Wednesday, May 20, 2020

گلگت بلتستان کورونا اپ ڈیٹ


20 مئی 2020 - 9:45 pm
😷😷😷x😷😷😷😷😷😷😷 + 😷😷= 23
گلگت بلتستان میں آج دن کے وقت کورونا وائرس کے مزید 23 نئے مریضوں کے کیسز سامنے آگئے زیر علاج مریضوں کی تعداد 162 سے بڑھ کر 185 میں پہنچ گئی تھی جبکہ شام کو ان میں سے 12 مریض صحت یاب ہونے پر زیر علاج مریضوں کی مجموعی تعداد 173 ہو گئ ھے
آج گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے لپیٹ میں آنے والے 23 مریضوں کا تعلق مندرجہ ذیل اضلاع سے ھے
ضلع ہنزہ ---- 8 نئے مریض
ضلع استور -- 6 نئے مریض
ضلع گلگت --- 5 نئے مریض
ضلع گانچھے -- 4 نئے مریض
جبکہ آج گلگت بلتستان میں صحت یاب ہونے والے 12 نئے مریضوں کا تعلق مندرجہ ذیل اضلاع سے ھے
ضلع استور ___ 3 مریض صحت یاب
ضلع گلگت ___ 4 مریض صحت یاب
ضلع سکردو __ 2 مریض صحت یاب
ضلع دیامر ___ 3 مریض صحت یاب
شروع سے اب تک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد آج 556 سے بڑھ کر 579 میں پہنچ گئی ھے جس میں
402 ---- صحت یاب ہونے
04 ---- اموات ہوئیں
173 ---- زیر علاج مریض شامل ہیں
رپورٹ:- جہانگیر ناجی

امریکا افغانستان میں کبھی بھی جیتنے کیلئے نہیں لڑا‘ ہم افغانستان میں 19 برس سے موجود ہیں اب فوجیوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے‘ امریکی فورسز کے انخلا سے متعلق طالبان بھی دو رائے رکھتے ہیں، طالبان امریکی فورسز کا انخلا بھی چاہتے ہیں اور یہ بھی چاہتے ہیں غیر ملکی فورسز افغانستان میں ہی رہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ڈالرز سمیٹے جائیں‘امریکی صدر

واشنگٹن (این این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا افغانستان میں ابتدائی کچھ عرصے کے علاوہ کبھی بھی جیتنے کے لیے نہیں لڑا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر صدر ٹرمپ نے امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کو ہدفِ تنقید بنایا اور اخبار کے اداریے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اخبار مجھ سے چاہتا ہے کہ میں افغانستان میں بغیر سوچے
سمجھے کام نہ کروں۔ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ کوئی اس اخبار کو سمجھائے کہ ہم افغانستان میں 19 برس سے موجود ہیں اور اب وہاں فوجیوں کی تعداد میں کمی ہو رہی ہے۔امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ امریکی فورسز کے افغانستان سے انخلا سے متعلق طالبان بھی دو رائے رکھتے ہیں۔ طالبان امریکی فورسز کا انخلا بھی چاہتے ہیں اور یہ بھی چاہتے ہیں کہ غیر ملکی فورسز افغانستان میں ہی رہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ڈالرز سمیٹے جائیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم کبھی بھی افغانستان میں جیتنے کی غرض سے نہیں لڑے، اور ایک عظیم فوجی طاقت ہونے کے باوجود ہم افغانستان میں صرف پولیس فورس کا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔واضح رہے کہ وال سٹریٹ جرنل نے اپنے اداریے میں کہا تھا کہ طالبان جانتے ہیں کہ صدر ٹرمپ صدارتی انتخاب سے قبل افغانستان سے امریکی فوج واپس بلانے کے لیے بے چین ہیں تاکہ وہ اسے اپنی سفارتی فتح قرار دے سکیں۔وال سٹریٹ جرنل نے اداریے میں کہا تھا کہ طالبان جانتے ہیں کہ ٹرمپ صدارتی انتخاب سے قبل افغانستان سے امریکی فوج واپس بلانے کے لیے بے چین ہیں تاکہ وہ اسے اپنی سفارتی فتح قرار دے سکیں۔  افغانستان سے امید افزا خبر  کے عنوان سے چھپنے والے اداریے کے مطابق صدر ٹرمپ کی اس بے چینی سے طالبان فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اس امید پر معاملے کو طول دے سکتے ہیں کہ آخر کار صدر ٹرمپ لاشعوری طور پر کوئی اقدام کر بیٹھیں گے۔

یو اے ای نے کرونا وائرس کا سراغ لگانے کے لیے تیز رفتار لیزرآلہ تیارکرلیا،یہ نیا آلہ صارف دوست ہے،ضرررساں نہیں اور کم لاگت ہے‘ اس ٹیسٹنگ ڈیوائس کو اسپتالوں اور عوامی مقامات،دونوں جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے،ہمیں فخر ہے کہ اب ہم ایک ایسی ٹیکنالوجی ملاحظہ کریں گے جس کے ذریعے ہمیں اپنے لوگوں کو بہتر تحفظ مہیا کرنے میں مددملے گی‘اماراتی وزیر صحت

دبئی (این این آئی)متحدہ عرب امارات نے خون کے خلیوں میں کرونا وائرس کی موجودگی کا سراغ لگانے کے لیے تیز رفتار لیزر ٹیکنالوجی ایجاد کرلی ہے۔یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق یہ نیا لیزر آلہ کوانٹ لیز امیجنگ لیبارٹری نے تیار کیا ہے۔اس کے ذریعے خون کے خلیوں میں دخول کرنے والے کرونا وائرس کا تیزی سے اور بیک وقت بڑی تعداد میں سراغ لگایا جاسکے گا اور اس کے نتائج چند سیکنڈز میں دستیاب ہوں گے۔اس سے یو اے ای میں کرونا وائرس کے ٹیسٹوں کا دائرہ کار پھیلانے میں مدد ملے گی۔وام نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ محققین وائرس سے متاثرہ خون کے خلیوں میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کا مطالعہ کررہے ہیں۔یہ نیا آلہ وائرس سے متاثر ہونے والے خون کے خلیوں کا فوری طور پر سراغ لگا سکے گا۔اس لیزر آلے کی تیاری پر کام کرنے والے محققین کی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر پرمود کمار نے کہا ہے کہ یہ نیا آلہ صارف دوست ہے،ضرررساں نہیں اور کم لاگت ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس ٹیسٹنگ ڈیوائس کو اسپتالوں اور عوامی مقامات،دونوں جگہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔ معمولی سے تربیت کے بعد اس کو گھروں میں کرونا کے ٹیسٹ اور نگرانی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ہمیں یہ یقین ہے کہ یہ لیزر آلہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کاوشوں میں اہم ایجاد ثابت ہوگا۔ریسرچروں نے اس آلے کے مؤثر ہونے کی جانچ کرنے کے لیے اس کو مرحلہ وار ٹیسٹوں میں استعمال کیا ہے۔ پھر اس کی مختلف آزمائشیں کی گئی ہیں اور یہ عمل مختلف مراحل میں کیا گیا ہے۔وام کے مطابق اس ڈیوائس کے موجدین کو امید ہے کہ یہ ڈیوائس آئندہ چند ماہ میں مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔اماراتی وزیر صحت عبدالرحمان الاویس کا کہنا ہے کہ یو اے ای نے کووِڈ-19 کے جلد اور تیزی سے سراغ لگانے کے لیے ہمیشہ ایجادات کو اپنایا ہے۔ہمیں فخر ہے کہ اب ہم ایک ایسی ٹیکنالوجی ملاحظہ کریں گے جس کے ذریعے ہمیں اپنے لوگوں کو بہتر تحفظ مہیا کرنے میں مددملے گی۔

