Monday, May 18, 2020

قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے زیر صدارت آن لائن و مرکب نظام تعلیم کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقدہ، آن لائن و مرکب نظام تعلیم کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو

گلگت(پ ر)قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی میں آن لائن اور مرکب نظام تعلیم کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوئی۔اجلاس کی صدارت قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے ویڈیولنک کے ذریعے کی۔ آن لائن اجلاس میں یونیورسٹی کے سینئر منیجمنٹ و مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کیا۔اجلاس میں آن لائن کورس آفر کرنے کی پالیسی،لرننگ منیجمنٹ سسٹم،فیکلٹی ٹریننگ،لائبریری اور ای وسائل،طلبا سپورٹ سروسز اور آئی ٹی ہلپ
ڈیسک، تشخیص اور امتحان کی پالیسی،آن لائن و بلینڈڈ لارننگ پالیسی میں کوالٹی اشورینس،آن لائن و بلینڈڈ لارننگ سیکھنے کے طریقے کار، موجود ہ صورت حال میں یونیورسٹی عملے کے لئے سیفٹی پلان اور پروٹوکول،سب کیمپس میں آن لائن تعلیم کی پیشرفت اورکے جی ایس کی آن لائن کلاسز سمیت دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔اجلاس میں شریک ممبران نے ان امور کی تازہ ترین صورت حال سمیت مزید بہتری لانے کے مختلف حوالوں پر آراء پیش کئے۔آن لائن اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے قراقرم یونیورسٹی آن لائن و بلینڈڈ لارننگ ایجوکیشن پالیسی کی نمایاں خصوصیات کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی آن لائن اینڈ بلینڈڈ ایجوکیشن پالیسی کے ذریعہ مختلف پروگراموں اور کریڈٹ کے ایوارڈ کے کورسز پیش کرناہے۔ جس میں کیمپس میں طلبا کی حاضری ضرورت نہیں ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس پالیسی کے ذریعے انڈر گریڈ، گریجویٹ اور نان ڈگری پروگراموں میں داخلہ لینے والے KIU کے طلباء کے لئے قابل اعتماد اور لچکدار تعلیم کے مواقع کی سہولت فراہم کرنا ہے۔اس وقت دنیا میں بہت سے ممالک علاقائی و عالمی چیلنجوں کے بعد اوپن اور بلینڈڈ لرننگ کو اپنے معاشروں کی ایک لازمی ضرورت بنا چکے ہیں۔وائس چانسلر نے کہاکہ یہ پالیسی ہائیرایجوکیشن کمیشن آف پاکستان اور ایکریڈیٹیشن کونسلوں کے مختلف پیشہ ورانہ پروگراموں کے بہترین طریقوں اور انضباطی تقاضوں کی تعمیل میں تعلیمی معیارات کو یقینی بنانے کے لئے رہنما اصول بھی فراہم کرے گا۔

گلگت بلتستان میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 550ہو گئی ہے۔ یوں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 10نئے مریضوں کا اضافہ ہو ا ہے۔ گلگت شہر میں 7 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، ضلع سکردو، نگر اور کھرمنگ میں ایک ایک نیا کورونا کیس مثبت آیا ہے۔ گلگت بلتستان میں ایکٹیو مریضوں کی تعداد اب 178ہوچکی ہے۔ 368مریض مکمل صحت یابی کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں،محکمہ صحت گلگت بلتستان

گلگت (پ ر)  محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ کرونا وائرس کے متعلق اعداد و شمار کے مطابق گلگت  بلتستان میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 550ہو گئی ہے۔ یوں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 10نئے مریضوں کا اضافہ ہو ا ہے۔  گلگت شہر میں 7 نئے کیسز سامنے آئے ہیں،  ضلع سکردو، نگر اور کھرمنگ میں ایک ایک نیا کورونا کیس مثبت آیا ہے۔  گلگت بلتستان میں ایکٹیو مریضوں کی تعداد اب 178ہوچکی ہے۔ 368مریض مکمل صحت یابی کے بعد اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔ گلگت بلتستان میں لاک ڈاون میں کی جانے والی نرمی کے بعد کوروناء کیسز کی تعداد میں بتدریج
اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ڈاکٹرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا ء ایک عالمگیر وباء ہے جس سے انتہائی ترقی یافتہ ممالک بھی متاثر ہو رہے ہیں، اس لیے عوام مفاد عامہ میں جاری کردہ حفاظتی اقدامات پر ہر صورت عمل پیرا ہوں۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کم علمی اور مفروضوں کی بنیاد پر کورونا کی وباء کو سنجیدگی سے نا لینا ہم سب کی جانوں کے لیے مہلک ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے سماجی دوری کے لیے قواعدپر عمل کرنا، خصوصا بازاروں میں جمگھٹوں سے پرہیز لازمی ہے۔ SOPsپر سختی سے عمل کرکے ہی ہم اپنے آپ کو ارددگرد کے لوگوں کو اس موزی مرض سے بچا سکتے ہیں۔  ماہرین نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ گلگت بلتستان کے جن اضلاع میں یہ مرض تیزی سے پھیل رہا ہے وہاں عوام کو مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ کوروناء کی وباء ایک حقیقت ہے جس سے بچاؤ سے اس صورت میں ممکن ہے کہ ہم ماسک، دستانوں اور سینیٹائزر کا استعمال کریں۔ ہاتھوں کو بار بار دھونا بھی ضروی ہے۔ مریضوں کو الگ تھلگ کرکے ان کی نگہداشت کرنے سے مرض کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں عوام کی جانب سے کیا جانے والا تعاون قابل تحسین ہے۔ ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ اس وباء کو بے قابو ہونے سے بچنے کے لیے عوام حکومت کی جانب سے جاری کردہ SOPs پرہر صورت سختی سے عمل کیا جائے۔ 

پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں انشاللہ بہت جلد فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دینے والے محکمہ صحت اور دیگر افراد کے لئیے مزید PPEs اور ہائی جین کٹس فراہم کریں گے اور مستحقین کے لئیے اشیاء خوردونوش کے مزید پیکجز بھی فراہم کریں گے ،گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون

گلگت(پ ر) گورنر گلگت  بلتستان راجہ جلال حسین مقپون نے حالیہ موذی مرض  کے دوران  فرنٹ لائن پر خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹرز، محکمہ صحت کا عملہ، پولیس اور دیگر افراد کے لئے پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے ذریعے منگوائے گئے کچھ PPE's، ہائی جین کٹس  سیکریٹری ہیلتھ راجہ رشید علی اور کمشنر گلگت عثمان احمد کو حوالہ کیا جبکہ مستحقین کے لئیے رمضان ریلیف پیکیج کے تحت اشیاء خوردونوش کے کچھ پیکجز   صحت فاؤنڈیشن کے انچارج
شیخ ناصر زمانی کو حوالہ کیا۔
گورنر گلگت  بلتستان نے کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں انشاللہ بہت جلد فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دینے والے محکمہ صحت اور دیگر افراد کے لئیے مزید PPEs اور ہائی جین کٹس فراہم کریں گے اور مستحقین کے لئیے اشیاء خوردونوش کے مزید پیکجز بھی فراہم کریں گے۔کورونا کی وبا گلگت  بلتستان سمیت پوری دنیا میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور اس  سے نمٹنے کے لیئے ڈاکٹرز،       پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر ادارے فرنٹ لائن پر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں اس دوران ڈاکٹرز سمیت ان تمام لوگوں کو حفاظتی کٹس فراہم کرنا اشد ضرورت ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں گلگت  بلتستان کے عوام کو درپیش مسائل پر قابو پانے کے لیئے تمام اداروں کو مل کر اقدامات کرنے ہوں گے۔اس موقع پر گورنر گلگت  بلتستان نے پاکستان ریڈکریسنٹ کے والنٹیرز کے خدمات کی تعریف کی۔

