Friday, May 22, 2020

گلگت بلتستان کورونا اپ ڈیٹ


گلگت بلتستان کورونا اپ ڈیٹ
22 مئی 2020 - 11:30pm
بانگ سحر نیوز
آج گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مزید 5 نئے مریضوں کے کیسز سامنے آگئے تعداد 186 سے بڑھ کر 191 تک پہنچ گئی تھی جبکہ بعد ازاں 15 مریضوں کے صحت یابی کے بعد اس وقت آئسولیشن وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی مجموعی تعداد گھٹ کر 176 میں آگئی ھے
آج گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے لپیٹ میں آنے والے 5 نئے مریضوں کا تعلق مندرجہ ذیل اضلاع سے ھے۔
ضلع گلگت ---- 4 نئے مریض
ضلع گانچھے --- 1 نیا مریض
جبکہ صحت یاب ہونے والے 15 مریضوں کا تعلق مندرجہ ذیل اضلاع سے ھے
ضلع گلگت ____ 9 مریض صحت یاب ہوئے
ضلع استور ____ 4 مریض صحت یاب ہوئے
ضلع غذر ____ 2 مریض صحت یاب ہوئے
اسی طرح گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کیسز کی مجموعی تعداد آج 602 سے بڑھ کر 607 میں پہنچ گئی ھے جس میں
427 __ اب تک صحت یاب ہوئے
04 __ اب تک اموات ہوئیں
176 __ آئیسولیشن ہسپتال میں زیر علاج مریض شامل ہیں
رپورٹ:- جہانگیر ناجی
ڈیلی بانگ سحر گلگت بلتستان

چینی کمیشن رپورٹ میں عمران خان کو بچایا اورکچھ لوگوں کو قربان کیا گیا ہے،چینی اسکینڈل کے اصل سہولت کار وزیر اعظم عمران خان ہیں، رپورٹ پر مٹی ڈالنے کی پوری کوشش کی گئی، ہم رپورٹ کے اصل حقائق منظر عام آنے تک خاموش نہیں رہیں گے،پی آئی اے کے بیرون ملک ہوٹلوں کا سودا کیا جا رہا ہے، ہوٹل انڈسٹری بیٹھ گئی ہے تب ہوٹل بیچے جا رہے ہیں، یہ ایک اور ڈاکے کی تیاری کی جارہی ہے جس کے پیچھے وزیر اعظم کے چہیتے معاون خصوصی ہیں، لیگی رہنما خواجہ آصف کی میڈیا سے گفتگو

سیالکوٹ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے کاہ ہے کہ چینی اسکینڈل کی رپورٹ میں عمران خان کو بچایا گیا ہے اور کچھ لوگوں کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے،رپورٹ پر مٹی ڈالنے کی پوری کوشش کی گئی، ہم رپورٹ کے اصل حقائق منظر عام آنے تک خاموش نہیں رہیں گے،پی آئی اے کے بیرون ملک ہوٹلوں کا سودا کیا جا رہا
ہے، ہوٹل انڈسٹری بیٹھ گئی ہے تب ہوٹل بیچے جا رہے ہیں، یہ ایک اور ڈاکے کی تیاری کی جارہی ہے جس کے پیچھے وزیر اعظم کے چہیتے معاون خصوصی ہیں۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ چینی کمیشن کی رپورٹ میں عمران خان کو بچایا گیا ہے اور کچھ لوگوں کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے، ہمارا اس رپورٹ سے قبل بھی یہی مطالبہ تھا کہ اس اسکینڈل کے اصل سہولت کار وزیر اعظم عمران خان ہیں، اس رپورٹ پر مٹی ڈالنے کی پوری کوشش کی گئی، ہم اس رپورٹ کے اصل حقائق منظر عام آنے تک خاموش نہیں رہیں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) واحد پارٹی ہے جس کا احتساب ہو رہا ہے، نواز شریف عدالتوں میں پیش ہوئے یہ عدالتوں کا احترام ہے، عمران خان نے 2002 سے منی لانڈرنگ شروع کی تھی،فارن فنڈنگ معاملے میں حکم امتناعی کیوں لیا گیا، بلین ٹری کہاں ہیں اس کا حساب دینا ہوگا، کل تک کنٹینر پر کھڑے ہوکر بھڑکیں مارنے والے وزیر اعظم خود کو احتساب کے لئے کیوں نہیں پیش کرتے۔(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ پی آئی اے کے بیرون ملک ہوٹلوں کا سودا کیا جا رہا ہے، ہوٹل انڈسٹری بیٹھ گئی ہے تب ہوٹل بیچے جا رہے ہیں، یہ ایک اور ڈاکے کی تیاری کی جارہی ہے جس کے پیچھے وزیر اعظم کے چہیتے معاون خصوصی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شوگرکمیشن رپورٹ میں 3 سوال اٹھتے ہیں جن کاجواب رپورٹ میں نہیں دیا گیا ہے، رپورٹ میں جن کی طرف اشارہ ہے اس طرف کمیشن بات نہیں کرتا۔پہلا سوال ہے کہ چینی سے متعلق فیصلہ کرتے وقت صورتحال کا جائزہ کیوں نہیں لیاگیا؟ دوسرا سوال یہ کہ جب قیمتیں بڑھنی شروع ہوئیں تب ایکسپورٹ کو کیوں نہیں روکا گیا، کیا حکومت کے لوگ اس مافیا سے ملے ہوئے تھے، جبکہ تیسرا سوال یہ ہے کہ اس مافیا کوسبسڈی کیوں دی گئی۔خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں جب بھی ایمنسٹی آئی عمران خان اوراس کے خاندان نے فائدہ لیا، انہوں نے تو فارن فنڈنگ پر اسٹے لیا ہوا ہے، احتساب سب کا ہونا چاہیے۔لیگی رہنما نے کہا کہ کل تک کنٹینر پر کھڑے ہوکر بھڑکیں مارنے والے وزیر اعظم خود کو احتساب کے لئے کیوں نہیں پیش کرتے۔

ایلس ویلز کے پاک چین تعلقات پر بیان کا نوٹس لیا ہے، ایلس ویلز کا بیان غیر ذمہ دارانہ، مکمل بے بنیاد اور پرانی طرز پر مبنی ہے، پاک چین تعلقات کو بدنام کرنے کی ایک اور بھونڈی کوشش ہے،سی پیک میں ڈھائی کروڑ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی جائے گی اور پاکستان میں 75ہزار نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے، ترجمان چینی سفارتخانہ

