹی کی طرف سے متعارف کرائے جانے والے آن لائن نظام تعلیم سے متعلق کالجوں کے پرنسپلز اور اساتذہ کی تربیت،کالجز کے لئے ایل ایم ایس سسٹم،یونیورسٹی سے ایفلیٹٹ کالجوں کے لئے لرننگ منیجمنٹ سسٹم کا آغازسمیت دیگر اہم امور پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ایفلییشن کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شا ہ نے ویڈ یو لنک کے ذریعے کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر کالجز منظور کریم، وومن ڈگری کالج
گلگت کی پرنسپل طاہر ناہید،ڈگری کالج فار بوائز کے پرنسپل محمد عالم سمیت قراقرم یونیورسٹی ایفلییشن کمیٹی کے کنوینئرو  اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں قراقرم یونیورسٹی آئی ٹی ٹیم نے لرننگ منیجمنٹ سسٹم کے حوالے سے کالجز کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی کی جانب سے تیار کردہ لرننگ منجمنٹ سسٹم کے تحت تعلیم و تعلم میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ لچک، جدت پسندی اوراساتذہ کی خود مختاری لرننگ منیجمنٹ سسٹم کے بنیادی اصولوں میں شامل ہیں۔اس سسٹم کے ذریعے کالجز کے اساتذہ کو خود بھی سیکھنے اور تدریسی مواد کی تیاری سے لیکر اسائنمنٹ اور جائزہ سرگرمیوں میں لچک، جدت اور تدریس کے استعمال میں آسانیاں پیدا ہونگی۔جس سے معیاری لرننگ ممکن ہوسکے گا۔آن لائن اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے کہاکہ یونیورسٹی معیاری تعلیم وتحقیق کے حصول کے لیے الیکٹرانک اور ڈیجیٹل تمام ذرائع کااستعمال کررہی ہے۔جس کا نتیجہ لرننگ منیجمنٹ سسٹم کا قیام اور فعال انداز میں چلانا ہے۔وائس چانسلر نے کہاکہ ایفلییشن سے متعلق بہت جلد اہم فیصلے کئے جائینگے۔جس کے بعد ایفلییشن کاعمل آسان ہونے سمیت سکولوں اور کالجز کو مزید آسانیاں پید اہونگی۔وائس چانسلر نے ایل ایم ایس سسٹم میں مزید بہتری لانے کے لیے کمیٹی قائم کی۔جس میں ڈگری کالج فاروومن کی پرنسپل،ڈگری کالج فاربوائز کے پرنسپل کوبھی شامل کیا۔جو ایل ایم ایس میں مزید بہتری کے لیے اقدامات اٹھائینگے۔وائس چانسلر نے عید کی چھٹیوں کے بعد فیکلٹی ٹریننگ ورکشاپ منعقد کرانے کا بھی اعلان کیا۔جس میں کالجز کے اساتذہ سمیت یونیورسٹی کی فیکلٹی کو ایل ایم ایس سسٹم کے حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی۔

علاقائی پریس قومی میڈیا کا ایک اہم اور مؤثر حصہ ہے،اخبارات کی تصدیق کے عمل کا بنیادی مقصد ملک میں حقیقی صحافت کا فروغ ہے، عمل اشتہارات کے شفاف اجراء اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے میں ممد و معاون ثابت ہو گا،تصدیق کے عمل کے حوالے سے کو ئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے،یہ عمل علاقائی صحافت کو تقویت بخشے گا، سینیٹر شبلی فراز کا بیان

 اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ علاقائی پریس قومی میڈیا کا ایک اہم اور مؤثر حصہ ہے،اخبارات کی تصدیق کے عمل کا بنیادی مقصد ملک میں حقیقی صحافت کا فروغ ہے، عمل اشتہارات کے شفاف اجراء اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے میں ممد و معاون ثابت ہو گا،تصدیق کے عمل کے حوالے سے کو ئی غلط فہمی
نہیں ہونی چاہئے،یہ عمل علاقائی صحافت کو تقویت بخشے گا۔ جمعرات کو وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے علاقائی پریس کے حوالے سے اپنے بیان میں کہاکہ علاقائی پریس قومی میڈیا کا ایک اہم اور مؤثر حصہ ہے،آزادی اظہار رائے کے بنیادی،آئینی اور جمہوری حق پر کامل یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت علاقائی اخبارات کی ترقی کی خواہاں ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ حکومت تمام علاقائی زبانوں کی ترویج،صحافت کے فروغ اور ادب کی ترقی کیلئے پر عز م ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں آزاد اور ذمہ دار انہ صحافت کے فروغ کیلئے سہولتیں فراہم کرتے رہیں گے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ اخبارات کی تصدیق کے عمل کا بنیادی مقصد ملک میں حقیقی صحافت کا فروغ ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ یہ عمل نمائندہ میڈیا تنظیموں اور دیگر متعلقہ فریقین کی مشاورت اور تعاون سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہاکہ یہ عمل اشتہارات کے شفاف اجراء اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے میں ممد و معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ تصدیق کے عمل کے حوالے سے کو ئی غلط فہمی نہیں ہونی چاہئے،یہ عمل علاقائی صحافت کو تقویت بخشے گا۔ 

ٹیلی سکول کیلئے خصوصی ایس ایم ایس سروس 8228 متعارف

اسلام آباد(سی این پی)وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت نے ٹیلی سکول کیلئے خصوصی ایس ایم ایس سروس 8228 متعارف کرا دی، سروس سے ٹیلی سکول کے بہتر نتائج اور تدریسی عمل کو موثر بنانے کیلئے طلبہ اور والدین کا براہ راست فیڈ بیک حاصل ہوگا۔اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہا کورونا کی صورتحال میں وزارت تعلیم نے ہنگامی بنیادوں پر ٹیلی سکول کا آغاز کیا جو نا صرف تعلیمی اداروں کی بندش کے باعث طلبہ کیلئے تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کا ذریعہ ہے بلکہ تعلیم بالغاں اور آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی دھارے کا حصہ بنانے کا زبردست موقع ہے۔ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے ضروری ہے کہ والدین اور طلبہ کا فیڈ بیک حاصل کیا جائے جس کیلئے یہ ایس ایم ایس سروس متعارف کروائی جا رہی ہے۔ٹیلی سکول کیلئے 8228 ایس ایم سروس وزارت تعلیم، ڈیجیٹل پاکستان، پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی، نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن اور تمام ٹیلی کام کمپنیوں کے اشتراک سے شروع کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ڈیجیٹل پاکستان کی سربراہ تانیہ ادروس نے کہا پاکستان میں تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی طرف جانا ایک اہم پیشرفت ہے۔

آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کیا جائے گا

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم نے وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کرنے کی منظوری دے دی، کورونا سے معیشت کو نقصان کی وجہ سے بجٹ اہداف کم کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کیا جائے گا، وزیراعظم عمران خان نے وفاقی بجٹ 12 جون کو پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کے افسران پر دارالحکومت چھوڑنے پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ کورونا سے معیشت کو نقصان کی وجہ سے بجٹ اہداف کم کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔وزارت خزانہ کے متعلقہ افسران عید کی تعطیلات پر گھروں کو نہیں جاسکیں گے۔یاد رہے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا تھا کہ موجودہ حالات کو سامنے رکھ کر نئے بجٹ کی تیاری کر رہے ہیں،حکومت فریقین سے بات چیت کر کے ان کی تجاویز پر غور کریگی، ٹیکس وصولیوں کے نظام میں موجود خامیوں کا خاتمہ چاہتے ہیں،معیشت کو درپیش مشکلات ختم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔اس سے قبل بجٹ آؤٹ لک سے متعلق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا تھا، وزارت خزانہ میں ہونے والے اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ امور اور کورونا وبا کے اثرات پرغورکیا گیا۔مشیرخزانہ نے کہا کہ معیشت پراثرات کودیکھتے ہوئے مالیاتی ذمہ داری کامظاہرہ کرناہوگا، تمام وزارتیں اورمحکمے معیشت پراثرات کو مدنظررکھتے ہو  ئے نئے بجٹ، دستیاب وسائل کے استعمال اوراخراجات میں کمی کی تجاویز دیں۔مشیرخزانہ نے وفاقی محکموں اور وزارتوں کو اخراجات کم کرنے کیلئے ہدایت کرتے ہوئے کہا سرپلس فنڈز کورونا سے متعلق ضروریات اورسماجی تحفظ کی جانب منتقل کیا جائے گا۔