سندھ میں کورونا کے ریکارڈ کیسز رپورٹ، وزیراعلیٰ نے صورتحال کو لمحہ فکریہ قرار دیدیا

کراچی(سی این پی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بیان میں کہنا تھا کہ سندھ میں ایک روز میں کورونا کے 1017 کیسز رپورٹ ہوئے جو اب تک کے ایک روز کے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔وزیراعلیٰ
سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے سے 1017 کیسز رپورٹ ہوئے جو 29 فروری رپورٹ ہونے والے پہلے کیس کے بعد ایک دن کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔انھوں نے بتایا کہ 24 گھنٹوں میں مزید 17 افراد انتقال کر گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کورونا کے سبب انتقال کرنے والوں کی تعداد 316 ہو گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نئے کیسز میں سے کراچی میں کورونا کے مزید 813 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سے ضلع شرقی میں 230، جنوبی میں 157 اور وسطی میں 144 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ کورنگی میں 109، ملیر میں 97 اور غربی میں 76 نئے کیسز سامنے آئے۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 18 ہزار 964 ہو گئی ہے جب کہ اب تک صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 5 ہزار 645 ہو گئی ہے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ کورونا وائرس کے باعث 24 گھنٹوں میں مزید 17 افراد انتقال کر گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کورونا کے سبب انتقال کرنے والوں کی تعداد 316 ہو گئی ہے۔انھوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 6164 نئے ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 1017 نئے کیسز سامنے آئے۔وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 18 ہزار 964 ہو گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج 904 مزید مریض صحت یاب ہوکر اپنے گھروں کو چلے گئے ہیں جس کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 5 ہزار 645 ہو گئی ہے۔وزیراعلی سندھ نے موجودہ صورت حال کو لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے آپ کو بچانے کے لیے صحیح فیصلے کرنے ہوں گے۔مراد علی شاہ نے ایک بار پھر عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو کورونا سے بچانے کے لیے بھر پورکوشش کر رہا ہوں۔انھوں نے مزید کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی ہم کورونا سے جنگ میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں، ہم نے متحد ہو کر اس عالمی وبا سے چھٹکارا پانا ہے۔

بھاشا ڈیم 2028 تک مکمل ہو گا، 30 فیصد رقم حکومت دے گی، چیئرمین واپڈا

 اسلام آباد(سی این پی)واٹر اینڈ پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا)کے چیئرمین نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں 30
فیصد رقم حکومت دے گی اور یہ منصوبہ 2028 تک مکمل ہوجائے  گا۔اپنے ایک بیان میں چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے کہا کہ پانی کیساتھ پاکستان کی توانائی اور فوڈ سیکیورٹی جڑی ہوئی ہے، بھارت پاکستان میں پانی کی صورتحال گھمبیر بنا رہا ہے۔چیئرمین واپڈا نے کہا کہ پانی کیساتھ پاکستان کی توانائی اور فوڈ سیکیورٹی جڑی ہوئی ہے اور اس وقت پاکستان اپنی ضرورت کا صرف 10 فیصد پانی ذخیرہ کر پاتا ہے لہذا دیامر بھاشا اور دیگرمنصوبوں کی مدد سے پانی ذخیرہ کی سہولت دگنا کریں گے۔چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ واپڈا 9ہزار 400 میگاواٹ پن بجلی پیدا کر رہا ہے اور اسے 14ہزار میگاواٹ تک بڑھائیں گے۔انھوں نے بتایا کہ  دیامر بھاشاپن بجلی کے لیے مجموعی طو ر پر 1400 ارب روپے خرچ ہوں گے جس میں سے 30فیصد فنڈنگ حکومت کرے گی جب کہ باقی رقم بانڈز سمیت دیگر ذرائع سے حاصل کی جائے گی۔

کرونا وائرس سے عالمی تعاون کو بھی خطرہ لا حق ہو گیا

جنیوا(سی این پی) کرونا وائرس سے عالمی تعاون کو بھی خطرہ لا حق ہو گیا، ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس نے دنیا کی بنیادیں ہلا دی ہیں۔تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے عالمی رابطوں اور تعاون کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے، کرونا نے ہم سے معمول کی زندگی اور روزگار بھی چھین لیا۔ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ہماری توجہ دستیاب وسائل کے ساتھ کرونا کے خلاف جنگ پر ہے، اس عالمگیر وبا سے نمٹنے کے لیے مختلف ممالک کو ادارے کی جانب سے مدد فراہم کی جاتی رہے گی۔گزشتہ ماہ ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس نے میڈیا بریفنگ میں کرونا وبا کی تباہی کو کسی دہشت گرد حملے سے زیادہ شدید قرار دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ وائرس کے باعث بڑے پیمانے پر سیاسی سماجی اور معاشی تبدیلیاں ہوں گی، اس لیے کرونا کے خلاف عالمی سطح پر اتحاد ضروری ہے اور نسل انسانی کو کرونا کو شکست دینے کے لیے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔واضح رہے کہ کرونا وائرس کی عالمگیر وبا سے دنیا بھر کے 213 ممالک میں اب تک 3 لاکھ 24 ہزار 960 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ وائرس 49 لاکھ 89 ہزار انسانوں کو متاثر کر چکا ہے۔