 اسلام آباد(این این آئی)پاکستان میں چینی سفارتخانے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایلس ویلز کے پاک چین تعلقات اور سی پیک سے متعلق بیان کا نوٹس لیا ہے۔ترجمان کے مطابق ایلس ویلز کا بیان غیر ذمہ دارانہ، مکمل بے بنیاد اور پرانی طرز پر مبنی ہے، یہ پاک چین تعلقات کو بدنام کرنے کی ایک اور بھونڈی کوشش ہے، چین اس بیان کی سختی سے مخالفت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کی 69 ویں سالگرہ ہے، پاکستان اور چین نے علاقائی امن کو فروغ دینے کے لئے ہمیشہ مل کر کام کیا ہے۔چینی سفارتخانے کے ترجمان نے کہا کہ کووڈ 19 کے خلاف جنگ کے لیے چین نے 55 ملین امریکی ڈالر کا طبی سامان پاکستان کو مہیا کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ہم پاکستان کو برابر کا شراکت دار سمجھتے ہیں اور ہم نے پاکستان سے کبھی بھی ڈومور کا مطالبہ نہیں، پاکستان کے ترقی کے منصوبے کی حمایت کرتے ہیں اور ان کے مقامی معاملات میں کبھی مداخلت نہیں کی، ہم نے ہمیشہ خطے میں پاکستان کے ذمے دارانہ کردار کو اجاگر کیا اور کبھی بھی ان پر دباؤ نہیں ڈالا۔چین نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری دراصل پاکستان اور چین کی حکومتوں کے درمیان باہمی تعاون پر مبنی ایک منصوبہ ہے، اس میں ہمیشہ باہمی فوائد، تعاون اور شفافیت کا مظاہرہ کیا گیا کہا گیا کہ دونوں فریقین نے سائنسی تحقیق اور برابری کی بنیاد پر کی گئی مشاورت کے بعد منصوبے کی منصوبہ بندیاور اس پر عملدرآمد شروع کیا، اس منصوبے میں کام کفرنے والی تمام چینی کمپنیاں اپنے اپنے شعبوں میں صل اول کی حیثیت رکھتی ہیں اور مقامی قوانین کی مکمل طور پر پیروی کرتے ہوئے کام کررہی ہیں۔بیان میں بتایا گیا کہ سی پیک میں ڈھائی کروڑ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی جائے گی اور پاکستان میں 75ہزار نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے، چین پچھلے پانچ سالوں سے لگاتار پاکستان میں براہ غیرملکی سرمایہ کاری کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔اس موقع پر انہوں نے کورونا وائرس کے سلسلے میں بھی پاکستان کی مدد کا عزم ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ سی پیک میں کام کرنے والی تمام کمپنیوں نے پاکستان میں طبی امداد کے لیے بھاری عطیات دیے، چین میں 20ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں جو چینی حکومت کی جانب سے دی گئی اسکالر شپ پر تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔بیان میں بتایا کیاگیا کہ اگلے مرحلے میں دونوں ممالک صحت عامہ، تعلیم، صنعتی شعبے اور زراعت میں تعاون کو فروغ دیں گے اور کورونا وائرس کے بعد بھی سی پیک پاکستان کی معیشت کی بحالی میں اہم محرک ثابت ہو گا۔چین نے واضح کیا کہ وہ پاکستان پر قرض کی واپسی کے لیے کبھی بھی دباؤ نہیں ڈالے گا اور قرض کے حوالے سے کوئی شرائط عائد نہیں کی گئیں۔بیان میں کہا گیا کہ ہمارا پاکستان اور امریکا کے تعلقات پر تبصرہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں لیکن ہم توقع کرتے ہیں کہ امریکا دونوں ملکوں کو کم از کم بنیادی احترام کی نگاہ سے دیکھے گا اور چین امید کرتا ہے کہ امریکا سرد جنگ اور ایک کا فائدہ اور دوسرے کے نقصان کی سوچ کو ترک کر کے پاکستان کی کچھ ٹھوس امداد کرے گا۔چین نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہمیں کسی استاد کی ضرورت، خصوصاً امریکا جیسے استاد کی ضرورت نہیں۔یاد رہے کہ ایک دن قبل امریکی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیائی امور ایلس ویلز نے آن لائن میڈیا بریفنگ میں پاک چین اقتصادی راہداری اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام کو تنقید کا نشانہ بناتیہوئے کہا تھا کہ وہ اپنے شکاری قرض کی شرائط سے ممالک کو آزاد کرے۔انہوں نے کہا تھا کہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ اقدام شکاری قرضوں سے جو ملک مشکلات کا شکار ہیں، چین انہیں شفاف طریقے سے ان سے ریلیف فراہم کرے تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔

کورونا وائرس، دبئی میں 6 ماہ کے دوران 70 فیصد کمپنیوں کی بندش کا خدشہ، کمپنیوں کے نمائندوں کے مطابق دو تہائی کمپنیوں کو آئندہ 6 ماہ کے دوران بندش کا زبردست خدشہ

دبئی (این این آئی)دبئی چیمبر آف کامرس کی جانب سے کرائے جانے والے ایک سروے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آئندہ 6 ماہ کے دوران دبئی میں 70 فیصد کمپنیاں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث بند ہونے کا خدشہ ہے۔ 16 اپریل سے 22 اپریل تک کیے گئے اس سروے میں دبئی میں قائم کمپنیوں کے 1228 چیف ایگزیکٹو افسران سے سوالات کیے گئے۔ ان کمپنیوں کی تہائی تعداد چھوٹے کاروبار پر مشتمل ہے جن کے ملازمین کی تعداد 20 تک ہے۔ سروے میں حصہ لینے والی کمپنیوں کے نمائندوں کے مطابق دو تہائی کمپنیوں کو آئندہ 6 ماہ کے دوران بندش کا زبردست خدشہ ہے، 27 فیصد کا کہنا تھا کہ انہیں آئندہ ماہ اپنے کاروبار کی بندش کا خدشہ ہے جبکہ 43? فیصد کو توقع ہے کہ 6 ماہ تک معاملہ ختم ہو جائے گا۔ دبئی کو خلیجی ممالک میں تیل پر انحصار نہ کرنے والی معیشت تصور کیا جا تا ہے اور یہ سیاحت، ہوٹلنگ، تفریح، لاجسٹکس، پراپرٹی اور ریٹیل جیسے شعبہ جات پر انحصار کرتا ہے۔ ہوٹلز اور ریسٹورنٹس بین الاقوامی شہرت یافتہ ہیں لیکن ان کی آدھی سے زیادہ تعداد جن کا سروے کیا گیا ہے، کو توقع ہے کہ آئندہ ماہ سے ہی بندش کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔ 74 فیصد ٹریول اینڈ ٹوئر ازم کمپنیوں کا کہنا ہے کہ انہیں بھی اسی عرصہ کے دوران بندش کا خدشہ ہے جبکہ ٹرانسپورٹ، اسٹوریج اور کمیونی کیشن کی 30 فیصد کمپنیوں کو بھی یہی ڈر ہے۔ دبئی چیمبر نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ مکمل اور جزوی لاک ڈاؤن کی وجہ سے اہم مارکیٹس میں طلب کا رجحان منجمد ہو چکا ہے، ڈبل شاک امپیکٹ کی وجہ سے معاشی سرگرمیاں زوال کا شکار ہیں اور ایسی سطح پر پہنچ چکی ہیں جو معاشی بحران کے دنوں میں بھی نہیں تھیں۔ متحدہ عرب امارات اور دنیا کے مختلف ملکوں میں کمپنیاں اپنے ملازمین کی تنخواہیں کم کر رہی ہیں، انہیں بغیر تنخواہ ر خصت پر بھیج رہی ہیں اور اپنے اسٹاف کی تعداد انتہائی کم سطح پر لا رہی ہیں۔ دبئی میں کورونا وائرس کے صرف 26 ہزار مصدقہ کیسز ہیں جبکہ 233 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ دبئی میں مارچ سے تین ہفتوں کیلئے سخت لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تھا۔ دبئی حکومت کے محکمہ مال کے سابق ڈی جی ناصر الشیخ کا کہنا تھا کہ آبادی میں 10 فیصد کمی ہو سکتی ہے۔ دبئی چیمبر کا کہنا تھا کہ زیادہ تر مارکیٹس کیلئے یہ عارضی صورتحال ہے لیکن اس کی ریکوری خلیجی ممالک میں مارکیٹس مکمل طور پر کھلنے سے مشروط ہے جہاں پہلے ہی تیل کی گرتی قیمتوں کی وجہ سے صورتحال خراب ہے-