فواد چودھری کا ایک بار پھر رویت ہلال کمیٹی ختم کرنے کا مطالبہ

لاہور(سی این پی)فواد چودھری نے ایک بار پھر رویت ہلال کمیٹی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا عید الفطر 24 مئی کو ہوگی۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا رویت ہلال کمیٹی پیر کو عید کرنا چاہتی ہے، کل پریس کانفرنس میں تمام ضروری امور سامنے لاؤں گا، پریس کانفرنس میں بتاؤں گا کہ عید 24 مئی کو کیونکر بنتی ہے، یہ بھی بتاؤں گا کہ رویت ہلال کمیٹی کیوں پیر کی عید کرنا چاہتی ہے، سائنس کے جدید دور میں رویت ہلال کمیٹی کی کوئی ضرورت نہیں۔

شوگر انکوائری کمیشن کی فرانزک رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش

اسلام آباد(سی این پی)ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا نے شوگر انکوائری کمیشن کی فرانزک رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کر دی۔ واجد ضیا کی کابینہ اجلاس کو بریفنگ، رپورٹ جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہوگا۔اس سے پہلے انکوائری کمیشن چینی سبسڈی کے معاملے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزیر اسد عمر اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کمیشن کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے لیے 25 اپریل کی پہلی ڈیڈ لائن دی گئی تھی تاہم کمیشن کی استدعا پر کابینہ نے مدت میں توسیع کی، توسیع کے بعد رپورٹ مئی کے تیسرے ہفتے میں آنی تھی لیکن ایک بار پھر مزید مہلت مانگی گئی جس کے بعد انکوائری کمیشن کو جمعرات تک کی مہلت دی گئی تھی۔

ماہرین فلکیات کا نظام شمسی سے باہر نئی دنیا تخلیق ہونے کا دعوی

پیرس(سی این پی)فرانسیسی ماہرین فلکیات نے نظام شمسی سے باہر ایک سیارے کے گرد نئی دنیا تخلیق ہونے کے شواہد حاصل کرنے کا دعوی کیا ہے۔نئے ستارے اے بی آریگی کے گرد ذرات اور گیسوں کی دبیز ڈسک کیمرے کی آنکھ میں قید کی گئی ہے۔ یہ ستارہ زمین سے 520 نوری سال کی مسافت پر ہے  اور  اس کے گرد ایک بل کھاتا اسٹرکچر بھی دیکھا گیا ہے۔ماہرین فلکیات کا خیال ہے کہ اس اسٹرکچر کے گرد ایک نئی دنیا تخلیق ہو رہی ہے اور ممکنہ طورپر یہ شواہد ہیں کہ ایک ستارے کے گرد ایک نیا سیارہ وجود میں آرہا ہے۔ یہ منظر یورپین سدرن آبزرویٹری کی ٹیلی اسکوپ سے دیکھا گیا ہے۔

کرونا وائرس ویکسین،تھائی لینڈ سے بڑی خبر آگئی

بنکاک(سی این پی)تھائی لینڈ کے سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگلے سال تک کرونا وائرس کی ویکسین تیار کر لی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے ایک سینئر عہدیدار نے  بتایا کہ کرونا ویکسین کی چوہوں پر آزمائش کی گئی جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ اگلے سال تک کرونا وائرس کی ویکسین تیار کر لی جائے گی۔کرونا وائرس کے حوالے سے بنائے گئے حکومتی سینٹر کے ترجمان تویسن وسانیوتین کے مطابق ویکسین کی چوہوں پر کامیاب آزمائش کے بعد اگلے ہفتے سے بندروں پر ایم آر این اے ویکسین کی آزمائش شروع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ تھائی ویکسین اگلے برس استعمال کی جائے گی۔تھائی ویکسین نیشنل ویکسین انسٹیٹیوٹ، محکمہ میڈیکل سائنس اور چولا لون کورن یونیورسٹی کے ویکسین ریسرچ سینٹر کے ذریعے تیار کی جا رہی ہے۔ترجمان تویسن وسانیوتین کا کہنا تھا کہ چین کے بعد تھائی لینڈ پہلا ملک تھا جس نے جنوری میں کرونا وائرس کے کیس کا پتہ لگایا تھا اور اب ویکسین تیار کرنے اور اس کے استعمال کے حوالے سے تھائی لینڈ پہلا ملک بننا چاہتا ہے۔تھائی لینڈ میں اب تک کرونا وائرس کے 3034 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اموات کی تعداد 56 تک پہنچ چکی ہے۔واضح رہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے 100 سے زیادہ ویکسین تیار کی جا رہی ہیں جن میں سے کچھ کلینیکل ٹرائل سے گزر رہی ہیں لیکن عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ ماہ متنبہ کیا تھا کہ ویکسین کی تیاری میں کم از کم 12 ماہ لگیں گے۔