گھر سے مستقل کام کرنے سے ذہنی صحت خراب ہونے کا خدشہ

واشنگٹن(سی این پی)عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں لاک ڈاؤن اور جزوی کرفیو کے پیشِ نظر تمام تر ادارے اور دفاتر بند ہیں اور  ملازمین گھرو ں سے کام کرنے پر مجبور ہیں۔گھروں سے کام کرنے کی وجہ سے ملازمین کو بے شمار مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جب کہ اس سے سائبر سیکیورٹی کے خدشات بھی لاحق ہیں۔اس تمام تر صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے حال ہی میں مائیکروسافٹ بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ اگر ان کے ملازمین چاہیں تو وہ گھروں سے مستقل کام کر سکتے ہیں جب کہ فیس بک اور گوگل نے بھی گھروں سے کام کرنے کی پالیسی میں 7 ماہ کا اضافہ کیا ہے۔اس ضمن میں مائیکرو سافٹ کے سربراہ ستیا ندیلا کا کہنا ہے کہ گھر سے کام کو مستقل کرنے سے معاشرتی روابط اور ملازمین کی ذہنی صحت خرابی ہو سکتی ہے جب کہ ورچوئل کانفرنسز  ذاتی حیثیت سے ہونے والی ملاقاتوں کی جگہ نہیں لے سکتیں۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ جو دفتر کے روایتی ماحول اور کام کرنے کے عادی ہیں، اچانک گھر سے کام کرنے سے ان کی ذہنی صحت میں خرابی اور  یہ تنہائی کا شکار ہو سکتے ہیں۔کورونا وائرس کے پھیلا ؤکی وجہ سے دنیا بھر کی کمپنیوں نے حفاظتی اقدام کے طور پر گھر سے ہی کام کو لازمی قرار دے دیا تھا لیکن مائیکرو سافٹ کے سی ای او ستیا ندیلا کے مطابق یہ قدم ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اچھا نہیں ہے۔

متحدہ عرب امارات کا مریخ پر پہلا مشن بھیجنے کا اعلان

دبئی (سی این پی) متحدہ عرب امارات کی جانب سے مریخ پر اپنا پہلا مشن بھیجنے کا اعلان کیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات 15 جولائی کو  پہلی مرتبہ مریخ پر مشن جاپان کے ٹینیگشیما جزیرے سے خلا میں روانہ ہوگا۔اس ضمن میں مٹسوبشی ہیوی انڈسٹری (ایم آئی ایچ)کمپنی کی جانب سے پیر کو تاریخ کا اعلان کیا گیا۔گزشتہ ماہ اس حوالے سے جاپان میں وبائی مرض کووڈ-19 کی وجہ سے ہونے والی سفری پابندیوں کے باوجود بھی اس پر تحقیقات کی گئیں۔مشن 49 کروڑ 50 لاکھ کلو میٹر کا فاصلہ طے کر کے سرخ سیارے کے مدار میں پہنچے گا۔گزشتہ سال ستمبر میں متحدہ عرب امارات نے اپنے پہلے خلا نورد 'ہزارہ المنصوری' کو بھیجا تھا۔واضح رہے کہ یہ مریخ پر کسی عرب ملک کی جانب سے بھیجا جانے والا پہلا مشن ہو گا اور اگر یہ کامیاب ہوتا ہے تو یہ متحدہ عرب امارات کی خلائی صنعت کو نئی بلندیوں پر لے جائے گا۔

کورونا سے متعلق ڈیٹا میں ہیرا پھیری سے انکار پر سائنسدان نوکری سے برطرف

 فلوریڈا (سی این پی)امریکی ریاست فلوریڈا میں کورونا سے متعلق ڈیٹا پورٹل بنانے والی سائنسدان کو اعدادو شمار میں ہیرا پھیری سے انکار  پر محکمہ صحت سے برطرف کردیا۔سائنسدان ربیکا جونز نے امریکی نیوزنیٹ ورک کو کی گئی ای میل میں بتایا کہ انہوں نے اکیلے دو زبانوں میں الگ الگ ایپلی کیشنز تیار کیں جن میں 6 منفرد نقشوں کے ذریعے 5 لاکھ افراد کا ڈیٹا یکجا کیا۔انہوں نے بتایا کہ ڈیٹا یکجا کا  مقصد فلوریڈا کے لوگوں اور تحقیق کاروں کو کورونا کی حقیقی صورتحال  بتانا تھا۔ان کا کہنا تھاکہ اس کے لیے انہوں نے بلامعاوضہ دوماہ تک 16 سولہ گھنٹے کام کیا، اس کے باوجود صرف ڈیٹا میں تبدیلی سے انکار پر انہیں فلوریڈا کے محکمہ صحت میں گرافک انفارمیشن سسٹم منیجر کے عہدے سے فارغ کردیا گیا۔ربیکاجونز نے تحقیق کاروں کو خبردارکیاکہ وہ ان کے پورٹل سے ڈیٹا لینے میں احتیاط کریں کیونکہ اس میں متوقع طورپر تبدیلیاں کردی جائیں گی۔

دوسال کی عمر میں اغوا کیا جانے والا بچہ 32 سال بعد والدین کو مل گیا

بیجنگ(سی این پی)چین میں ایک ہوٹل کے باہر سے اغوا کیا جانے والا بچہ بالآخر 32 سال بعد والدین کو مل گیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 32 سال قبل 1988 میں چینی بچے ما ین کو ایک ہوٹل کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا اور اس وقت اس کی عمر 2 برس تھی، اغوا کیے جانے کے بعد اس لڑکے کو ایک بے اولاد جوڑے کو فروخت کردیا گیا تھا جس نے اس کی اپنی اولاد کی طرح پرورش کی۔پولیس کو رواں ماہ اپریل میں مغوی کے حوالے سے کچھ اطلاعات موصول ہوئیں کہ چینی صوبے سیچوان سے تعلق رکھنے والا ایک شخص 1988 میں ایک بچہ لے کر آیا تھا جس پر پولیس نے تحقیقات شروع کیں۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پہلے مغوی کو بازیاب کیا اور تصدیق کی کہ اسی بچے کو ہوٹل کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا۔پولیس نے 32 سال قبل اغوا کیے جانے والے اس لڑکے کو اس کے حقیقی والدین تک پہنچانے کے لیے چہرہ شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی اور ڈی این اے کا سہارا لیا۔پولیس کے مطابق مغوی کی بچپن کی تصاویر جمع کی گئیں اور والدین کی تلاش کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس سے مدد لی جس کے بعد پولیس نے اس 34 سالہ مغوی کو اس کے والدین کے حوالے کیا جنہوں نے اپنے بچے کی تلاش کے لیے دن رات محنت کی۔مغوی بیٹے سے برسوں بعد ملاقات کے بعد ماں باپ آبدیدہ ہوگئے، اس موقع پر ماں کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کی تلاش کے لیے نوکری چھوڑی دی اور حکام کو ایک لاکھ سے زائد خطوط بھیجے جب کہ کئی مرتبہ متعدد ٹی وی چینلز پر اپنے بچے کی واپسی کے لیے اپیل کی۔