کراچی،پی آئی اے کا مسافر طیارہ ائیرپورٹ کے قریب گرکر تباہ، 100 سے زائد افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ

کراچی(سی این پی) ائیر پورٹ کے قریب لاہور سے آنے والا پی آئی اے کا مسافر طیارہ گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں تقریبا 100 افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی آنے والی قومی ائیرلائن کی پرواز ائیرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگئی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ سول ایوی ایشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پی آئی اے کی پرواز کا لینڈنگ سے ایک منٹ قبل کا ائیرٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔ذرائع سول ایوی ایشن کا کہنا
ہے کہ طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی اور لینڈنگ سے پہلے اس کے پہیے نہیں کھل رہے تھے جس پر پرواز کو راؤنڈ اپ کا کہا گیا لیکن اس دوران جہاز گر گیا۔ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار طیارے میں 90 سے زائد مسافرسوار تھے جن میں  85 مسافر اکانومی کلاس میں، 6 بزنس کلاس جب کہ دیگر عملے کے ارکان تھے۔ذرائع کے مطابق طیارہ ماڈل کالونی اور ملیر کینٹ کے قریب جناح گارڈن کے پاس آبادی پر گرا ہے اور اس میں گرتے ہی ہولناک آگ لگ گئی، طیارہ گرنے سے علاقے میں کے الیکٹرک کی تاریں اور ٹیلی فون کی تاریں بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ذرائع نے بتایا کہ طیارہ گرنے سے قبل قریب موجود رہائشی عمارتوں کی چھتوں سے ٹکرایا جس سے کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور گھروں کی چھتوں پر بھی آگ لگ گئی جب کہ طیارہ گرنے کے بعد علاقے میں کھڑی گاڑیوں کو آگ لگ گئی۔دوسری جانب،ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی کوئیک رسپارنس فورس،رینجرز طیارہ گرنے کی جگہ پہنچ گئے، پاک فوج،رینجرز،سول انتظامیہ ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے طیارہ گرنے پر دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کمشنر کراچی اورڈی آئی جی کو فون کرکے علاقے میں فوری پہنچنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔وزیراعلی سندھ نے حادثے میں متاثرہ لوگوں کی فوری مددکرنیکی ہدایت کرتے ہوئے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذکردی اور کہا اسپتالوں میں فوری طورپربلڈکابندوبست کیا جائے اور فوری سینئر ڈاکٹرزڈیوٹی پر پہنچیں، مجھے پل پل کی رپورٹ دی جائے۔گورنرسندھ عمران اسماعیل نے پی آئی اے کا طیارہ گرنے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا چیئر مین پی آئی اے کو ٹیلیفون کرکے حادثہ کی پورٹ طلب کرلی ہے اور چیئرمین این ڈی ایم اے کو جائے حادثہ پر امدادی کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

امریکا کورونا کیخلاف جنگ میں مدد فراہم کرنے پر پاکستان کا شکر گزار

واشنگٹن (سی این پی) امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے طبی امداد فراہم کرکے جذبہ خیر سگالی کا ثبوت دیا، کورونا کیخلاف جنگ میں مدد فراہم کرنے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سے امدادی سامان لیکرپاک فضائیہ کاخصوصی طیارہ امریکاپہنچ گیا ہے، امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ کورونا کیخلاف جنگ میں مدد فراہم کرنے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں، پاکستان نے طبی امداد فراہم کرکے جذبہ خیر سگالی کا ثبوت دیا۔امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا تھا کہ دوست ممالک کیساتھ شراکت کوروناکوشکست دینے میں مددگارہے، دوست ممالک کیساتھ ملکر خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔اس سے قبل امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ کورونا سے بچاؤکاحفاظتی سامان بھیجنے پرپاکستان کاشکریہ اداکرتے ہیں، پاکستان کی جانب سے ماسک،حفاظتی لباس بھیجنا جنگ میں یکجہتی کی علامت ہے، کوروناکے خلاف جنگ میں ہم ایک ساتھ ہیں۔یاد رہے پاکستان نے سپر پاور امریکا کو اظہار یکجہتی کے طور پر طبی حفاظتی سامان کا تحفہ بھجوایا، سامان گزشتہ رات اسلام آباد سے سی 130 طیارے کے ذریعے اینڈریو ایئر فورس بیس پہنچا۔سامان وصولی کے موقع پر امریکا کی جانب سے قائم مقام اسسٹنٹ سیکریٹری دفاع سمیت دیگر اعلی افسران موجود تھے، پاکستانی سفیر اسد مجید خان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام دونوں ممالک میں دیرینہ اور قریبی تعاون کا مظہر ہے، دونوں ممالک کے عوام اور افواج میں تاریخی تعلقات کو اجاگر کیا، کہا پاکستان اور امریکا کرونا کے خلاف ایک ساتھ مصروف عمل ہیں۔یاد رہے کہ کرونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی تعداد سب سے ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 1,418 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا سے اموات کی تعداد 96,354 ہو گئی ہے، جب کہ 16 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

شوکت خانم اسپتال میں جدید ترین ریڈیو تھراپی سے کینسر کے علاج کا آغاز

لاہور(سی این پی) شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال میں کینسر کا علاج جدید ترین ٹیکنالوجی ریڈیو تھراپی سے شروع ہو گیا۔شوکت خانم میموریل کینسر اسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عاصم یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ریڈیو تھراپی کے لیے 70 کروڑ روپے کی لاگت سے جدید ترین مشین خریدی گئی ہے۔انھوں نے بتایا کہ اس مشین کی مدد سے ٹیومر کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکتا ہے، ریڈی ایشن مشین سے تھراپی کئی ہفتوں کے بجائے 3 دن میں مکمل ہو جائے گی۔ڈاکٹر عاصم یوسف کا مزید کہنا تھا کہ یہ مشین متاثرہ حصے پر سے ٹیومر کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ باقی جسمانی اعضا کو نقصان نہیں پہنچاتی۔چیف میڈیکل آفیسر شوکت خانم اسپتال نے بتایا کہ جدید تھراپی مشین دماغ، پھیپھڑوں، جگر اور بریسٹ کینسر کے مریضوں کے لیے اہم ہے۔