گلگت، حکومت گلگت بلتستان کا ہر دن عوام کی خدمت کرنا ہے۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں صرف زبانی دعوے نہیں بلکہ عملی اقدامات کئے۔ تمام شعبوں کے بہتری کیلئے اصلاحات متعارف کروائے جس کی وجہ سے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ ہوا،وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن

گلگت(آئی آئی پی)  وزیر اعلی گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت گلگت  بلتستان کا ہر دن عوام کی خدمت کرنا ہے۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں صرف زبانی دعوے نہیں بلکہ عملی اقدامات کئے۔ تمام شعبوں کے بہتری کیلئے اصلاحات متعارف کروائے جس کی وجہ سے اداروں کی استعداد کار میں اضافہ ہوا۔ کرسی پر صرف نوکری کرنے
کیلئے نہیں بیٹھے ہیں۔ عوام اور علاقے کی خدمت کی ہے۔ جن اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں ماضی میں تصور نہیں کیا جاسکتا تھا وہ میگا منصوبے تعمیر کئے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اصلاحات اور اقدامات کئے۔ وزیر اعلی گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت گلگت  بلتستان اور گلگت  بلتستان اسمبلی نے جو قانون سازی کی ہے وفاقی حکومت نے بھی اسی قانون سازی کے اسی مسودے کے تحت قانون سازی کی۔ ملک کے دیگر صوبوں نے بھی حکومت گلگت  بلتستان کی جانب سے خصوصی افراد کے فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والی قانون سازی سے رہنمائی حاصل کی جو گلگت  بلتستان کیلئے قابل فخر ہے۔ وزیر اعلی گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کا چیلنج دنیا بھر کو درپیش ہے۔ کورونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کیلئے ہر ایک شخص کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ سماجی دوری، ماسک کا استعمال اور دیگر حفاظتی اقدامات پر عمل کرنا ہوگا۔ مارکیٹوں میں غیر ضروری رش اور حفاظتی اقدامات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے لوگ اپنے اور گھروں کی زندگیوں کو خطر ے میں ڈال رہے ہیں۔ وزیر اعلی گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ عوا م کی وسیع تر مفاد اور بہتری خصوصا خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے کئے جانے والے قانون سازی کو کوئی حکومت ختم نہیں کرسکتی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلی گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے دیئے جانے والی امدادی رقم کے تحت خصوصی افراد میں چیکس کی تقسیم اور کورونا وائرس سے بچاؤ اور تحفظ کیلئے منعقدہ تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مظفرآباد،وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس، وکلا اور مزدور پیشہ افراد کیلئے الگ الگ امدادی پیکجز کی منظور ی دی گئی

مظفرآباد(آئی آئی پی)  وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس پیرکے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزراحکومت ڈاکٹر نجیب نقی، ڈاکٹر مصطفی بشیر، احمد رضاقادری، پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی، SMBRفیاض علی عباسی ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں وکلا اور مزدور پیشہ افراد کیلئے الگ الگ امدادی پیکجز کی منظور ی دی گئی۔ وکلاکو بذریعہ بار کونسل پیکجز دیے جائیں گے۔ پیکجز کی تقسیم
آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے سختی سے عید سے قبل وکلااور مزدور پیشہ افراد کو پیکج کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے پرائیویٹ گاڑیوں کو بطور ٹیکسی چلانے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ انٹری پوائنٹس پر ایسے عناصر کی خفیہ مانیٹرنگ کی جائے، انہوں نے ہدایت کی کہ رشوت لینے والوں کے خلاف بھی سخت ترین کارروائی کی جائے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سینر ممبر بورڈ آف ریونیو فیاض علی عباسی نے بتایا کہ آزادکشمیر پاکستان کا وہ واحد خطہ ہے کہ جہاں مستحقین تک کسی نہ کسی طرح امداد پہنچی ہے اور اب تک 02لاکھ25ہزار مستحق خاندانون کو کسی نہ کسی طرح امداد پہنچی ہے اور احساس پروگرام، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور دیگر ذرائع سے ان کو ادائیگیاں ہوئی ہیں جبکہ 37ہزار لوگوں کو ذکو کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔ اسی طرح انڈسٹری اور اور مزدور پیشہ افراد کیلئے بھی قواعد طے کیے گئے ہیں۔ دریں اثناڈویژنل کمشنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر ہدایت کی کہ لاک ڈان پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انتظامیہ بااختیار ہے۔ عید کے موقع پر طے شدہ ایس اوپی پر عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ مقامی سطح پر کرونا کے کیسز میں اضافہ ہونا باعث تشویش ہے۔ ہم نے اجتماعی مفاد میں فیصلے کرنے کیلئے اور اس کیلئے چھوٹی چھوٹی مشکلیں برداشت کرنی پڑیں گی۔

کراچی، ان کا صوبہ کوویڈ 19 ٹیسٹ کروانے میں دوسرے صوبوں سے بہت آگے ہے اور ہماری لیبارٹریز 77 فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ ہمارے پاس کورونا وائرس کے نمونوں کی جانچ کرنے کیلئے 19 لیبارٹریز ہیں اور ان کی ایک دن میں 6550 ٹیسٹ کی جانچ کرنے کی گنجائش ہے،وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ

کراچی(آئی آئی پی) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ان کا صوبہ کوویڈ 19 ٹیسٹ کروانے میں دوسرے صوبوں سے بہت آگے ہے اور ہماری لیبارٹریز 77 فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ ہمارے پاس کورونا وائرس کے نمونوں کی جانچ کرنے کیلئے 19 لیبارٹریز ہیں اور ان کی ایک دن میں 6550 ٹیسٹ کی جانچ کرنے کی گنجائش ہے۔ یہ بات
انہوں نے پیر کو وزیراعلی ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ لاڑکانہ میں کورونا وائرس ٹیسٹنگ لیب بھی قائم کی جارہی ہے اس کے علاوہ COVID-19 کے مریضوں کیلئے مخصوص ہسپتال بھی قائم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے 864 نئے کیسز کا پتہ چلا ہے جب 4679 نمونے ٹیسٹ کیے گئے اس طرح اب انکی تعداد 17241 ہوگئی ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹو کے دوران 4679 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 864 کیسز کا پتہ چلا جن میں کراچی کے657 کیسز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 127573 نمونے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جن میں 17241 کیسز کی تشخیص ہوئی ہے جو مجموعی ٹیسٹوں کا 13.5 فیصد ہیں۔وزیراعلی سندھ کے مطابق مزید تین مریضوں کی اموات کے بعد تعداد280 تک بڑھ گئی ہے جو کل مریضوں کا 1.6فیصد ہے۔ اس وقت 12472 مریض زیر علاج ہیں  ان میں سے 11095 یعنی 89 فیصد گھروں میں آئسولیشن میں، 815 یعنی 6فیصد قرنطینہ مراکز میں اور 562 یعنی 5فیصد اسپتالوں میں ہیں۔ مراد علی  شاہ نے بتایا کہ 136 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 29 کو وینٹیلیٹروں پرڈال دیا گیا ہے۔ مراد علی  شاہ نے کہا کہ 280 مزید مریضوں کو کچھ ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر کے تحت عام زندگی گزارنے کیلئے صحتیابی کے بعد انہیں چھٹی دے دی گئی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا ہمارے پاس اب تک  4489مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور وہ اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں جو کل مریضوں کا 26 فیصد ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صوبے میں صحتیاب ہونے کا تناسب 26 فیصد ہے اور ہم اس میں مزید بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ 864 مریضوں میں سے 657 کا تعلق کراچی سے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع شرقی میں 171، ضلع ملیر میں  141 ، ضلع جنوبی میں  117، ضلع وسطی میں  94، ضلع کورنگی میں 75 اور ضلع غربی میں 59 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ  گھوٹکی میں 31، حیدرآباد 30، لاڑکانہ 21، سکھر 17، قمبر شہدادکوٹ میں 7، کشمور کندھ کوٹ کے 5، مٹیاری اور نوشہروفیرو میں 2-2اور شہید بینظیر آباد، خیرپور اور جامشورو میں 1-1کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

لاہور،صوبوں کے صوبیدار اپنی کارکردگی اخبارات میں چھپوا کر وفاق پر تنقید نہ کریں: چودھری شجاعت حسین

لاہور(آئی آئی پی)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اکیلے عمران خان کی ذمہ داری نہیں ہے کہ وہ کورونا کا مقابلہ کریں، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم بھی اپنی حفاظت خود کریں، اس قدرتی آفات سے اکیلی حکومت نہیں نمٹ سکتی، پاکستان کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے لہذا میں سمجھتا ہوں کہ صاحب حیثیت 
افراد اپنے ہمسایوں کا خیال رکھیں اور سفید پوش طبقہ کی دل کھول کر مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیہاڑی دار جب صبح روزی کمانے گھر سے نکلتا ہے تو سارا دن چوک میں کھڑے رہنے کے بعد جب اسے مزدوری نہیں ملتی تو شام کو وہ اپنے بیوی بچوں کیلئے کھانا کہاں سے لے کر جائے گا لہذاصاحب حیثیت افراد سے میں کہوں گا کہ وہ کم از کم دو خاندانوں کا راشن اپنے ذمہ لیں، اس سے کوئی امیر غریب نہیں ہوجائے گا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ صوبوں کے صوبیدار اپنی کارکردگی کو اخبارات میں چھپوا کر وفاق کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، ایسے سیاسی لیڈر سیاسی بیان بازی کرنے کی کوشش نہ کریں، یہ سیاسی بیان بازی کا وقت نہیں ہے، ایسا نہ ہو کہ وہ اللہ کی پکڑ میں مبتلا ہو جائیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ خاص طور پر میں ان لوگوں کو تنبیہ کرنا چاہتا ہوں جو لوگوں کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور سستی چیزیں مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں، ایسی حرام کمائی ان کے کسی کام نہیں آئے گی۔

لاہور، ریسٹورینٹس کے لئے نیا مشاورتی بورڈ،لمبے عرصے تک سماجی فاصلے اور شرائط کی پابندی کرنا ہوگی، حفظان صحت کے مطابق معیاری کھانا ہر شہری کا بنیادی حق ہے:سینئر وزیر عبدالعلیم خان ایسوسی ایشن کے وفد کی سینئر و وزیر خوراک سے ملاقات، ریسٹورینٹس جلد کھولنے کی اپیل

لاہور(آئی آئی پی)  سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق معیاری کھانا شہریوں کا بنیادی حق ہے، ہوٹلز میں بالخصوص کچن کی صفائی اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ریسٹورینٹس ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا جس کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمود اکبر کر رہے تھے جبکہ صدر کامران شیخ،سیکرٹری احمد شفیق اور فنانس سیکرٹری نثار چوہدری بھی ملاقات میں موجود تھے۔ایسوسی ایشن کی طرف سے دیگر کاروباروں کی طرح ریسٹورینٹس کو بھی فوری کھولنے کی اپیل کی گئی جس پر سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے موجودہ حالات میں ریسٹورینٹس کھولنے کے لئے ہمدردانہ غور کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ اب ہمیں لمبے عرصے تک سماجی فاصلوں اور دیگر شرائط کی پابندی کرنا ہوگی تاکہ
کورونا کے خطرات سے بچا جا سکے۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر ووزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے ریسٹورینٹس کے لئے نئے مشاورتی بورڈ بنانے کا عندیہ دیا۔انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی اور ریسٹورینٹس کے نمائندوں پر مشتمل باڈی تشکیل دیں گے تاکہ معاملات کو باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیا جا سکے۔ انہو ں نے کہا کہ کھانے پینے کی معیاری اشیا کوہم سب کو مل کر یقینی بنانا ہے اور محض اپنے تھوڑے سے منافع کے لئے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے غیر معیاری دودھ اور گندے پانی سے اگائی جانے والی سبزیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ زہر آلود اشیائے خوردونوش شہریوں میں بیماریوں کا باعث بنتی ہیں جن کی ہر قیمت پر حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔لاہور ریسٹورینٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے سینئر وزیر کو اپنے ہر ممکن تعاون کایقین دلاتے ہوئے اپیل کی کہ ان کے بند کاروبار تباہی کے دہانے پر ہیں، ہزاروں لوگوں کا روزگار اس انڈسٹری سے وابستہ ہے لہذا دیگر کاروباروں کی طرح ریسٹورینٹس کو بھی فوری طور پر کھولا جائے۔انہوں نے تمام ایس او پیز اور حکومتی شرائط پر عملدرآمد کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ریسٹورینٹس میں گنجائش کے مقابلے میں آدھے لوگوں کو فاصلے پر بٹھایا جائے گا اور وہ کورونا وائرس سے بچا کے تمام اصولوں کو مد نظر رکھیں گے۔

لاہور، اگر ایس او پیز پر عمل نہیں ہوگاتو کورونا وائرس کسی کو نہیں چھوڑیگا 'کورونا کسی رنگ نسل ومذہب کی بنیاد پر تفر یق نہیں کرتااس لیے لوگ گھروں میں رہ کر ہی کورنا سے بچا جاسکتا ہے 'سنگاپورسمیت کئی ممالک میں لوگ جب کورونا کے خاتمے کا سوچ کر گھروں سے باہر نکلے تو اسکے نتائج پوری دنیا کے سامنے ہیں،گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور

لاہور(آئی آئی پی)  گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اگر ایس او پیز پر عمل نہیں ہوگاتو کورونا وائرس کسی کو نہیں چھوڑیگا 'کورونا کسی رنگ نسل ومذہب کی بنیاد پر تفر یق نہیں کرتااس لیے لوگ گھروں میں رہ کر ہی کورنا سے بچا جاسکتا ہے 'سنگاپورسمیت کئی ممالک میں لوگ جب کورونا کے خاتمے کا سوچ کر گھروں سے باہر نکلے تو اسکے نتائج پوری دنیا کے سامنے ہیں 'مارکیٹیں اور بازار کھولنے کا یہ مطلب نہیں کہ ملک میں کورونا ختم ہو چکا بلکہ ڈاکٹرز
سمیت سب کہہ رہے ہیں کہ  آنیوالے دنوں میں کورونا وبا میں مزید شدت آنیوالی ہے 'کورونا بحران سے بے روزگار ہونیوالے غر یب خاندانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وہ سوموار کے روز گور نر پنجاب سوشل ویلفیئر کمیٹی کے زیر اہتمام ساندہ روڈ پر 1ہزار غر یب خاندانوں میں راشن تقسیم کر نے کی تقر یب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر وائس چیئر مین وزیر اعلی شکایت سیل ناصر سلمان سمیت دیگر بھی موجود تھے گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کورونا وائرس کیخلاف موثر ویکسین کی تیاری تک ہم سب کو ملکر کورونا اوائر س کا مقابلہ اور اس سے بچاؤ کر نا ہے جسکے لیے ضروری ہے کہ عوام گھروں میں رہیں اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر گردش کر نیوالے غیر سائنسی طر یقے علاج سے مکمل اجتناب کریں کیونکہ ا س سے فائد ہ نہیں صرف نقصان ہوگا جب سے حکومت نے لاک ڈاؤن میں نر می کی ہے مارکیٹوں 'بازاروں اور سڑکوں پر عوام ہی عوام نظر آرہی ہے اور لوگ ایس او پیز پرسنجیدگی سے عمل کر نے کو تیار نہیں اور اگر خدانخواستہ پاکستان میں کورونا کی مر یضوں کی تعداد میں خطر ناک اضافہ ہوا تو پاکستان کا صحت کا نظام ایسے حالات کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کر پائے گا اس لیے ہمارے پاس کورونا سے بچاؤ کے سوا کوئی اور راستہ نہیں اور جو لوگ بغیر وجہ اور بغیر حفاظتی اقدامات کے گھروں سے نکل رہے ہیں وہ اپنی فیملی کیلئے خود باہر سے کورونا گھر لے جا رہے ہیں ایسے لوگ اپنے بھی دشمن ہے اور دوسروں کے بھی دشمن بن رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے حوالے سے حکومتی ادارے 24گھنٹے کام کر رہے ہیں مگر ان حالات میں عوام کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ذمہ داری پوری کر یں کیونکہ اس کے بغیر کورونا کے خلاف جنگ میں کامیابی ممکن نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ جہاں تک کورونا بحر ان سے بے روزگار ہونیوالوں کو راشن کی فراہمی اور امداد کاتعلق ہے تو وفاقی اور پنجاب حکومت کے ساتھ ساتھ پی ڈی این کے پلیٹ فارم سے بھی ہم فلاحی تنظیموں کیساتھ بھی ملکر غر یب خاندانوں کو راشن کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں اور جب تک کورونا بحرا ن موجود ہے ہم غر یب خاندانوں کو انکے گھر کی دہلیز راشن فراہم کرتے رہیں گے۔

لاہور،پاکستان ریلوے 20مئی سے 30ٹرینوں کا محدود ٹرین آپریشن شروع کریگا، 15اپ اور15ڈاؤن کی ٹرینیں شامل ہوں گی، اس پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ اداکرتے ہیں،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد

لاہور(آئی آئی پی)  پاکستان ریلوے بروز بد ھ 20مئی سے 30ٹرینوں کا محدود ٹرین آپریشن شروع کرنے جارہاہے۔ جس میں 15اپ اور15ڈاون کی ٹرینیں شامل ہوں گی۔ ہم اس پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ اداکرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے روالپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جزوی طور پر شروع کی جانے والی ٹرینوں میں پشاور۔کراچی۔پشاور(خیبر میل اور عوام ایکسپریس)، کوئٹہ۔پشاور۔کوئٹہ (جعفر ایکسپریس)، کراچی۔راولپنڈی۔کراچی(تیزگام، گرین لائن، پاکستان ایکسپریس)، راولپنڈی۔ملتان۔راولپنڈی(مہر ایکسپریس)، راولپنڈی۔لاہور۔راولپنڈی(سبک رفتار، اسلام آباد ایکسپریس)، کراچی۔لاہور۔کراچی(پاک بزنس، قراقرم ایکسپریس، شاہ حسین)، کراچی۔لالہ
موسی۔کراچی(ملت ایکسپریس)، کراچی۔سیالکوٹ۔کراچی(علامہ اقبال ایکسپریس)، جیکب آباد۔کراچی۔جیکب آباد(سکھر ایکسپریس)شامل ہیں۔ان ٹرینوں کی بحالی کا مقصد لوگوں کو عید کے موقع پر سہولت مہیا کرنا ہے۔ مسافروں سے درخواست ہے کہ ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں۔ انتہائی ایمرجنسی میں کم سے کم افراد کے ساتھ سفر کریں۔ ٹرین پر سفر کرنے کیلئے مسافروں کو درج ذیل ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ضروری ہوگا۔ ٹرینوں کی بکنگ صرف آن لائن ٹکٹنگ کے ذریعے ہوگی۔ بکنگ آفسز بند رہیں گے۔ 60فی صد اکوپنسی کے بعد بکنگ بند کردی جائے گی۔مختلف سٹیشنوں پر سینیٹائزر واک تھرو گیٹوں کی تنصیب کی جائے گی۔مسافروں کو ٹرین کی روانگی سے ایک گھنٹہ پہلے اسٹیشن میں داخلہ کی اجازت ہوگی۔مسافروں کی فیملی انہیں چھوڑنے نہیں آسکتی۔ریلوے اسٹیشن سے 200میٹر تک ایریا غیر ضروری افراد کیلئے بند کردیا جائے گا۔ ٹرین کے سٹاپ والے اسٹیشنوں پر میڈیکل آفیسر اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کیلئے سٹاف کی تعیناتی کر دی گئی ہے۔ دورانِ سفر تمام مسافروں کا ٹمپریچر چیک کیا جائے گا۔ ماسک، سینیٹائزر، دستانے اور صابن اپنے ہمراہ رکھیں۔ یہ واضح رہے کہ اگر کوئی مسافر ان ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سماجی فاصلہ برقرار نہیں رکھے گا تو اسے پہلی دفعہ 500روپے جرمانہ، دوسری دفعہ 1000روپے اور تیسری دفعہ اسے اگلے سٹاپ کرنے والے سٹیشن پر ٹرین سے اتار دیا جائے گا۔ ہم مسافروں سے توقع کرتے ہیں کہ وہ ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے پاکستان کو اس وباسے محفوظ رکھنے کیلئے پاکستان ریلوے کا بھرپور ساتھ دیں گے۔

لاہور، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے فیصلے مشاورت سے کئے گئے ہیں،اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا ہے نہ حکمت عملی،بدقسمتی ہے کہ اپوزیشن نے قومی مسئلے کو بھی سیاست کی نذر کیا،عثمان بزدار