سعودی عرب میں کوڑے مارنے کی سزا باضابطہ طور پر ختم

ریاض(سی این پی)سعودی عرب میں کوڑے مارنے کی سزا کو باضابطہ ختم کردیا گیا۔سعودی عرب کی وزارتِ انصاف نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ اب کوڑوں کے متبادل کے طور پر جیل یا جرمانے یا دونوں سزائیں دی جائیں گی، عدالتیں مقدمات کی سماعت کریں گی، ان کا جائزہ لیں گی اور ہر مقدمے کا اس کی نوعیت کے اعتبار سے منصفانہ فیصلہ کریں گی۔میڈیا رپورٹ  کے مطابق اس ضمن میں سعودی عرب کے وزیر انصاف ولید السمعانی نے  گزشتہ روز  تمام عدالتوں کو ایک سرکلر جاری کیا جس میں عدالت عظمی کے اس فیصلے سے آگاہ کیا گیا ہے کہ عدالتوں کو تعزیر کے طور پر اب کوڑے لگانے کی سزا دینے کے بجائے قید یا جرمانہ یا دونوں سزائیں دینا ہوں گی۔واضح رہے کہ سعودی عرب کی عدالتِ عظمی نے اپریل میں ماتحت عدالتوں کے نظام میں ایک شاہی فرمان کے تحت کوڑوں کی سزا ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے عدالتِ عظمی کے جنرل کمیشن نے عدالتوں کے لیے رہنما اصولوں پر مبنی ایک ہدایت نامہ جاری کیا تھا۔سعودی عرب میں مختلف قسم کے جرائم پرکوڑے مارنے کی سزا دی جاتی تھی جب کہ دیگر جسمانی سزا، جس میں چوری کے جرم میں ہاتھ کاٹنے، سزائے موت یا قتل اور دہشت گردی کے جرم میں سر قلم کرنے کی سزائیں ہیں تاہم اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

کورونا کے باعث 6 کروڑ افراد انتہائی غربت کا شکار ہوسکتے ہیں،عالمی بینک کا انتباہ

واشنگٹن(سی این پی)عالمی بینک نے متنبہ کیا ہے کہ عالمگیر وبا کورونا سے دنیا بھر میں 6 کروڑ  افراد انتہائی غربت کا شکار ہوسکتے ہیں۔میڈیاکی رپورٹ کے مطابق عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ میلپاس کا کہنا ہے کہ پوری دنیا کو اس وقت
عالمگیر وبا کا سامنا ہے جس کے باعث توقع کی جاتی ہے کہ امسال عالمی معاشی شرح نمو 5 فیصد کم ہوجائے گی۔عالمی بینک کے صدر کا کہنا تھا کہ مہلک کورونا وائرس کے باعث پہلے ہی لاکھوں افراد کی اموات ہوچکی ہیں، لاکھوں افراد بے روزگار اور اپنے کاروبار میں نقصان اٹھا چکے ہیں جب کہ صحت کے نظام کو چیلنجز کا سامنا ہے۔عالمی بینک کے صدر  نے  کہا کہ اس صورتحال میں ہمارے تخمینے کے مطابق کورونا وائرس جلد ہی 6 کروڑ افراد کو انتہائی غربت میں دھکیل دے گا جو گزشتہ تین سالوں میں غربت کے خاتمے کے لیے ہونے والی تمام پیشرفت کو پس پشت ڈال دے گا۔واضح ہے عالمی بینک نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف)کے ساتھ مل کر ایک اسکیم پر کام کیا تاکہ غریب ممالک کو اس سال کے آخر تک جی 20 ممبروں کو دیے گئے قرضوں کی ادائیگی پر قرض سے نجات کی درخواست کی جاسکے۔

چینی سکینڈل کی تحقیقات،, ایف آئی اے نے سکینڈل کا فرانزک آڈٹ مکمل

 اسلام آباد (اے ایف بی)چینی سکینڈل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت,  ایف آئی اے نے سکینڈل کا فرانزک آڈٹ مکمل کر لیا، رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ شوگر ملز مالکان نے چینی بنانے کے ساتھ ساتھ گنے سے بننے والی دیگر پروڈکٹ سے اربوں روپے کمائے. کسی بھی سکینڈل کی تحقیقات میں پہلی بار فرانزک آڈٹ، رپورٹ میں بڑے انکشافات، شوگر مل مالکان
نے گنے سے بننے والی دیگر پروڈکٹس بگاس، پھوک، شیرا اور گار سے بھی اربوں روپے کمائے، جن کی فروخت کا ریکارڈ بھی غائب،اربوں کا ٹیکسں بھی بچایا گیا۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ شوگر کے کاروبار میں چیک اینڈ بیلنس کا کوئی نظام نہیں،  فرانزک آڈٹ کے دوران شوگر ملزمالکان کی جانب سے مختلف بینکوں میں ٹرپل اینٹریزکا بھی انکشاف ہوا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سبسڈی دینے کی کوئی ضرورت ہی نہیں تھی، شوگر ملز مالکان پہلے ہی کسانوں کا استحصال کرتے ہیں۔ کئی کئی سال ادائیگی نہیں کرتے۔آئندہ چند روز میں رپورٹ وزیر اعظم کو بھی بھجوا دی جائے گی۔