کرونا وائرس بچے زیادہ پھیلاتے ہیں یا بڑے؟ تحقیق سامنے آ گئی

لندن(سی این پی)کرونا وائرس کی وبا سے متعلق ایک ایسی نئی تحقیق سامنے آئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ وائرس بچے زیادہ پھیلاتے ہیں یا بڑے۔ میڈیا  رپورٹ کے مطابق برطانوی وبائی امراض کے ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ کرونا وائرس بچے اتنے نہیں پھیلاتے جتنا کہ بڑے اسے پھیلاتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بڑی عمر کے افراد کی نسبت بچوں سے یہ کم پھیلتا ہے۔یہ تحقیق ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بعض ممالک میں کرونا لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد اسکول کھولنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں جب کہ سائنس دان اس بیماری کی مکمل روک تھام کے لیے ویکسین کی تیاری پر بھی کام کر رہے ہیں۔طبی تحقیقات میں یہ بات اب سامنے آئی ہے کہ ایسی واضح علامتیں ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ بچوں سے یہ وبا دوسرے لوگوں میں زیادہ منتقل نہیں ہوتی، بڑوں کی نسبت بچے اس کے پھیلا ؤکا بہت کم ذریعہ بنتے ہیں۔اس سلسلے میں ماہرین نے برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان کو بھی تازہ طبی مطالعے کے نتائج سے آگاہ کیا، متعدی بیماریوں سے متعلق برطانوی حکومت کو مشاورت فراہم کرنے والی کمیٹی کا کہنا تھا کہ کرونا کی وبا بڑوں سے زیادہ اور بچوں سے کم پھیلتی ہے۔ڈاکٹر روزالینڈ ایگو کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ بچے انفیکشن کی منتقلی سے کم متاثر ہوتے ہیں، برطانوی سائنسی مشاورتی بورڈ کے ممبر پروفیسر جان ایڈمنڈ نے کہا کہ بچے زیادہ تر وائرل اور سانس کی بیماریوں کو مزید پھیلانے میں بڑوں کی نسبت کم ذمہ دار ہوتے ہیں۔

عالمی سطح پر کو وِڈ 19 کی دو دواؤں کی آزمائش شروع

لندن(سی این پی)برطانیہ اور تھائی لینڈ میں ہیلتھ ورکرز کو وڈ 19 کی دو دواؤں کی آزمائش میں حصہ لے رہے ہیں تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ یہ اینٹی ملیریائی ادویات کرونا وائرس کو روک سکتی ہیں، ان میں سے ایک امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی لے رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی دو دواؤں کی آزمائش میں یورپ، ایشیا،افریقا اور جنوبی امریکا سے 40 ہزار سے زائد ہیلتھ ورکرز حصہ لے رہے ہیں تاکہ اس بات کا تعین کیا جاسکے کہ کیا کلوروکین اور ہائیڈروکسی کلورو کوائن کرونا وائرس کے خلاف جنگ میں کردار ادا کرسکتی ہیں۔امریکی صدر کی جانب سے گزشتہ ماہ جاری کیے جانے والے بیان کے بعد ہائیڈروکسی کلورو کوائن کی مانگ میں اضافہ ہوگیا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ ڈاکٹروں کی جانب سے واضح ہدایات کے باوجود روزانہ ملیریا کی دوا لے رہے ہیں۔کرونا کی دو دواؤں کے حوالے سے کی جانے والی تحقیق میں شامل یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے پروفیسر نکولس وائٹ کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم ابھی تک نہیں جانتے یہ فائدہ مند ہے یا نہیں۔بنکاک میں مہیڈول آکسفورڈ ٹراپیکل میڈیسن ریسرچ یونٹ میں کام کرنے والے پروفیسر نکلولس وائٹ کا کہنا تھا کہ بڑے پیمانے پر کلینیکل ٹرائل کر کے ہی پتہ لگایاجا سکتا ہے کہ یہ دوائیں کتنی سود مند ثابت ہوسکتی ہیں۔سی او پی سی او وی ٹیم کے مطابق لیبارٹری شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ اینٹی ملیریائی دوائیں کرونا وائرس کی روک تھام یا علاج میں موثر ثابت ہوسکتی ہیں لیکن اس کا کوئی حتمی ثبوت نہیں ملا۔یاد رہے کہ 18 مئی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا تھا کہ وہ ڈاکٹرز کی تنبیہ کے باوجود ملیریا کی دوا ہائیڈروکسی کلورو کوائن کا استعمال کر رہے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ ہر روز کووڈ 19سے نجات پانے کے لیے ہائیڈروکسی کلورو کوائن لے رہے ہیں۔امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ میں گزشتہ دو ہفتوں سے یہ دوا روزانہ کھا رہا ہوں۔

چین نے امریکی نائب وزیر خارجہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا

بیجنگ(سی این پی) چین نے ایلس ویلز کے پاک چین تعلقات اور سی پیک سے متعلق بیان کا نوٹس لیتے ہوئے اسے نہایت غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چینی سفارت خانے نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین امریکی نائب وزیر خارجہ کے بیان کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، ایلس ویلز کا بیان غیر ذمہ دارانہ، بے بنیاد اور پرانی طرز پر مبنی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی نائب وزیر خارجہ جنوبی ایشیا ایلس ویلز نے پاک چین تعلقات سے ہٹ کر افغان امن عمل میں تعاون پر پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان خطے کے امن و سلامتی کے لیے پرعزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، امریکا کے تعلقات میں بہتری آئی ہے، طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے زلمے خلیل زاد کو پاکستان کا بھرپور تعاون ملا۔

کرونا کی عالمگیر وبا،متاثرہ افراد کی تعداد 50 لاکھ سے بڑھ گئی

کراچی(سی این پی)نئے وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا 213 ممالک کو لپیٹ میں لے چکی ہے، وبا میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3 لاکھ 34 ہزار 672 ہو گئی ہے، وائرس سے اب تک 51 لاکھ 98 ہزار افراد متاثر ہو چکے ہیں۔تفصیلات کے مطابق انسانیت کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہونے والی کرونا وبا سے اموات کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں دنیا بھر میں 4 ہزار934 افراد وائرس سے ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 1 لاکھ 7 ہزار نئے کیسز سامنے آئے، وائرس سے اب تک 20 لاکھ 82 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔کرونا وائرس سے امریکا سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں اموات کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکا میں 1,418 اموات ہوئیں، جس سے امریکا میں کرونا ہلاکتوں کی تعداد 96,354 ہو گئی ہے، جب کہ 16 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ امریکا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 28 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔ کو وِڈ نائنٹین سے متاثر 3 لاکھ 82 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، تاہم اب بھی 18 ہزار کے قریب مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ امریکا میں نیویارک شہر سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 28,885 اموات ہوئیں اور3 لاکھ 66 ہزار سے زائد لوگ متاثر ہوئے۔برطانیہ اموات کے لحاظ سے دوسرا بڑا ملک بن چکا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 338 نئی اموات کے بعد برطانیہ میں مجموعی اموات 36,042 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2 لاکھ 50 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے تاحال صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔یورپی ملک اٹلی تیسرا ملک ہے جہاں وائرس سے بے پناہ اموات ہوئیں، اب تک یہ وائرس اٹلی میں 32,486 انسانوں کی جانیں لے چکا ہے، اور 2 لاکھ 28 ہزار سے زائد لوگ وائرس سے متاثر ہوئے، جن میں سے 1 لاکھ 34 ہزار مریض صحت یاب ہوئے، اور 700 کے قریب مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ اٹلی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 156 اموات ہوئیں۔فرانس اور اسپین بھی شدید متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہیں، فرانس میں 28,215 افراد وائرس کا شکار ہو کر مرچکے ہیں جب کہ کیسز کی تعداد 1 لاکھ 81 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ اسپین میں اموات 27,940 ہو چکی ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ برازیل میں بھی بہت تیزی کے ساتھ کروناسے اموات کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے، اب تک وائرس سے 20,082 اموات ہوچکی ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 3 لاکھ 10 ہزار سے بڑھ چکی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برازیل میں 1,188 اموات ہو چکی ہیں۔بیلجیئم میں 9,186 مریض، جرمنی میں وائرس سے 8,309 مریض، ایران میں 7,249 مریض، میکسیکو میں 6,510، کینیڈا میں 6,152 مریض، نیدرلینڈز میں 5,775 افراد، چین میں 4,634، ترکی میں 4,249، سوئیڈن میں 3,871، انڈیا میں 3,585، پیرو میں 3,148، روس میں 3,099، ایکواڈور میں 2,939، سوئٹزرلینڈ میں 1,898، آئرلینڈ میں 1,583، پرتگال میں 1,277، انڈونیشیا میں 1,278، رومانیا میں 1,156، پاکستان میں 1,067 جب کہ پولینڈ میں 972 کرونا مریضوں کی اموات ہو چکی ہیں۔