کورونا کے مرکز ووہان میں تمام جنگلی جانوروں کا گوشت کھانے پر پابندی عائد

 ووہان(سی این پی)عالمی وبا کورونا وائرس کے مرکز چین کے شہر ووہان میں جنگلی جانوروں کا گوشت کھانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ووہان میں سرکاری طور پر  جنگلی جانوروں کا شکار اور ان کو کھانے پر  پابندی عائد کردی گئی ہے  جو سائنسی تحقیق، وبائی امراض اور  دیگر حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ووہان میں چند روز قبل دوبارہ سے کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔یاد رہے کہ کورونا وائرس کا آغاز چین کے شہر ووہان میں قائم جنگلی جانوروں کی مارکیٹ سے ہوا تھا جہاں پر چمگادڑوں سمیت کئی جانوروں کو فروخت کیا جاتا ہے۔ جس سے یہ شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ وائرس چمگادڑوں اور چوہوں وغیرہ کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوا ہے۔بعدازاں چین کی اعلی قانون ساز کمیٹی نے چین میں تمام تر وائلڈ لائف کی تجارت اور انہیں بطور خوراک استعمال کرنے پر پابندی عائد کرنے پر غور کیا جس کے بعد ان جانوروں کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی، چین میں ان جانوروں کو ہی قاتل کورونا وائرس کے پھیلنے کا اہم سبب قرار دیا جارہا ہے۔ابھی تک یہ بات غیر تصدیق شدہ ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلنے کا اصل سبب کیا ہے۔ اس سے متعلق سائنس دانوں کی مختلف قیاس آرئیاں ہیں کہ یہ چمگادڑ، پینگولن یا اس جیسے دوسرے جانوروں سے پھیلا ہے۔سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ سارس وائرس چمگادڑوں میں ابھرا تھا، اس کے بعد یہ مشک بلا کے ذریعے سے انسانوں میں منتقل ہوا۔چین کی مارکیٹوں میں مشک بلا، چمگادڑ، سانپ، چھپکلی نما جانور اور زندہ بھیڑیے کے بچے ملتے ہیں جنہیں لوگ بطور خوراک استعمال کرتے ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی، 3 لاکھ 29 ہزار ہلاک

نیویارک(سی این پی)دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی، مرنے والوں کی تعداد 3 لاکھ 29 ہزار 782 ہو گئی، امریکا کی تمام ریاستوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی گئی، صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ملیریا کی دوا جلد بند کر دیں گے۔پوری دنیا کورونا کی لپیٹ میں، امریکا میں ایک روز میں مہلک وبا سے مزید ایک ہزار 461 افراد دم توڑ گئے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے وہ ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلوروکوئن کا استعمال ایک دو دن میں بند کردیں گے۔ انہوں نے مزید کہا پابندیوں کو ختم کر کے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، امریکا کی تمام ریاستوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی کر دی گئی۔عالمی ادارہ صحت نے ایک دن میں ایک لاکھ 6 ہزار نئے کیس سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ڈبلیو ایچ اونے کہا ہے وبائی مرض کے ساتھ طویل سفر طے کرنا ہے۔برازیل وائرس سے بری طرح متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گیا، مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 94 ہزار تک پہنچ گئی۔ برطانیہ میں 363، میکسیکو میں 334، اٹلی میں 161 اور روس میں 135 ہلاکتیں ہوئیں، بھارت میں مزید 132 اور ایران میں 64 اموات ہوئیں۔