صدرمملکت عارف علوی بھیس بدل کر رس ملائی لینے چلے گئے

صدرمملکت عارف علوی بھیس بدل کر رس ملائی لینے چلے گئے
اسلام آباد (اے ایف بی) اسلام آباد کی مقامی مٹھائی کی دکان میں ٹوپی اور ماسک پہنے رس ملائی لینے کیلئے ایک شخص سماجی فاصلے کی پاسداری اور اپنی باری کے انتظار میں ٓادھا گھنٹہ قطار میں گزار دیتا ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج آنے پر
صدرمملکت عارف علوی بھیس بدل کر رس ملائی لینے چلے گئے
پتہ چلتا ہے کہ یہ کوئی اور شخص نہیں بلکہ مملکت خداد اد پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر عارف علوی ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عارف علوی کے بیٹے عواب علوی نے گزشتہ دنوں نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا کی مشہور ہونے والی کیفے میں انتظار کرنے کا واقعہ پر رد عمل دیتے ہوئے اپنے والد کی بھی اسٹوری شیئر کی۔عواب علی کا کہنا تھا کہ اْن کے والد جمعے کے روز  بغیر کسی پروٹوکول کے رس ملائی لینے پہنچے تھے، جہاں انہیں عام شہری سمجھا گیا اور آس پاس کے لوگ پہچاننے سے قاصر رہے۔بعد ازاں مقامی مٹھائی کی دکان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر سی سی ٹی وی فوٹیج شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ماسک میں چہرہ چھپائے ڈاکٹر عارف علوی رس ملائی کیلئے دکان میں داخل ہوتے ہیں اور لائن میں لگ جاتے ہیں۔اس کے بعد وہ باری آنے پر آرڈر دیتے ہیں اور پیچھے جاکر ایک فاصلے پر کھڑے ہوجاتے ہیں تاکہ سیلزمین باقی گاہکوں کو ڈیل کرسکیں اور پھر اپنا سامان لے کر واپسی کی راہ لیتے ہیں۔ یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ آس پاس کھڑے دیگر کسٹمرز بھی صدر مملکت کو پہچاننے سے قاصر رہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دکان مالکان  نے صدر عارف علوی کی ویڈیو شئیر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لئے حیران کن تھا کہ ہم نے صدر پاکستان کو بطور ایک عام گاہک ریسیو کیا۔

او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا نیا ڈومیسائل قانون مسترد کر دیا، مقبوضہ کشمیر کے عوام کواپنے وطن کے اندر اقلیت میں تبدیل کرنے کی مذموم کوششیں انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے،اقوام متحدہ اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے بین الاقوامی تنازعہ کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں، او آئی سی ہیومن رائٹس کمیشن

جدہ (اے ایف بی)اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی)کے  ہیومن رائٹس کمیشن (آئی پی ایچ آر سی)نے ہندوستانی حکومت کے متنازع ڈومیسائل قانون جموں و کشمیر گرانٹ آف ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کو  مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور ددیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے بین الاقوامی تنازعہ کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں،  او آئی سی  ہیومن رائٹس کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب پوری دنیا موذی وباء کورونا وائرس سے نبرد آزما ہے تو بھارتی حکومت نے  اس موقع پر  مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کی آبادیاتی ساخت کو غیر قانونی طور پر تبدیل کرنے کے لئے متنازع اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈومیسائل قانون نافذ کیا تاہم، ماضی کی طرح، کشمیری
عوام نے اس قانون کی سختی سے ایک اور غیر قانونی اقدام کی مذمت کی ہے اور بھارتی قبضے کے ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔او آئی سی کے ہیومن رائٹس کمیشن کی طرف سے ظاہر کیے جانے والے اس سے پہلے کے خدشات حقیقی ثابت ہورہے ہیں کیونکہ ہندوستانی حکومت کی جانب سے کئے گئے سلسلہ وار اقدامات کو جبری آبادیاتی تبدیلی کے ذریعے منظم طریقے سے 'آبادکاری استعمار' کی راہ ہموار کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے، جس سے مذہب تبدیل ہو کر مقامی آبادی پر تسلط کے نظام کو ادارہ بنا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کواپنے وطن کے اندر اقلیت میں  تبدیل کرنے کی مذموم کوششیں  انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے جس کی ضمانت بین الاقوامی انسانی حقوق کے متعدد معاہدوں کے تحت حاصل کی گئی ہے جس میں چوتھے جنیوا کنونشن کے آرٹیکل 27 اور 49 شامل ہیں، جو تنازعہ والے علاقوں یا متنازعہ علاقے میں آبادی کی غیر قانونی منتقلی کو واضح طور پر غیر قانونی قرار دیتے ہیں۔ او آئی سی ہیومن رائٹس کمیشن  نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ بھارتی حکومت کے حالیہ غیر قانونی اقدامات سے   مقبوضہ علاقے کی آبادیاتی آبادی اور اس کے نتیجے میں حق رائے دہی کو تبدیل کئے جانے کا اندیشہ ہے،تنازعہ کشمیر میں ہزاروں بے گناہ کشمیری بھارتی افواج کے ہاتھوں شہید کئے جا چکے ہیں او آئی سی کے ہیومن رائٹس کمیشن نے متنازع ڈومیسائل قانون  پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگست 2019سے، ہندوستانی حکومت، اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے دیگر اداروں کی طرف سے وسیع پیمانے پر عالمی مذمت کے باوجود، مقبوضہ جموں و کشمیرمیں شیطانی سیاسی، معاشی اور مواصلاتی ناکہ بندی کے ذریعے کشمیری مسلمانوں پر منظم ظلم و ستم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔، تاہم، ساڑھے پانچ لاکھ سے زیادہ سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے باوجود، ہندوستانی حکومت کشمیریوں کی حق خودارادیت کے لئے جائز جدوجہد کو ناکام بنانے میں ناکام رہی ہے۔ آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ  جیسے کالے  قوانین بے گناہ کشمیریوں کے انسانی حقوق پامال کرنے کے لئے بھارتی سیکیورٹی فورسز کو مکمل تحفظ فراہم کرتے ہیں۔ کشمیریوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق کی عدم فراہمی نہ صرف  بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین  کے منافی ہیں بلکہ ہندوستان کی انسانی حقوق کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی بھی خلاف ورزی بھی  ہے۔ او آئی سی ہیومن  رائٹس کمیشن نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت پر مقبوضہ کشمیر  میں استصواب رائے کرانے، کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کیلئے،  مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کیلئے، مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ختم کرنے، مقبوضہ کشمیر کی بین الاقوامی قوانین کے تحت آئینی حیثیت بحال کرنے، مقبوضہ کشمیر میں امتیازی قوانین کے خاتمے    کے لئے  بھارت پر دباؤ ڈالتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں۔

اکتیس جولائی تک حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں میں جھاڑو پھر جائے گا، شیخ رشید

 اسلام آباد(اے ایف بی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر سیاسی پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 31 جولائی تک حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں میں جھاڑو پھر جائے گا۔ چینی، آٹے اور آئی پی پیز والے سب عوام کے سامنے
پیش ہوں گے۔ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی ریلوے سٹیشن پر ٹرینوں کی آمدورفت کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرین آپریشن جزوی طور پر بحال ہو گیا ہے۔ تاہم آن لائن ٹکٹ میں خامیاں ہیں جسے دور کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ملتان، سکھر، کراچی، کوئٹہ، پشاور اور راولپنڈی سے ٹرینیں چلی ہیں۔ پوری کوشش ہے کہ ایس او پیز پر عمل ہو۔ پوری دنیا میں 70 فیصد مسافروں کے ساتھ فاصلہ رکھا گیا ہے، ہم نے 60 فیصد مسافروں کے ساتھ فاصلہ رکھا۔زیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے صرف صرف ٹی وی پر اعتراض کیا۔ خسارہ تو ہوگا مگر ریلوے عوام کی ہے، ان کی خدمت کرنی ہے، ہم نے آڑھت نہیں کرنی۔شیخ رشید نے سیاسی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ 31 جولائی تک بہت سی تحقیقات ہوں گی، جھاڑو پھرے گا۔ شہباز شریف ٹارزن بنا ہوا ہے، اس کو پتا ہے میرا نام ای سی ایل میں آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی، آٹے اور آئی پی پیز والے سب عوام کے سامنے پیش ہوں گے۔