کورونا کیخلاف جنگ، عالمی بینک پاکستان کو مزید 50کروڑ ڈالر فراہم کرے گا،رقم صحت، تعلیم،خواتین کومعاشی مواقع کی فراہمی، کمزور طبقے کی مدد کیلئے استعمال ہوں گی

اسلام آباد (اے ایف بی)عالمی بینک پاکستان کو 50کروڑ ڈالر فراہم کرے گا، رقم صحت، تعلیم،خواتین کومعاشی مواقع کی فراہمی، کمزور طبقے کی مدد کیلئے استعمال ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کیلئے 50 کروڑ ڈالرکی منظوری دے دی گئی، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فنڈزکی منظوری عالمی بینک کے بعد فنڈزصحت، تعلیم،خواتین کومعاشی مواقع کی فراہمی،کمزورطبقے کی مددکیلئے ہوں گے اور رقم کوروناکے منفی اثرات کو محدود رکھنے کیلئے بھی استعمال ہوگی۔

بھارت،شکی مزاج شوہر نے فون نہ اٹھانے پر بیوی کا ہاتھ کاٹ دیا،جب بھی بیوی کو فون کرتا اس کا نمبر مصروف ہوتا، شک تھا کہ اسکا کسی کیساتھ افئیرچل رہا ہے، شوہر کا موقف

نئی دہلی(اے ایف بی)بھارت میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، بیوی کا فون نہ اٹھانے پر  شوہر قرنطینہ توڑتے ہوئے ایک ضلع سے دوسرے ضلع پہنچا اور شک کی بنیاد پر بیوی کا ہاتھ کاٹ دیا۔بھارتی ویب سائٹ ٹائمز ناو کے مطابق بھارتی ریاست چھتیس گڑ میں 25 سالہ للت کوروا بیوی کے فون نہ اٹھانے پر طیش میں آکر قرنطینہ سے فرار ہو گیا، لاک ڈاون کے دوران للت کوروا رائے پور سے جیش پور اپنے گھر پہنچا اور شک کی بنیا د پر اپنی بیوی پیار بائی کا ہاتھ کاٹ کر اسے اور اپنے 2 سال کے بیٹھے کو چھوڑ کر فرار ہو گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق للت کے فرار ہونے کے بعد اس کی بیوی کو اسپتال پہنچایا گیا مگر اس کے ہاتھ کو نہیں جوڑا جا سکا۔دوسری جانب مقامی پولیس کی جانب سے ملزم للت کوروا کو گرفتار کر لیا گیا ہے، پولیس کو دیئے گئے ملزم کے بیان کے مطابق وہ جب بھی اپنی بیوی کو فون کرتا تھا اس کا نمبر کسی دوسرے نمبر پر مصروف ہوتا تھا، اسے شک تھا کہ اس کا کسی کے ساتھ افیئر چل رہا ہے۔للت  کے مطابق وہ اپنی بیوی سے بدلہ لینے کی نیت سے قرنطینہ سے بھاگا تھا، گھر پہنچنے پر اس نے اپنی بیوی کو فون پر کسی کے ساتھ باتوں میں مصروف دیکھا جس کے بعد آری کی مدد سے اس کا ہاتھ کاٹ دیا۔

بھارت،مودی سرکار میں سچ بولنے کی سزا،ڈاکٹر کو پاگلوں کے اسپتال پہنچا دیا،ڈاکٹر سدھاکر کو حکومتی نااہلی اور فیس ماسک، سرجیکل گاؤنزکی کمی کی نشاندہی کرنے پر پولیس نے پکڑ کر پاگل خانے بھیج دیا

نئی دہلی(اے ایف بی) بھارتی اسپتالوں میں فیس ماسک کی کمی کی نشاندہی کرنے والے ڈاکٹر کو حکومتی نااہلی کا پردہ چاک کرنا مہنگا پڑگیا۔ بھارتی ڈاکٹر کو فیس ماسک کی کمی کی نشاندہی کرنے پر پہلے ڈاکٹر کو معطل کیا گیا، پھر پاگلوں کے اسپتال داخل کرا دیا گیا۔ڈاکٹر سدھاکر راو کو پولیس نے پہلے تشدد کا نشانہ بنایا، اس کے بعد پولیس نے ان کو پاگلوں کے اسپتال میں داخل کرا دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر راو نے تین اپریل کو ایک اجلاس میں فیس ماسک اور سرجیکل گاونز کی کمی کی نشاندہی کی تھی، جس پر انہیں نوکری سے بھی معطل کر دیا گیا۔دوسری جانب امریکہ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارت سے مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔امریکہ کے بین الاقوامی مذہبی آزادیوں کے کمیشن نے بھارت سے متعلق اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کورونا بحران کے دوران بھارتی حکومت مسلمانوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ بھارتی حکومت متنازع شہریت کے قانون پر احتجاج کرنے والوں کو گرفتار کر رہی ہے۔امریکی کمیشن نے کہا کہ بھارت میں گرفتار صفورا زرگر حاملہ خاتون ہیں،۔ بھارت اپنا جمہوری حق مانگنے والوں کو نشانہ بنانا بند کرے۔ احتجاج ہرفرد کا جمہوری حق ہے۔خیال رہے کہ امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی پہلے ہی بھارت کو تشویشناک ممالک میں شامل کرنے کی سفارش کر چکا ہے۔

اقوام متحدہ نے بھی خاموشی کا قفل توڑ دیا، اسرائیل کویکطرفہ الحاق سے باز رہنے کا مشورہ، اسرائیل اور فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لئے بامعنی مذاکرات کے دوبارہ آغاز کی حمایت کرتے ہیں

نیویارک(اے ایف بی)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن 4 مغربی ممالک فرانس، جرمنی، بیلجئیم اور ایستونیا اور سابق رکن ممالک میں سے پولینڈ نے اسرائیل سے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے الحاق سے باز آنے کی اپیل کی ہے۔مذکورہ 5 ممالک نے جاری کردہ مشترکہ اعلامیے میں مسئلہ اسرائیل اور فلسطین کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لئے بامعنی مذاکرات کے دوبارہ آغاز کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔اعلامیے میں اسرائیل سے مغربی دریائے اردن کے یک طرفہ الحاق سے باز آنے کی اپیل کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ جب تک اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کوئی سمجھوتہ طے نہیں پاتا ہم 1967 کی سرحدوں کے علاوہ کسی تبدیلی کو تسلیم نہیں کریں گے۔اس دوران اسرائیل ٹیلی ویژن چینل کی خبر کے مطابق روس کے وزیر خارجہ سرگے لاوروف نے اپنے اسرائیلی ہم منصب گابی آشکینازی سے کہا ہے کہ تل ابیب انتظامیہ کے مقبوضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے میں شامل بعض علاقوں نے الحاق پلان کی مخالفت کا اعلان کیا ہے۔