لاہور(آئی آئی پی)  وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے فیصلے مشاورت سے کئے گئے ہیں -اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا ہے نہ حکمت عملی- اپوزیشن جماعتیں کورونا وائرس پر بھی پوائنٹ سکورنگ میں مصروف ہیں -بدقسمتی ہے کہ اپوزیشن نے اہم ترین قومی مسئلے کو بھی
سیاست کی نذر کیا-پنجاب میں وقت ضائع کئے بغیر 8نئی لیبز پر کام شروع کیا گیااور الحمداللہ یہ لیبز فنکشنل ہیں -پنجاب اس وقت دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ٹیسٹ کررہاہے- کورونا کے تشخیصی ٹیسٹ میں اضافے کیلئے مزید 4 لیب کے قیام کی منظوری دے دی ہے-پہلے مرحلے میں سیالکوٹ اور سرگودھا میں نئی لیبز بنائی جارہی ہیں -پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹنگ کی صلاحیت 6ہزار سے بڑھ چکی ہے - کورونا وائرس کی وجہ سے وطن عزیز کو غیرمعمولی حالات کا سامنا ہے۔کورونا وبا کو شکست دینے کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے - مارکیٹیں اور بازار کھلنے کے بعد عوام کو مزید ذمہ داری کا ثبوت دینا ہو گا- جتنی احتیاط کریں گے اتنا ہی شہری محفوظ رہیں گے- ہم نے لوگوں کو کورونا سے بھی بچانا ہے اور بھوک سے بھی -

لاہور،2018 نتخابات دھاندلی تھے لیکن پی پی مسلم لیگ اور فوجی حکومتوں کی کارگردگی سے مایوس عوام نے عمران خان کے تبدیلی ایجنڈا سے بڑی توقعات باندھ لیں مگر عوام، نوجوانوں، خواتین اور بیرون ملک پاکستانیوں کی تمام امیدوں کا عمران خان کی نااہل، بے کار، ناکام حکومت نے خون کردیا،نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ

لاہور(آئی آئی پی)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ 2018  انتخابات دھاندلی تھے لیکن پی پی مسلم لیگ اور فوجی حکومتوں کی کارگردگی سے مایوس عوام نے عمران خان کے تبدیلی ایجنڈا سے بڑی توقعات باندھ لیں مگر عوام، نوجوانوں، خواتین اور بیرون ملک پاکستانیوں کی تمام امیدوں کا عمران خان کی نااہل، بے کار، ناکام حکومت نے خون کردیا۔ اقتصادی بحران خوفناک ہے۔ مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں بھارتی حکومت کے مظالم اور پاکستان کے خلاف
جارحانہ عزائم، افغانستان میں بگڑتے حالات اور سیاسی جمہوری پارلیمانی نظام کے خطرات کے سدباب کے لیے قومی ترجیحات اور قومی اتفا ق رائے کے قومی ایکشن پلان کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی نے بلدیاتی اور عام انتخابات کے لیے ہر سطح پر تیاریوں کا آغاز کردیاہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ملتان، بہاولپور اور سکھر میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ کسی نئی آئینی ترمیم کے ذریعے صوبوں سے حقوق چھیننے کے حکومتی عزائم خطرناک ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں آئین کی پابندی کریں۔ اٹھارویں آئینی ترمیم کا شوشا چھوڑ کر حکومت نئے صوبوں کے قیام کے عوامی مطالبہ سے فرار اختیار کر رہی ہے۔ لیاقت بلو چ نے کہاکہ کرونا وبا نے پوری دنیا کے انسانوں کو متاثر کیاہے۔ عالمی، سیاسی، اقتصادی، سماجی نظام درہم برہم ہوگئے ہیں۔ پاکستان میں قوم کے اتحاد اور یکسوئی کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تذبذب، نااہل حکمت عملی اور فسادی روش نے توڑ پھوڑ دیاہے۔ کرونا وبا سے دنیا کو درس ملاہے کہ دنیاوی طاقت کی مالک کائنات کی طاقت کے سامنے کوئی حیثیت نہیں۔ دنیا اسلام کی حکمرانی اور خاتم النبین حضرت محمد  کے نظام کو قبول کرے۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ پنجاب ایجوکیشن فانڈیشن کے مالی تعاون سے لاکھوں طلبہ و طالبات تعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن پی ٹی آئی حکومت کی تعلیم اور غریب دشمن پالیسی کی وجہ سے لاکھوں طلبہ و طالبات کی تعلیم، ہزاروں اساتذہ و ملازمین کا روزگار خطرے میں پڑ گیاہے۔ حکومت پنجاب تعلیم دشمن روش ختم کرے اور پی ای ایف سکولوں کے فنڈز بحال کیے جائیں۔

فیصل آباد، منسٹری آف کامرس کے 50 سے زائد ممالک میں موجود ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز کو فیڈمک کے اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کیلئے مارکیٹنگ کی ذمہ داریاں دی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا جا سکے،وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس، سرمایہ کاری و ٹیکسٹائل عبدالرزاق داؤد

فیصل آباد(آئی آئی پی)  وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس، سرمایہ کاری و ٹیکسٹائل عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ منسٹری آف کامرس کے 50 سے زائد ممالک میں موجود ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز کو فیڈمک کے اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کیلئے مارکیٹنگ کی ذمہ داریاں دی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کیلئے
راغب کیا جا سکے۔وہ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق سے میٹنگ میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام ٹریڈ مشنز کو فیڈمک کے چاروں سپیشل اکنامک زونز علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی، ایم تھری انڈسٹریل سٹی، ویلیو ایڈڈ انڈسٹریل سٹی اور گارمنٹس سٹی میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں تاکہ وہ سرمایہ کاروں سے رابطہ کاری کر کے انہیں فیڈمک کے ون ونڈو سروس سنٹر سے لنک کر سکیں۔فیڈمک کا ون ونڈو سروس سنٹر بیرون ملک سے آنیوالے سرمایہ کاروں کو سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹریشن سے لے کر پلاٹ کی الاٹمنٹ، بجلی اور گیس سمیت دیگر یوٹیلیٹی سروسز کی فراہمی سے لے کر کمپنی سیٹ اپ تک خدمات فراہم کرے گا۔اس موقع پر چیئرمین فیڈمک نے وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس و سرمایہ کاری کو سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں جاری ترقیاتی کاموں اورایم تھری انڈسٹریل سٹی کے بالمقابل بنائے جانیوالے کمرشل اور بزنس زون سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں ایکسپو سنٹر، ٹیکنیکل یونیورسٹی،کنٹری کلب، ہسپتال، فائیو سٹار ہوٹل، کمرشل بلڈنگز اور اپارٹمنٹس سمیت عالمی معیار کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔رزاق داد نے میاں کاشف اشفاق کی کوششوں کو سراہتے ہوئے فیڈمک کے سپیشل اکنامک زونز میں جاری ترقیاتی کاموں کو سراہا اور کہا کہ ان پراجیکٹس کی تکمیل سے پاکستان صنعتی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو جائے گا۔

اسلام آباد،سعودی عرب کی جانب سے رواں سال حج ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فیصلے کا حتمی اعلان رمضان المبارک کے فورا بعد کئے جانے کا امکان ہے،وزارت مذہبی امور