او آئی سی انسانی حقوق کمیشن کی طرف سے ڈومیسائل قوانین کو مسترد کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ صد رآزاد کشمیر

مظفرآباد (اے ایف بی)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے اسلامی تعاون تنظیم کے مستقل انسانی حقوق کمیشن کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کی مذمت کرنے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک طویل عرصے سے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کی قرار دادوں کو حقارت سے ٹھکراتا آیا ہے اب وقت آ گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری خاص طور پر اسلامی دنیابھارت کے ساتھ اپنی سفارتی اور اقتصادی تعلقات پر نظر ثانی کرے اور بھارت کو یہ پیغام دے کہ کشمیر اور بھارت کے مسلمان شہریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کو اب مذید برداشت نہیں کیا جائے گا۔بدھ کے روز اسلامی تعاون تنظیم کے مستقل انسانی حقو ق کے کمیشن کی طرف سے مقبوضہ
کشمیر سے متعلق نئے ڈومیسائل قوانین کو مسترد کرنے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم نے ان قوانین کو مسترد کرنے کا فیصلہ کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حقیقی جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ نریندر مودی کی سربراہی میں قائم بی جے پی کی حکومت ہندو توا نظریہ کو آگے بڑھانے کے لیے اور کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لیے ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی کا منصوبہ لے کر آئے ہیں جس کا مقصد بالکل واضح ہے۔ صدرآزاد کشمیر نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں نے ڈومیسائل قوانین کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی ہندووں کو آباد کر کے اپنے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کے لیے مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ اور کشمیریوں کا یہ مصمم ارادہ اور عزم ہے کہ وہ بھارت کے ان نا پاک منصوبوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ اس وقت جب پوری دنیا کرونا وائرس کی وبا سے لڑنے میں مصروف ہے بھارت اس موقع سے فائدہ اْٹھا کر کشمیریوں کی نسل کشی میں اور قوانین تبدیل کر کے کشمیریوں پر اپنے نا جائز اور غیر قانونی قبضہ کو دوام بخشنے کی کوشش میں مصروف ہے جو ایک شرمنا ک عمل ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں اْنہیں عسکریت پسند قرار دے کر شہید کیا جا رہا ہے۔ صدر سردار مسعود خا ن نواکدل سرینگر میں بھارتی قابض فوج کے ساتھ دلیرانہ مقابلہ کرتے ہوئے شہادت پانے والے جنید صحرائی اور اْن کے ساتھی طارق احمد کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید جنید صحرائی اور لاکھوں شہداء   کا خون رائیگان نہیں جائے گا۔ اْنہوں نے کہا کہ کشمیر کے لاکھوں شہیدوں کی عظیم قربانیوں کے نتیجہ میں مسئلہ کشمیر اس وقت پوری دنیا میں اْجاگر ہو رہا ہے۔ اور انشاء   اللہ وہ قت دور نہیں جب ان قربانیوں کے صدقے بھارت کو کشمیر چھوڑ کر جانا ہو گا اور کشمیریوں کو آزادی دینی ہو گی۔ صدر آزاد کشمیر نے آزاد ی و حریت کے مشن کی تکمیل کے لیے اپنی جان کی قربانی دینے والے جنید صحرائی کے والدین اور عزیز و اقارب سے بھی اس عظیم نقصان پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ 

سٹیزن پورٹل سے شہری غیر مطمئن، وزیر اعظم کی ہدایت پر 1 لاکھ 6ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ،پنجاب سے 17,661، سندھ سے 3,256 شکایات کھلیں گی، خیبر پختون خوا سے 5,346شکایات دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

اسلام آباد(اے ایف بی)پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایات کے حل کے سلسلے میں شہریوں کے عدم اطمینان کے پیش نظر وزیر اعظم عمران خان نے شکایات سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹیزن پورٹل پر اداروں کی جانب سے شکایات میں کوتاہی برتنے کے معاملے پر وزیر اعظم آفس نے نوٹس لے لیا ہے شہریوں کی جانب سے  شکایات کے حل پر غیر مطمئن  ہونے کی صورتحال سامنے آنے پر وزیر اعظم کی جانب سے اس صورت حال پر اظہار برہمی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کے خلاف شکایات پر تحقیقات کا حکم جاری کر دیاہے،نجی ٹی وی کے مطابق  شہریوں کی شکایات پر متعلقہ اداروں کے بیانات میں تضاد پایا گیا، جس پر وزیر اعظم کی ہدایت پر 1 لاکھ 6ہزار شکایات کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اس سلسلے میں یکم جنوری سے 30 اپریل تک حل کی جانے والی شکایات کو مرحلہ وار کھولا جائے گا، وزیر اعظم آفس کے مطابق شہریوں کی شکایات کے حل سے متعلق اداروں نے غلط بیانی کی، شہری اداروں کی جانب سے شکایات کے حل پر مطمئن نہیں تھے، شکایات کو دوبارہ کھول کر ان کا میرٹ پر حل یقینی بنایا جائے گا، پنجاب سے 17,661، سندھ سے 3,256 شکایات کھلیں گی، خیبر پختون خوا سے 5,346شکایات دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاق سے 12,340جب کہ بلوچستان سے 482 شکایات دوبارہ کھولی جائیں گی

ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث مزید 50 افراد جاں بحق‘ اموات کی تعداد 986 تک جا پہنچی،24گھنٹوں کے دوران تقریباََ 2 ہزار نئے کیسز سامنے آئے، مجموعی تعداد 45 ہزار 776 ہو گئی ہیں، دیگر صوبوں میں بھی حالات زیادہ مختلف نہیں