کورونا سے ہلاکتیں،سپر پاور امریکا کا پرچم تین دن سرنگوں کرنے کااعلان،ایک ہی روزکے دوران بارہ سوتریسٹھ اموات اورپچیس ہزارسے زائد کیسز رپورٹ ہوئے

واشنگٹن(اے ایف بی)امریکا میں ایک ہی دن میں کورونا سے ایک ہزارسے زائد اموات اورپچیس ہزارنئے کیسز سامنے آگئے، امریکا میں تین دن تک پرچم سرنگوں کیاجائیگا۔ایک ہی روزکے دوران بارہ سوتریسٹھ اموات اورپچیس ہزارسے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔ متاثرین کی مجموعی تعدادسولہ لاکھ سیزائد جبکہ  ہلاکتیں بھی چورانوے ہزارسات سوسے تجاوزکرگئیں۔ادھرامریکی صدرخود حفاظتی اقدامات پرعملدرآمد  سے گریزاں ہیں۔ ریاست مشی گن میں فوڈ فیکٹری کے دورے پرماسک اتار دیا اور کہاروزکورونا ٹیسٹ ہوتاہے، اس لیے اسے پہنناغیرضروری ہے اورمیں میڈیا کوبھی یہ دیکھنے کی خوشی نہیں دیناچاہتاتھا۔ٹرمپ نے کورونا سے جان کی بازی ہارنے والے امریکیوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کیلیے تین دن تک پرچم سرنگوں کرنیکا اعلان کردیا۔

ترجمان مسلم لیگ(ن) نے چینی انکوائری کمیشن رپورٹ پر سوالاٹ اٹھا دئیے، عمران صاحب نے بطور وزیراعظم چینی کی سبسڈی، ایکسپورٹ اور مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت بڑھانے کی اجازت دی، کمیشن میں کیوں نہیں بلایا گیا؟ شہباز شریف جھوٹے مقدمات میں نیب کے عقوبت خانے میں رہ سکتے ہیں تو عمران اور بزدار کو جرم ثابت ہونے پہ گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟مریم اورنگزیب

 لاہور(اے ایف بی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان  نے  چینی انکوائری کمیشن  رپورٹ پر سوالاٹ اٹھا دئیے،مریم اورنگزیب   نے کہا ہے کہ  چینی انکوائری کمیشن کی پہلی رپورٹ میں شریف خاندان کی مِل کا نام موجود نہیں تھا، عمران خان کو بچانے کے لئے شہبازشریف کے نام کی پرچی ڈالی گئی عمران صاحب کوئی شرم بھی ہوتی ہے کوئی حیا بھی ہوتی ہے، اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان سے چینی انکوائری کمیشن رپورٹ سے متعلق چند سوالات اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کمیشن بنانا، رپورٹ شائع کرنا سب عمران صاحب کو بچانے کا ایک سرکس اور نوٹنکی ہے چینی چوری کے
فیصلوں کی منظوری عمران اور بزدار صاحب نے دی اور کرپشن شریف خاندان کی ملوں نے کر لی؟  عمران اور بزدار صاحب کو چینی چوری کے فیصلوں کی منظوری دینے کی میٹنگ کیسے یاد نہیں؟ عمران صاحب نے بطور وزیراعظم چینی کی سبسڈی، ایکسپورٹ اور مقامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت بڑھانے کی اجازت دی، کمیشن میں کیوں نہیں بلایا گیا؟اصل چینی چور عمران صاحب  کا رپورٹ سے نام غائب کرنے سے جرم ثابت ہو گیا اگر نواز شریف بطور وزیراعظم قانون کے سامنے پیش ہو سکتے ہیں تو چینی چور عمران صاحب کیوں نہیں؟ شہباز شریف جھوٹے مقدمات میں نیب کے عقوبت خانے میں رہ سکتے ہیں تو عمران اور بزدار صاحب کو جرم ثابت ہونے پہ گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟  مریم اورنگزیب نے  سوال کیا کہ  خسرو بختیار کے بھائی سے پوچھ گچھ نہیں ہوئی کیونکہ ان کے پاس کوئی سیاسی عہدہ نہیں تو عمران صاحب بتائیں کہ مریم نواز، حسن، حسین، سلمان شہباز اور یوسف عباس  کے پاس کون سا سیاسی عہدہ تھا؟ شریف خاندان پہ جھوٹے مقدمات کیوں بنائے؟ روزانہ کی بنیاد پر ان کا میڈیا ٹرائیل کیوں کیا گیا؟ مریم نواز شریف کے پاس کون سا سیاسی عہدہ تھا کہ انہیں دو مرتبہ سزائے موت دی جا چکی اور نیب کے عقوبت خانے میں رکھا گیا؟ خسرو بختیار کے بھائی کے کاروبار سے تعلق نہیں تو پھر شہباز شریف کا ان کے بچوں کے کاروبار سے تعلق کیسے بنتا ہے؟چینی پرسبسڈی، برآمد سمیت ہر فیصلے کے ذمہ دار عمران صاحب ہیں، یہ سچ کیوں نظر نہیں آیا؟ شریف خاندان کی شوگر مِلیں قانون کے مطابق کام کرتی ہیں، ایف بی آر ہر سال سرٹیفائے کرتا ہے تو کرپشن کیسے ہو گئی؟شریف خاندان کی کسی مِل نے ایک دھیلے کی چینی برآمد نہیں کی؟ چینی برآمد کا ثبوت لائیں نواز شریف کی رمضان شگر مل بند پڑی ہے؟ کرپشن کہاں سے ہو گئی؟خسرو بختیار کی پنجاب کی کسی بھی شوگر مل کو تحقیقاتی کمیشن میں شامل کیوں نہیں کیا گیا؟ پہلی رپورٹ میں شریف خاندان کی مِل کا نام موجود نہیں تھا، عمران خان کو بچانے کے لئے شہبازشریف کے نام کی پرچی ڈالی گئی عمران صاحب کوئی شرم بھی ہوتی ہے کوئی حیا بھی ہوتی ہے۔

شہبازشریف نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کے استعفے کا مطالبہ کر دیا

لاہور(اے ایف بی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے  وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب کے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو لوٹنے کی اجازت دینے والے وزیراعظم عمران خان
مستعفی ہوں عمران خان کو ذمہ دار نہ ٹھہرا کر رپورٹ میں سیاہ کو سفید ثابت کرنے کی کوشش کی گئی  ہے، اپنے ایک بیان میں شہاز شریف نے کہا کہ عمران خان نے پہلے قومی خزانہ لوٹنے کی اجازت دی پھر کہا جنہوں نے لوٹا ہے ان کو گرفتارکرلوعوام کی آٹاچینی چوری کے تمام فیصلوں کی منظوری عمران خان نے دی، اب وہ اس ذمہ داری کو کسی اور پر نہیں ڈال سکتے،قوم کو لوٹنے کا لائسنس عمران خان نے دیا، اس پر دستخط عمران خان نے کئے،عوام کی چینی چوری کرنے والے گروہ کے سرغنہ کا نام وزیراعظم عمران خان ہے انہوں نے سوال اٹھایا کہ ملک میں چینی کا ذخیرہ تھا ہی نہیں، پھر وزیراعظم نے اجازت کیوں دی؟شوگرایڈوائزری بورڈ اور سیکریٹری خوراک نے مخالفت کی، پھر وزیراعظم عمران خان نے چینی کی برآمد کی اجازت کیوں دی؟