اسلام آباد(آئی آئی پی) سعودی عرب کی جانب سے رواں سال حج ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے فیصلے کا حتمی اعلان رمضان المبارک کے فورا بعد کئے جانے کا امکان ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کے پیش نظر سعودی وزارت حج کی جانب سے پاکستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک کو ہدایت کی گئی تھی کہ فی الوقت تمام حج معاہدے وقتی طور پر ملتوی کئے جائیں۔ حج کے حوالے سے اہم اسلامی ممالک کی مشاورت سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق سعودی وزارت حج نے15 رمضان المبارک کو حج کے حوالے سے فیصلہ کرنا تھا تاہم ابھی تک اس فیصلے کا اعلان نہیں کیا جا سکا۔ سعودی حکومت نے 21 رمضان سے عیدالفطر کے بعد 8 شوال تک سرکاری چھٹیاں دے دی ہیں۔ اس لئے توقع کی جا رہی ہے کہ رواں سال حج ہونے یا نہ ہونے کے حوالے سے کورونا وائرس کی صورتحال کو مدنظرر کھتے ہوئے فیصلے کا اعلان رمضان المبارک کے بعد کیا جائے گا۔

اسلام آباد،بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے17 مئی کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے کھوئی رٹہ سیکٹر میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(آئی آئی پی) بھارتی سینئر سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے 17 مئی کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کھوئی رٹہ سیکٹر میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔ بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجہ میں بیگناہ شہری شدید زخمی ہو گیا تھا۔ پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 17 مئی کو بلااشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزی پر احتجاجی مراسلہ بھارتی سینئر سفارتکار کے حوالہ کرتے ہوئے بتایا گیا
کہ قابض بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ بانڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آرٹلری، بھاری اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے عام شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔ شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، انسانی عظمت و وقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے صریحا منافی ہے۔ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی ان خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس کا نتیجہ سٹریٹجک غلطی کی صورت نکل سکتا ہے۔ بھارت نے رواں سال کے دوران 1081 مرتبہ بلااشتعال جنگ بندی کی خلاف ورزیاں کی ہیں۔ ایل او سی پر کشیدگی میں اضافہ سے بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مظالم سے عالمی توجہ ہٹا نہیں سکتا۔ بھارت پر زور دیا کہ وہ 2003کے جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرے، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے ان واقعات کی تحقیقات کرائے، بھارتی فوج کو جنگ بندی کے احترام کا حکم دے، ایل او سی اور ورکنگ بانڈری پر اس کی روح کے مطابق امن برقرار رکھے۔ انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بھارت اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین (یو این ایم او جی آئی پی) کو اپنا کردارادا کرنے کی اجازت دے۔

اسلام آباد،کووڈ۔19 کیلئے صوبوں کو سامان کی پانچویں کھیپ کے تحت سندھ اور گلگت بلتستان کو سامان کی ترسیل مکمل کر لی گئی

اسلام آباد (آئی آئی پی) کووڈ۔19 کیلئے صوبوں کو سامان کی پانچویں کھیپ کے تحت سندھ اور گلگت بلتستان کو سامان کی ترسیل مکمل کر لی گئی۔ پانچویں کھیپ میں سندھ کو 2 ہزار 822 این۔95، 3 ہزار 136 ڈی۔95 اور 48 ہزار 384 کے این 95 ماسک جبکہ گلگت بلتستان کو 441 این۔95، 490 ڈی۔95 اور 7 ہزار 560 کے این 95 ماسک جاری کئے گئے ہیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کو 66 ہزار 620 اور گلگت بلتستان کو 10 ہزار 426 حفاظتی سوٹ ارسال کئے گئے۔ سندھ کو 61 ہزار 600 اور جی بی کو 9 ہزار 625 جوڑے سرجیکل دستانے دیئے گئے۔ اسی طرح سندھ کو ایک لاکھ 12 ہزار اور جی بی کو 17 ہزار 500 میڈیکل ماسک ارسال کئے گئے۔ ترجمان نے ارسال کردہ سامان کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سندھ اور گلگت بلتستان کو فیس شیلڈ، سرجیکل گاونز اور کیپ، شوز کور، حفاظتی عینکیں اور سینیٹائزر بھی ارسال کئے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق کے پی، بلوچستان اور آزاد کشمیر کو پانچویں کھیپ پہلے ہی بھیجوا دی گئی ہے جبکہ پنجاب کو پانچویں سامان کی ترسیل جاری ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ عید سے پہلے تمام صوبوں کو ایک اور کھیپ جاری کر دی جائے گی۔

اسلام آباد، حکومت بجٹ کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیلئے تیار ہے، بجٹ موجودہ معاشی حالات کے تقاضوں اورمعیشت کے ساختی مسائل کے اختراعی حل کے مطابق ہوگا،وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ

اسلام آباد(آئی آئی پی)  وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ حکومت بجٹ کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیلئے تیار ہے، بجٹ موجودہ معاشی حالات کے تقاضوں اورمعیشت کے ساختی مسائل کے اختراعی حل کے مطابق ہوگا۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں وزارت خزانہ میں وڈیولنک کے ذریعہ ڈاکٹراکرام الحق
کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، ملاقات میں ملک میں موثرڈیٹا رسائی اور تصدیقی میکنزم کے ذریعہ ٹیکس کی ساخت کو بہتربنانے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔ چئیرپرسن ایف بی آر، سیکرٹری خزانہ اورسابق سیکرٹری خزانہ ڈاکٹروقارمسعود خان بھی اس موقع پرموجود تھے۔ وزیراعظم کے مشیرنے ملک بھرکی منتخب مارکیٹوں اورایوان ہائے صنعت وتجارت سے ڈیٹا جمع کرنے کے ضمن مین ڈاکٹراکرام الحق کے کام کو سراہا۔ ڈاکٹراکرام الحق نے وزیراعظم کے مشیر کو محصولات جمع کرنے کے عمل کو موثربنانے کیلئے ڈیٹا کے حصول اوراس کی تصدیق کیلئے بعض تیکنیک سے آگاہ کیا۔ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ اس مشق کا بنیادی مقصد ماہرین سے مشاورت ہے تاکہ ملک میں محصولات جمع کرنے کے نظام میں پائی جانی والی بنیادی خامیوں کودورکرنے کیلئے بہترتجاویزسامنے آسکیں۔انہوں نے کہاکہ بجٹ کی تیاری میں ہمیں موجودہ حالات سے پیداہونے والے چیلنجوں کے بارے میں زیادہ مستعد اورفعال رہنے کی ضرورت ہے، حکومت بجٹ کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیلئے تیار ہے، بجٹ موجودہ معاشی حالات اورمعیشت کے ساختی مسائل کے اختراعی حل کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے ڈاکٹراکرام الحق کو اپنی سفارشات وتجاویر جامع اورعملی اندازمیں وزارت کے ساتھ شئیرکرنے کی ہدایت کی تاکہ انہیں آنے والے بجٹ کاحصہ بنایا جاسکے۔انہوں نے موثربجٹ سازی کیلئے ایف بی آر کو مختلف ذرائع سے ڈیٹا حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اسلام آباد،پا کستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی حق پر کامل یقین رکھتی ہے۔ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ واجبات کی ادائیگی کو صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تنخواہوں سے جوڑا جائے گا،وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز

اسلام آباد(آئی آئی پی) وفاقی وزیربرائے اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پا کستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی حق پر کامل یقین رکھتی ہے۔ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔ واجبات کی ادائیگی کو صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تنخواہوں سے جوڑا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے عہدیداران سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری اطلاعات و نشریات اکبر درانی اور پرنسپل انفارمشن آفیسر شاہیرہ شاہد بھی شریک تھیں۔سی پی این ای کے وفد
نے وزیر اطلاعات کو میڈیا صنعت سے وابستہ مسائل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار رائے کے بنیادی حق پر کامل یقین رکھتی ہے۔ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہاکہ میڈیا ہاسز کے واجبات کی ادائیگی کا آج سے آغاز کر رہے ہیں،جس سے ریلیف ملنا شروع ہو جا ئیگا۔ سینیٹر شبلی فرازنے کہاکہ واجبات کی ادائیگی کو صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تنخواہوں سے جوڑا جائے گا۔ایسا میکنزم بنانے جا رہے ہیں جس سے آئندہ یہ مسائل نہ ہوں اور واجبات ساتھ ساتھ ادا ہوتے جائیں۔ اخبارات کا ریجنل کوٹہ ضروری ہے،نامور صحافی چھوٹے اخبارات سے ابھر کر سامنے آئے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ نیوز ایجنسیوں کے مسائل بھی حل کریں گے۔ عید کے بعد ملاقات کا دوسرا سیشن ہو گا، اتفاق کے ساتھ معاملات پر آگے بڑھیں گے۔ اے بی سی کے معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ ویڈیو کانفرنس میں عارف نظامی صدر سی پی این ای، ڈاکٹر جبار خٹک سیکرٹری جنرل، عارف بلوچ، تنویر شوکت، ایس کے نیازی، شاہد عارف، ایاز خان،کاظم خان، انور ساجد، عبدالرحمن، طاہر فاروقی، عامر محمود، حید ر امین، شکیل احمد ترابی، ڈاکٹر اعجاز الحق، جنرل ڈاکٹر حافط ثنااللہ، غلام نبی چانڈیو اور دیگر نے شرکت کی۔

اسلام آباد، وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں اب تک 3 ارب روپے سے زائد کی رقم جمع ہوئی ہے،وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (آئی آئی پی)  وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں اب تک 3 ارب روپے سے زائد کی رقم جمع ہوئی ہے۔ پیر کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ ہرایک روپیہ عطیہ کرنے پر حکومت کی جانب سے4 روپے فنڈ میں شامل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احساس لیبر پورٹل کے تحت اب تک 34لاکھ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

مظفرآباد،سلامتی کونسل کشمیر کے حوالہ سے ذمہ داریاں پوری کرنے میں نا کام رہی ہے۔ صدر آزاد کشمیر

مظفرآباد(آئی آئی پی)  آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ اقوام متحدہ، اس کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل ریاست جموں و کشمیر کے تنازعہ پر خاموشی اختیار کر کے اپنے فرائض اور عالمی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کر رہے ہیں۔ جموں و کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان، اقوام کے سیکرٹری جنرل برطانیہ اور ناروے کے کچھ سابق وزرا اعظم کی اس تنازعہ کے حل کے لیے ثالثی کا خیر مقدم کریں گے لیکن اس کے لیے
ضروری ہے کہ کشمیر ی عوام کو بھی بات چیت اور گفت و شنید کا حصہ بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صدر مظفرآباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے برطانوی پارلیمنٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے پندرہ سے زیادہ ممبران پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی کی صدارت میں ہونے والی اس پارلیمانی کانفرنس سے برطانوی پارلیمنٹ کے رکن  پال بریسٹو، لیبر فرینڈز آ ف کشمیر کے چیئرمین ایم پی اینڈریو گوائن، کنزرو ویٹو پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ اسٹیو بیکر، لیبر پارٹی کی ممبر پارلیمنٹ کیٹ ہولرن، کنزرویٹو پارٹی کی ممبر پارلیمنٹ سارہ بریٹ لیف، سکاٹش نیشنل پارٹی کی ممبر پارلیمنٹ علیسن تھیولیس، لیبر پارٹی کے رچرڈ بر گن کے علاوہ ممبران پارلیمنٹ جوناتھن گولیس، انتھونی ہیگن بوتم، مارکو لونگی، جمیس ڈیلی، جیس فلپس اور پال بریسٹو نے بھی خطاب کیا۔ممبران پارلیمنٹ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں، بھارت میں مسلمانوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں میں کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حق خود ارادیت دینے کی حمایت کی اور اس بات کا بھی یقین دلایا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر موخر ہونے والی بحث کو جلد شروع کیا جائے گا جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی طرف سے کانفرنس میں  غلام محمد صفی اور الطاف احمد بٹ نے نمائندگی کی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ کشمیریوں کی با معنی شرکت کے بغیر مسئلہ کشمیر کا کوئی دیر پا حل ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری سفارتکاری کے ذریعے تنازعہ کشمیر کا حل چاہتے ہیں اور ان کا یہ مطالبہ کوئی گناہ یا جرم ہے اور نہ ہی یہ مطالبہ کوئی عسکریت پسندی ہے ہم بس اتنا کہتے ہیں مذاکرات کی میز پر آئیں اور بات چیت کریں اور یہی مسائل حل کرنے کا مہذبانہ اور با وقار طریقہ ہے اور اس عمل کو شروع کرنے میں اقوام متحدہ کا کردار مرکزی ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ اقوام متحدہ کو سائیڈ لائن کر دیا گیا ہے اور وہ اپنے چارٹر کے مطابق کردار ادا کرنے سے قاصر ہے۔ اس وقت مقبوضہ جموں و کشمیر میں روزانہ کی بنیاد پر انسانی حقوق کی بد ترین پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن ہم دیکھ رہے ہیں کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنے چارٹر کے برخلاف خاموش ہے۔ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف متعصبانہ انتقامی کاررائیوں کا ذکر کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ یہ بھارت اور پاکستان کے درمیان معاملہ نہیں ہے اور اسی طرح مقبوضہ جموں و کشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے یہ ایک عالمی معاملہ ہے۔ بھارت مذہبی بالادستی کے فسطائی راستے پر چل رہا ہے اور بین الاقوامی برداری اپنے سیاسی اور معاشی مفادات کی وجہ سے اس کو نظر انداز یا قالین کے نیچے نہیں دبا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے جو ارکان اس کانفرنس میں موجود ہیں ان سب کا کشمیر کے حوالے سے اہم مسائل پر اتفاق رائے ہے اور ہم سب بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے اس ڈاکٹرائن پر تنقید کر رہے ہیں کیونکہ ہندو توا کا یہ نظریہ پر تشدد انتہا پسندی کو ہوا دے رہا ہے۔ ہم بھارتیوں کے خلاف نہیں ہیں کیونکہ ہمیں معلوم ہے کہ بھارت میں اب بھی لاکھوں ایسے لوگ ہیں جو بھارتی مسلمانوں سے ہمدردی رکھتے ہیں اور کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے کانفرنس سے خطاب کے دوران برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت اور ان سے یکجہتی کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ممبران برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت دینے کے حوالے سے بحث کریں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر آواز بلند کریں۔ صدر آزاد کشمیر نے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی کی طرف سے اس اہم کانفرنس کے انعقاد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان تمام ممبران پارلیمنٹ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہاکہ لاک ڈان کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں ممبران پارلیمنٹ کی کشمیر کے حوالے سے ہونے والی اس کانفرنس میں شرکت کوئی معمولی بات نہیں۔ قبل ازیں کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے آزاد کشمیر کے عوام کی طر ف سے برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے توسط سے برطانیہ کے عوام سے کرونا وائرس کی حالیہ وبا کے دوران جانی نقصان پر گہری ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور انہیں آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کی وبا کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں کرونا وبا کے بعد کی صورتحال سے کانفرنس کے شرکا کو آگاہ کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو اس وقت دہرے لاک ڈان کا سامنا ہے۔ ایک لاک ڈان بھارت نے اگست 2019 میں لگایا تھا۔ پہلے لاک ڈان کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو سز ا دینے اور ان کی ریاست پر دوبارہ قبضہ کرنے اور ان کی ریاست کے حصے بخرے کرنے اور انہیں گھروں کے اندر محصور کرنے اور نوجوانوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں بند کرنے کے لیے لگایا تھا تاکہ وہ بھارت کے خلاف صدائے احتجاج نہ بلند کر سکیں۔ اس وقت جو لاک ڈان مقبوضہ کشمیر میں نافذ ہے اس کی آڑ میں بھارت نوجوانوں کو قتل کر رہا ہے۔ انہیں جیلوں میں بند کر رہا ہے اور کرونا مریضوں کی جان بچانے کے لیے کوئی قابل ذکر اقدام نہیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرونا کے مریضوں کے لیے مناسب تعداد میں وینٹی لیٹر ہیں نہ ہی ڈاکٹروں کے پا س حفاظتی ساز و سامان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو خدشہ ہے کہ بھارتی حکومت کی غفلت اور لا پرواہی کی وجہ سے یہ خطہ کرونا وائرس کا مرکز بن سکتا ہے اور وہ جانوروں کی طرح موت کے منہ میں جا سکتے ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایونٹ کے میزبان اور تحریک کشمیر برطانیہ کے رہنما راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ اس کانفرنس کو منعقد کرنے کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے اور بے گناہ لوگوں پر ہونے والے بھارتی مظالم سے برطانوی قانون ساز وں کو آگاہ کرنے کے علاوہ انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یوں تو جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ ستر سال سے بھارتی بربریت کا شکار ہیں لیکن کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد جب دنیا اس وبا سے لڑنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے حق، حق ارادیت کی جدوجہد کرنے والے کشمیریوں پر مظالم اور ان کے حقوق چھیننے میں مصروف ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی اور نوجوان کشمیری رہنما الطاف بٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر تفصیل سے کانفرنس کے شرکا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس بھارتی حکومت کے کشمیریوں کے خلاف جرائم کو بے نقاب کرنے اور عالمی سطح پر کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کے لیے ایک حکمت عملی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پر امن جنوبی ایشا کے لیے ضروری ہے کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قرار ادوں کی روشنی میں سیاسی و سفارتی کوششوں سے حال کیا جائے اور یہ مقصد حاصل کرنے کے لیے برطانیہ کی پارلیمنٹ اور اس ملک کے پارلیمنٹرین اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