اسلام آباد (اے ایف بی) ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث مزید 50 افراد جاں بحق ہو گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران تقریباََ دو ہزار کیسز سامنے آئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں مجموعی طور پر کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 986 ہو گئی ہے جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 45 ہزار776ہو گئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں 26 ہزار 685کیسز جبکہ اموات 290 ہو چکی ہیں، دیگر صوبوں میں بھی حالات زیادہ مختلف نہیں صوبہ سندھ میں 17 ہزار 947 کیسز جبکہ 299 اموات ہوئیں۔خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 554 کیسزسامنے آچکے جبکہ 345 افراد جاں بحق ہوئے۔ بلوچستان میں کیسز کی تعداد 2885، اموات 38، گلگت بلتستان میں کیسز 556،اموات 4 ہو چکی ہیں۔ دارلحکومت اسلام آباد میں 1034 کیس سامنے آئے، جبکہ 9 افراد جاں بحق،آزاد کشمیر میں 115 جبکہ ایک شخص اس مہلک وبا کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔دوسری جانب دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد49 لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد تین لاکھ 20ہزار سے زائد ہوگئی۔مختلف ممالک میں کورونا وائرس مسلسل پھیل رہا ہے اور اس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی مصدقہ تعداد4,894,278 سے زائد ہوچکی ہے۔ ان میں سے سب سے زیادہ متاثرین امریکہ میں موجود ہیں۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک مجموعی طور پر 320,189افراد کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں۔ امریکہ میں مہلک کورونا وائرس سے اب تک 92 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ امریکہ میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 1550292ہوگئی ہے۔

کورونا وبا کے تناظر میں آنے والے وقت کی مکمل منصوبہ بندی کررہے ہیں تاکہ حالات کا مقابلہ کیا جا سکے،پاکستان تحریک انصاف قومی اداروں کو مضبوط اور فعال بنانے کے لیے پرعزم ہے اس ضمن میں وزارت پارلیمانی امور کا کلیدی کردار ہے،سکوک بانڈز پر عالمی برادری اور سرمایہ کاروں کا مثبت ردعمل موجودہ حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے، وزیر اعظم عمران خان کی گفتگو

اسلام آباد(اے ایف بی)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  ہمارے لیے فیڈریشن سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے،کورونا وبا کے تناظر میں آنے والے وقت کی مکمل منصوبہ بندی کررہے ہیں تاکہ حالات کا مقابلہ کیا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے،پاکستان تحریک انصاف قومی اداروں کو مضبوط اور فعال بنانے کے لیے پرعزم ہے اس ضمن
میں وزارت پارلیمانی امور کا کلیدی کردار ہے،سکوک بانڈز پر عالمی برادری اور سرمایہ کاروں کا مثبت ردعمل موجودہ حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے، وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو  مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان سے ملاقات کے دوران کیا،  وزیر اعظم  نے مشیر برائے پارلیمانی امور کو سینٹ کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی  اس موقع پر ڈاکٹر بابر اعوان نے وزیر اعظم کو  پارلیمنٹ میں موجود نوجوان پارلیمنٹیریئنز کی تربیت سازی کا منصوبہ پیش کیا وزیر اعظم کو آگاہ کیا گیا کہ اس تربیت کا مقصد نوجوان پارلیمنٹیریئنز میں قانون سازی کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ قانون سازی اور پارلیمنٹ میں موثر اور بامعنی کردار ادا کر سکیں، یہ تربیت تمام جماعتوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو فراہم کرنے کا منصوبہ ہے، وزیر اعظم نے نوجوان پارلیمنٹیریئنز کی قانون سازی کے شعبے میں تربیت کے منصوبے کو سراہتے ہوئے اپنی گفتگو میں کہا کہ    ہمارے لیے فیڈریشن سب سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے پی ٹی آئی  قومی اداروں کو مضبوط اور فعال بنانے کے لیے پرعزم ہے اس ضمن میں وزارت پارلیمانی امور کا کلیدی کردار ہے  انہوں نے کہا کہ سکوک بانڈز پر عالمی برادری اور سرمایہ کاروں کا مثبت ردعمل موجودہ حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے،  داکٹر بابر اعوان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے تناظر میں آنے والے وقت کی مکمل منصوبہ بندی کررہے ہیں تاکہ حالات کا مقابلہ کیا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے انہوں نے اپیل کی کہ عوام ایام عید کے دوران حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔

سیپ ٹیچرز مستقلی میں انتہائی تاخیر حکومتی ذمہ داروں کی سازش، جلد 750سینئر حقدار اساتذہ کی مستقلی کو یقینی بناتے ہوئے باقی ماندہ 714اساتذہ کی مستقلی کی پالیسی بھی مرتب کی جائے،سیپ ٹیچرز ایسوسی ایشن خواتین ونگ گلگت بلتستان

گلگت(پ۔ر)سیپ ٹیچرز ایسوسی ایشن خواتین ونگ گلگت بلتستان کی صدر ملکہ حبیبہ سینئر نائب صدر جینوا خاتون، نائب صدر زینب خاتون جنرل سیکریٹری یاسمین، فنانس سیکریٹری گل خنزہ اور سیکریٹری انفارمیشن تسلیم بانو نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں سیپ ٹیچرز مستقلی میں انتہائی تاخیر کو حکومتی ذمہ داروں کی سازش قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جلد 750سینئر حقدار اساتذہ کی مستقلی کو یقینی بناتے ہوئے باقی ماندہ 714اساتذہ کی مستقلی کی پالیسی بھی مرتب کی جائے۔جون 2020-21کے بجٹ میں ہر صورت اسامیاں پیدا کرکے 714اساتذہ کو بھی مستقل کیا جائے بصورت دیگر ہم اساتذہ حقوق کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اساتذہ کو گروپس میں تقسیم کرکے حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی ناکام ادارہBECS  4سال سے ٹیکسٹ بک دینے سے بھی قاصر ہے۔کبھی بھی قلیل تنخواہ ماہانہ 8000بھی وقت پر نہیں ملی ہے۔گلگت  بلتستان کے دور افتادہ غریب علاقوں میں 2عشروں سے بنیادی تعلیم دینے میں مصروف عمل 1464اساتذہ انتہائی مشکل حالات سے دوچار ہیں۔پھر کرونا کی وجہ سے لاک ڈاؤن اساتذہ کی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔کرونا ریلیف اور احساس پروگرام فنڈ سے بھی اساتذہ محروم ہیں۔حقیقی ریلیف کے حقدار 1464سیپ اساتذہ ہیں۔ان اساتذہ کی حالت تشویش ناک انتہائی قابل رحم ہے۔ہم خواتین ونگ گلگت  بلتستان حکومت وقت خصوصاََ وزیر اعلیٰ، چیف سیکریٹری اور فورس کمانڈر گلگت  بلتستان سے اللہ پاک کا واسطہ دے کر اپیل کرتے ہیں کہ ان غریب1464اساتذہ کو کرونا ریلیف فنڈ میں شامل کرکے مالی معاونت کی جائے۔اساتذہ کو بھی اپنے بچوں کے ساتھ عید کی خوشیاں منانے کا موقع فراہم کی جائے۔

کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپرینشل اخراجات کو شفاف رکھا جائے،صوبے میں اب تک48کروڈ روپے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے جاری کیے گیے ہیں،تمام اخراجات کی جانچ کیلئے صوبائی وزیر قانون، صوبائی وزیر جنگلات اور مشیر خوارک پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن

گلگت (نامہ نگار خصوصی)وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپرینشل اخراجات کو شفاف رکھا جائے۔ آئی ایس ڈیوٹی کے نام پر ماضی میں گاڑیاں لی گئی اور پسند اور نا پسند کے بنیاد پرخزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ کرونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے صوبے میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ جس سرکاری آفیسران کے پاس ایک سے زائد گاڈیاں ہیں وہ جی ڈی اے پول میں جمع کرادیں۔ ائی ایس پر گاڑیاں لینے کی روایت ختم کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کرونا وائرس کے حوالے سے آپریشنل اخراجات کی رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ صوبے میں اب تک48کروڈ روپے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے جاری کیے گیے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کرونا وائرس سے
بچاؤ کیلئے تمام اخراجات کی جانچ کیلئے صوبائی وزیر قانون، صوبائی وزیر جنگلات اور مشیر خوارک پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے ہسپتالوں میں بہتر طبعی سہولیات کی فراہمی کیلئے انقلابی اقدامات کیے سٹی سکین مشینوں اور ڈائلاسیز مشینوں کی خریداری کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں 27 ہزار مستحق گھرانوں کو راشن فراہم کرنے کے جاری عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ عید گاہوں، مساجد اور بازاروں کیلئےSOPs پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے پر عمل کرئینگے۔ لیکنSOPs پر عمل درآمد میں سختی کی جائے۔ کرونا ٹیسٹ کے بغیر صوبے میں داخلے پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔ ماسک کا استعمال، سماجی دوری سمیت دیگرSOPs پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی ہیڈ کوارٹر ہسپتال  میں توڈ پھوڈ کرنے کے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر گلگت کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے اور ہسپتالوں میں سیکورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں سخت کاروائی کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ15جولائی تک سکول بند رہینگے اور ہیلتھ ایڈوائزی کی روشنی میں سکول کھولنے کا فیصلہ کیا جائیگا۔

صوبائی ہیڈ کواٹر ہسپتال گلگت کو ماڈل کے طور پر تمباکو سے پاک پبلک پیلس کا افتتاح کر دیا گیا۔۔۔۔گلگت بلتستان تمباکو کنٹرول ایکٹ2020کے تحت پبلک مقامات پر تمباکو نوشی کرنے پر پابندی ہے۔ سیڈو کے سی ای او عزیز کریم کی بریفنگ۔۔۔۔۔ صحت کے مراکز میں عوام کی کثیر تعداد روزانہ وزٹ کرتی ہے۔سیڈو نے علاقے سے تمباکو نوشی کی لعنت کو ختم کرنے کا عزم کیا ہوا ہے اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی کاوشوں سے اس خواب کو شرمندہ تعبیر بنایا گیا ہے۔۔۔۔۔۔سیکرٹری اطلاعات گلگت بلتستان فدا حسین،، کمشنر گلگت ڈویژن عثمان احمد، ایڈیشنل سیکرٹری صحت اعظم، ایم ایس کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی

گلگت(نمائندہ خصوصی)صوبائی ہیڈ کواٹر ہسپتال گلگت کو ماڈل کے طور پر تمباکو سے پاک  پبلک پیلس کا افتتاح کر دیا گیا۔ سوشو اکنامک اینڈ ایجوکیشنل ڈولپمنٹ  آرگنائزیشن گلگت   بلتستان سیڈو نے صوبائی حکومت، محکمہ صحت، کمشنرڈویژن گلگت کے تعاون سے  صوبائی ہیڈ کواٹر ہسپتال گلگت کو ماڈل کے طور پر تمباکو سے پاک  پبلک پیلس کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات گلگت  بلتستان فدا حسین،، کمشنر گلگت ڈویژن عثمان احمد، ایڈیشنل سیکرٹری صحت  اعظم، ایم ایس کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔اس موقع پر سوشو اکنامک اینڈ ایجوکیشنل ڈولپمنٹ  آرگنائزیشن گلگت   بلتستان سیڈو کے سی ای او عزیز کریم نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی ہیڈ کواٹر ہسپتال گلگت کو ماڈل کے طور پر تمباکو سے پاک  پبلک پیلس بنانے کا مقصد تمباکو نوشی کے حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے بنائے گئے قوانین  پر عمل دارآمد کرانے کیلئے شعور و آگاہی دینا ہے۔ گلگت  بلتستان تمباکو کنٹرول ایکٹ2020کے تحت پبلک مقامات پر تمباکو نوشی کرنے پر پابندی ہے۔ صحت کے مراکز میں عوام کی کثیر تعداد  روزانہ وزٹ کرتی ہے۔سیڈو نے علاقے سے تمباکو نوشی کی  لعنت کو ختم کرنے کا عزم کیا  ہوا ہے اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی کاوشوں سے اس خواب کو شرمندہ تعبیر بنایا گیا ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ آج کی یوتھ, قوم کی مستقبل ہے..مطلب اگر آج یوتھ کے راستے میں حائل رکاوٹیں نہ ہٹائی گئی تو کل ہمارے قوم اور بچوں کے مستقبل کا اندازہ آپ ابھی سے ہی لگا سکتے ہیں. اسلامی اور سائنسی نظریے  کے مطابق انسان کو منفی سرگرمیوں یعنی مستقبل کے سوچ و بچار سے دور کرنے میں سب سے بڑا کردار منشیات کا ہے. اور انسانی صحت کے لئے مضر کسی بھی نشے کی پہلی  سیڑی سگریٹ اور نسوار ہے. گزارش ہے کہ اگر ہر کوئی اپنے حصے کا دیا جالائے تو انشا اللہ وہ دن دور نہیں کہ گلگت  بلتستان کو منشیات سے پاک ہو جائے گا اور اپنے بچوں کیلئے ایک صحت مند ماشرے کی تخلیق کر سکیں.سیڈو کایہ جہاد انشااللہ جاری رہے گا..اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات فدا حسین و کمشنر گلگت ڈویژن عثمان احمد نے سیڈو کی کاوش کو سراہا۔