ملک کوبری طریقے سے لوٹا گیا،مگراب قانون اپناراستہ اختیار کرے گا، خوشی ہے پوری کابینہ کرپشن کے خلاف جنگ میں میرے ساتھ ہے، میں وہی کام کر رہا ہوں جو عوام کیلئے بہتر ہے،کوئی چاہے کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو،جرم کی معافی نہیں ملے گی،وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کے بعد وزیر اعظم عمران کی گفتگو

اسلام آباد (اے ایف بی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ   ملک کوبری طریقے سے لوٹا گیا،مگراب قانون اپناراستہ اختیار کرے گا، خوشی ہے پوری کابینہ کرپشن کے خلاف جنگ میں میرے ساتھ ہے، میں وہی کام کر رہا ہوں جو عوام
کیلئے بہتر ہے،مافیازکیخلاف طویل جدوجہدکی ہے،موقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، کوئی چاہے کتناہی طاقتورکیوں نہ ہو،جرم کی معافی نہیں ملے گی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، وزیراعظم اورکابینہ ارکان نے شوگرکمیشن کے  سربراہ واجد ضیاکوشاباشی دیتے ہوئے کہاآپ نے  تحقیقات کے دوران  بہترین کام کیا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پوری تحقیقاتی رپورٹ میں کوئی ابہام نہیں، مافیا کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، مافیازکیخلاف طویل جدوجہدکی ہے،موقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت میں آکرپتاچلاملک مافیازکے رحم  و کرم پرچھوڑدیاگیا، جس طرف دیکھو مافیاز سرگرم ہیں، کوئی چاہے کتناہی طاقتورکیوں نہ ہو،جرم کی معافی نہیں ملے گیانھوں نے کہا کہ ملک کوبری طریقے سے لوٹا گیا،مگراب قانون اپناراستہ اختیار کرے گا، خوشی ہے پوری کابینہ کرپشن کے خلاف جنگ میں میرے ساتھ ہے، میں وہی کام کر رہا ہوں جو عوام کیلئے بہتر ہے۔

پاکستان میں کرونا وائرس سے ایک دن میں ریکارڈ 50 اموات، کیسز 50 ہزار سے بڑھ گئے،خیبر پختون خوا میں 365، سندھ 336، پنجاب 310، بلوچستان 39، اسلام آباد 12، گلگت بلتستان میں 4 اموات ہوئیں

اسلام آباد(اے ایف بی)کرونا وائرس کی عالمگیر وبا میں پاکستان کیسز کی تعداد کے لحاظ سے 213مملک میں دنیا کا 19واں ملک بن چکا ہے، ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 50ہزار سے بڑھ گئی، گزشتہ روز وائرس سے 50اموات ریکارڈ کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں 50,694افراد متاثر ہو چکے ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید پچاس افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 1,067ہو گئی ہے۔پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے کرونا وائرس سے متعلقہ اعداد و شمار کچھ یوں ہے کہ 10لاکھ آبادی میں اموات کی شرح 5 فی صد ہے، جب کہ 10لاکھ آبادی میں کیسز کی تعداد بھی 218ہے۔ ملک میں 111 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹس کی شرح 10 لاکھ آبادی میں 1,949 ہے۔تازہ ترین  اعدادو شمار  کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 34 ہزار 426 ہے، پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 2,603 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ اب تک 15,201 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید پچاس اموات رپورٹ ہوئیں، سب زیادہ اموات اب تک خیبر پختون خوا میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 365 ہے، اس کے بعد سندھ میں 336 اموات، پنجاب میں 310 اموات، بلوچستان میں 39، اسلام آباد میں 12، گلگت بلتستان میں 4 اموات جب کہ آزاد کشمیر میں صرف ایک موت ریکارڈ ہوئی ہے۔سندھ میں کرونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 19,924 ہو گئی، پنجاب میں 18,455 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 7,155، بلوچستان میں 3,074، اسلام آباد میں 1,326 ہو گئی، گلگت بلتستان میں 602 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 158 ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 16 ہزار 387 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 4 لاکھ 45 ہزار 987 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ سندھ میں 6,325 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، پنجاب میں 5,312 مریض، خیبر پختون خوا میں 2,198 مریض، بلوچستان میں 724 مریض،گلگت بلستان میں 412 مریض، اسلام آباد میں 151 جب کہ آزاد جموں و کشمیر میں 79 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ، 91 مسافر سوار تھے،اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

کراچی(اے پی پی)لاہور سے کراچی آنے والا پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی اے) کا مسافر طیارہ کراچی ائرپورٹ کے
قریب گر کر تباہ ہوگیا ہے ، پی آئی اے ترجمان نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ طیارہ میں 91 مسافر تھے ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ حادثہ کے بعد سی ای او پی آئی اے خصوصی طیارہ سے کراچی پہنچ رہے ہیں ۔ حادثہ کے بعد وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور سینئرز ڈاکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری اسپتالوں میں پہنچ جائیں ۔ پاک بحریہ نے بھی جائے حادثہ پر آگ بجھانے کے لئے چار فائر ٹینڈرز روانہ کردئیے ہیں ۔ حادثہ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو اور ریلیف کے کاموں کا آغاز کردیا ہے ۔


کورونا ہسپتال محمد آباد میں تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تکنیکی ماہرین اور سپیشلسٹ کی ٹیم دورہ کرے اور تین دنوں میں تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے، کورونا وائرس کے مریضوں کا ہوم آئیسولیشن کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے کمیونٹی سے تحریری ضمانت لی جائے،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن

گلگت (نامہ نگار خصوصی)وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ کورونا ہسپتال محمد آباد میں تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے تکنیکی ماہرین اور سپیشلسٹ کی ٹیم دورہ کرے اور تین دنوں میں تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائی جائے۔ عوام غیر ضروری طو رپر بازاروں کا رخ نہ کریں۔ انتظامیہ اور پولیس کیساتھ تعاون کریں۔ محکمہ صحت کے ہدایت نامے کے مطابق کورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ گلگت میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہاہے۔ عوام
اپنی ذمہ داری کا احساس کریں۔ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ 
وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ کوورنا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کیلئے تمام اقدامات صوبائی حکومت اپنے وسائل سے کررہی ہے۔ مستحقین کو راشن فراہم کرنا بھی حکومت اپنے ہی وسائل سے کررہی ہے۔ وفاقی حکومت نے کورونا وائرس سے متعلق آپریشنل اخراجات کیلئے حکومت گلگت  بلتستان کو کسی قسم کی مدد نہیں کی ہے اور کوئی رقم فراہم نہیں کیا ہے متعدد بار کہنے کے باوجود۔ وفاقی حکومت کو دو ارب کی ڈیمانڈ بجھوائی گئی تھی لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے یقین دہانی کے باوجود حکومت گلگت  بلتستان کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہیں کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کا ہوم آئیسولیشن کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے کمیونٹی سے تحریری ضمانت لی جائے۔ جن کورونا وائرس کے مریضوں کو ہوم آئیسولیشن کرایا جائے گا وہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ تمام متعلقہ سٹاف کو پی پی ایز کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے صوبائی سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ ہسپتالوں میں سیکورٹی کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔ چاند رات کے موقع پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عیدگاہوں اور مساجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ کورونا وائرس مزید نہ پھیلے۔ 
وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا صورتحال کے پیش نظر عید سادگی سے اپنے گھروں میں ہی منائے اسی لئے وزیر اعلیٰ ہاؤس سمیت تمام سرکاری سطح پر ہونے والے عید ملن تقریبات منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ صوبے میں سرکاری سطح پر کوئی عید ملن کا پروگرام نہیں ہوگا۔ 