امریکا نے ایران کے وزیرداخلہ سمیت 9 شخصیات پر پابندیاں عائد کردیں

واشنگٹن (این این آئی)امریکا نے ایران کے وزیر داخلہ سمیت 9 شخصیات پر نئی پابندیاں عاید کردی ہیں۔امریکا کے محکمہ خزانہ نے  اس ضمن میں اپنی ویب گاہ پر ایک نوٹس جاری کردیا ہے۔اس نوٹس کے مطابق امریکا نے ایران کے خلاف دباؤ برقرار رکھنے کی مہم کے تحت وزیرداخلہ عبدالرضا رحمانی فاضلی سمیت نو افراد پر پابندیاں عائد کی ہیں۔امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کے تین اداروں پر بھی پابندیاں عاید کی ہیں۔ ان میں دو جیلیں اور ایک قانون نافذ کرنے والا ادارہ ہے۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مئی 2018ء  میں جولائی 2015ء  میں ایران کے ساتھ طے شدہ جوہری سمجھوتے سے دستبردار ہوگئے تھے۔اس کے بعد سے ان کی انتظامیہ نے ایران کے خلاف سخت پابندیاں عاید کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔محکمہ خزانہ کی پابندیوں کے تحت کوئی بھی امریکی ادارہ یا فرد قدغنوں کی زد میں آنے والے ایرانی حکام اور اداروں کے ساتھ کوئی کاروباری لین دین نہیں کرسکتا ہے اور ان کے اگر امریکا میں کوئی اثاثے ہیں تو انھیں ضبط کر لیا جائے گا۔

تاریخ میں پہلی مرتبہ زوم کال کے ذریعے مجرم کوسزائے موت

  سنگاپور(این این آئی) سنگاپور میں تاریخ میں پہلی بار زوم ویڈیو کال کے ذریعے ایک مجرم کو سزائے موت سنا دی گئی۔ دی گارڈین کے مطابق کورونا وائرس کا پھیلاؤروکنے کے لیے اس مقدمے کی سماعت بھی زوم نامی ایپلی کیشن پر ویڈیو کال کی صورت میں ہوئی اور عدالت نے 37سالہ پونیتھن گنیسن نامی مجرم کو سزائے موت سنا دی۔رپورٹ کے مطابق پونیتھن ملائیشیاء کا شہری ہے جو2011ء میں ساڑھے 28کلوگرام ہیروئن سمگل کرکے سنگا پور لاتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔تب سے اس کے خلاف مقدمے کی کارروائی چل رہی تھی۔ گزشتہ سماعت پر اسے سزا سنائی جانی تھی۔کورونا وائرس کی وجہ سے یہ سماعت زوم ویڈیو کال کے ذریعے ہوئی اور سنگا پور کی سپریم کورٹ نے اسے سزائے موت سنا دی۔ 

چین نے دانستہ طورپر ووہان تجربہ کو تباہ کیا‘امریکی وزیر خارجہ

واشنگٹن (این این آئی)امریکا کی جانب سے کرونا وائرس کے پھیلاؤ میں غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر چین پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ چین نے ووہان وائرس لیبارٹری کو جان بوجھ کر تباہ کردیا تھا۔پومپیو نے مزید کہا کہ چین نے دنیا میں کروناوائرس کی وبا کو روکنے کے لیے ذمہ داری سے کام نہیں کیا ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک ٹویٹ میں چین پر الزام لگایا ہے کہ وہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کو سوچنا چاہیے کہ اس کی غیرذمہ داری نے اس وقت دنیا میں کتنی تباہی پھیلائی ہے۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ کوویڈ 19 کے نتیجے میں پوری دنیا میں بڑے پیمانے پر اموات کا ذمہ دار چین ہے اور اس کی وجہ صرف ایک ہی ہے اور وہ چین کا غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ہے۔قابل ذکر ہے کہ امریکا اور چین کے مابین کشیدگی گذشتہ کئی مہینوں سے جاری ہے۔ دونوں ملکوں میں کشیدگی اس وقت شدت اختیار کرگئی جب چین میں سامنے آنے والے کرونا وائرس نے امریکا سمیت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