گلگت بلتستان کورونا اپ ڈیٹ

گلگت بلتستان کورونا اپ ڈیٹ
18 مئی 2020 - 6:40 pm
😷😷😷😷😷 x 😷😷 = 10
آج گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 10
مزید نئے مریض سامنے آگئے زیر علاج مریضوں کی مجموعی تعداد 168 سے بڑھ 178 ہو گئ ھے جبکہ آج کوئی مریض صحت یاب نہیں ہوا۔۔
آج گلگت بلتستان کورونا وائرس کے لپیٹ میں آنے والے 10 مریضوں کا تعلق مندرجہ ذیل اضلاع سے ھے
ضلع گلگت ____ 7- مریض
ضلع کھرمنگ __ 1- مریض
ضلع سکردو ___ 1- مریض
ضلع نگر _____ 1- مریض
گلگت بلتستان میں شروع سے اب تک کورونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد آج 540 سے بڑھ کر 550 میں پہنچ گئی ھے جس میں
368 ---- صحت یاب
04 ------ اموات
178 ----- آئیسولیشن سینٹرز میں زیر علاج مریض شامل ہیں
رپورٹ:-- جہانگیر ناجی

ٹرمپ کا کووڈ 19 ویکسین کی تیاری میں ایک مسلم سائنسداں پر بھروسہ

واشنگٹن(ساوتھ ایشین وائر)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کووڈ 19 کی ویکسین تلاش کرنے میں فاسٹ ٹریک پروگرام کی سربراہی کے لئے ایک امریکی مسلم سانسداں، مونسیف محمد سلوئی کو نامزد کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاس میں ایک نیوز بریفنگ میں اعلان کیا کہ 'آپریشن وارپ اسپیڈ کے چیف سائنس دان، ڈاکٹر مونسیف سلوئی ہوں گے، جو عالمی سطح پر معروف امیونولوجسٹ ہیں، جنہوں نے 14 نئی
ویکسینز بنانے میں مدد کی ہے۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر مونسیف کے نجی شعبے میں 10 برسوں کے دوران اتنی بڑی تعداد میں ویکسین تیار کرنا بہت زیادہ ہے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ مراکشی نژاد امریکی امیونولوجسٹ محمد سلوئی ویکسین تیار کرنے کے سلسلے میں دنیا کے سب سے معزز افراد میں سے ایک ہیں۔ محمد سلوئی کی پیدائش 1959 میں شمالی افریقی ملک مراقش کے اگادِر نامی شہر میں ہوئی تھی۔ ڈاکٹر سلوئی گلیکسو سمتھ کلائن کے ویکسین شعبے کے سربراہ رہے ہیں اور تیس برس تک اس کمپنی میں کام کیا۔ ان کی بہن کا کم عمری میں ہی کالی کھانسی کے سبب انتقال ہو گیا تھا۔القمرآن لائن کے مطابق کاسا بلانکا کے محمد وی ہائی اسکول سے فراغت کے بعد ، ڈاکٹر سلوئی نے بیلجیئم میں حیاتیاتیات کی تعلیم حاصل کی اور ہارورڈ میڈیکل اسکول اور ٹفٹس یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن میں پوسٹ گریجویٹ کا کورس کیا۔ انہوں نے 100 سے زائد سائنسی مقالے شائع کیے ہیں اور وہ انٹرنیشنل ایڈز ویکسین انیشیٹیو میں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن ہیں۔ساوتھ ایشین وائر کے مطابق ڈاکٹر سلائی نے وائٹ ہاس بریفنگ میں پروگرام کو متعارف کراتے ہوئے کہا کہ 'میں نے حال ہی میں کورونا وائرس ویکسین کے ساتھ کلینیکل ٹرائل کے ابتدائی اعداد و شمار کو دیکھا ہے۔ اس اعداد و شمار نے مجھے مزید پر اعتماد کر دیا ہے کہ ہم سنہ 2020 کے آخر تک ویکسین کی چند سو ملین خوراکیں فراہم کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
--