آئندہ آنے والا دور نئی ٹیکنالوجیز کا دور ہو گا اور یہی ٹیکنالوجیز مستقبل میں بین الاقوامی تعلقات اور نئے عالمی اتحادوں کی بنیاد رکھیں گی،صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان

مظفرآباد(نامہ نگار خصوصی)صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے لئے بھارت اور دنیا سے انصاف حاصل کرنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ ہم پاکستان معاشی اور فوجی اعتبار سے ایک مضبوط ملک بنائیں۔ ہمیں یہ بات سمجھنی چاہیے کہ آئندہ آنے والا دور نئی ٹیکنالوجیز کا دور ہو گا اور یہی ٹیکنالوجیز مستقبل میں بین الاقوامی تعلقات اور نئے عالمی اتحادوں کی بنیاد رکھیں گی۔ کسی ملک کی معاشی قوت اور اس کا بین الاقوامی سیاسی ثر و رسوخ اور دفاعی قدوقامت کی بنیاد بھی یہی ٹیکنالوجیز بنیں گی۔ افواج پاکستان کے میگزین ہلال کہ انگریزی ایڈیشن کے لئے لکھے گے اپنے ایک مضمون میں صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ اگرچہ گزشتہ سال اگست میں بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر پر دوبارہ قبضے کے بعد کئی نئی طاقتور قوتوں نے کشمیریوں کے انسانی حقوق اور ان کے حق خودارادیت کی حمایت میں آواز اٹھائی لیکن ابھی بھی دنیا کے طاقتور ممالک اپنے مخصوص سیاسی و معاشی مفادات کی وجہ سے بھارت کے خلاف کھل کر بولنے کے لئے تیار نہیں۔ مقبوضہ ریاست کے اندر کشمیریوں نے بھارت کے استعماریت کو جب کلی طور پر مسترد کیا تو انہیں قید میں ڈال کر بولنے سے سختی سے روک دیا گیا۔ بھارت کی طرف سے طاقت کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں نے کسی نہ کسی شکل میں اپنا احتجاج جاری رکھا ہوا ہے۔ کشمیریوں میں سے کئی اپنی اور اپنے خاندانوں کی زندگی بچانے کے لئے خاموش ہو گے ہیں، کئی کشمیریوں نے سول نافرمانی شروع کر
رکھی ہے اور صرف چند سو ایسے نوجوان ہیں جو پوری طرح مسلح بھی نہیں وہ بھارت کی نولاکھ مسلح ترین فوج کا مقابلہ کرنے کے لئے میدان میں ہیں۔ صدر آزادکشمیر نے اپنے مضمون میں لکھا ہے کہ کشمیر اس وقت بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی اور اس نظریاتی ماں آر ایس ایس کی طرف سے چلائی جانے والی نفرت کا مہم کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ہندوتوا کے پیروکاروں کے ذہنوں کو اس قدر مسلمانوں کے خلاف پراگندا کر دیا گیا ہے کہ وہ مسلمانوں اور کشمیریوں کے نام سے بھی نفرت کرتے ہیں اور ان کے خلاف بلا روک ٹوک تشدد، قتل کرنے اور انہیں زبردستی اپنا مذہب چھوڑ کر ہندو مذہب اختیار کرنے کو جائز سمجھتے ہیں۔ مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تشدد کی ایک نہ ختم ہونے والی لہر نے پہلے کشمیر اور پھر پورے ہندوستان کو اپنے گھیرے میں لے رکھا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ان وحشی ہندوؤں کی مسلمانوں کے خلاف نفرت کی پیاس اس وقت تک نہیں بجھے گی جب تک لاکھوں لوگوں کو قتل نہ کر دیا جائے۔ اس وقت بھارت میں مسلمان ہی بی جے پی اور آر ایس ایس کے نشانے پر ہیں لیکن دوسری مذہبی اقلیتیں جیسے دلت اور عیسائی وہ بھی اپنے آپ کو محفوظ نہیں خیال کرتے۔ کشمیر کی آزادی اور حق خودارادیت کی تحریک اب ایسالگتا ہے کہ تہذیبی تصادم میں تبدیل ہو چکی ہے۔ کشمیر اور بھارت کے مسلمانوں کے حوالے سے عرب دنیا نے بھی اب ایک نئی انگڑائی لی ہے جہاں کی گلیوں میں بھارت کے مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔صدر آزادکشمیر نے کہا کہ یہ ایک لمبی جدوجہد ہے جس کا کوئی فوری اور وقتی حل نہیں لیکن ملک کی معیشت کو درست کرنے سمیت دفاعی، اسٹرٹیجک اور سفارتی محاذوں کو متحرک کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ دریں اثناء صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان نے اپنی کئی ٹویٹوں کے ذریعے ایک امریکی اخبار میں چھپنے والی اس رپورٹ کو گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دیا جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ سے بچنے کے لئے لائن آف کنٹرول کے پاکستانی حصہ میں تعمیر کئے گئے کمیونٹی بنکرز خواتین کے لئے محفوظ نہیں۔ صدر آزادکشمیر نے کہا کہ امریکی اخبار کو یہ گمراہ کن رپورٹ چھاپنے سے پہلے حقائق کا علم حاصل کرنا چاہیے تھا یہ بنکرز اگرچہ پاک آرمی اور حکومت آزادکشمیر نے تعمیر کئے ہیں لیکن یہ بنکرز تعمیر ہونے کے بعد کمیونٹی کی ملکیت ہیں میں اور پوری طرح خواتین کے لئے محفوظ ہیں۔ 

چیف الیکشن کمشنر گگت بلتستان راجہ شہباز صاحب جنرل الیکشن کے ساتھ ساتھ بلدیاتی انتخابات کروانے کا بھی اعلان کردیں، پاکستان پیپلز پارٹی نومل کے نائب صدر منظوم حیسن

گلگت(نامہ نگار)چیف الیکشن کمشنر گگت بلتستان  جنرل الیکشن گگت بلتستان  کے ساتھ ساتھ بلدیاتی انتخابات کروانے  کا بھی اعلان کردیں ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی نومل کے نائب صدر منظوم حیسن نے اپنی ایک اخباری بیان میں کہا.  گزشتہ 10,12 سالوں سے بلدیاتی انتخابات  التواء کا شکار ہیں عوام کو بیوروکریسی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے جو اپنی پسند ناپسند کی بنیاد پر سیکموں کو تقسیم کرتے ہیں عوام کے بنیادی مسائل کا حل بلدیاتی نظام حکومت ہے سیاستدان کو بلدیاتی نظام حکومت سے عوام کی بنیادی مسائل کا حل اور بنیادی عوامی  سیاست  سیکھنے کا موقع بھی فراہم ہوتا ہے جمہوریت کی ابتداء ہی بلدیاتی نظام حکومت ہے پورا پاکستان میں بلدیاتی نظام حکومت موجود ہے تو گگت بلتستان کیوں نہیں کروایا جاتا ہے لہذا چیف الیکشن کمشنر گگت بلتستان راجہ شہباز صاحب جنرل الیکشن کے ساتھ ساتھ بلدیاتی 
انتخابات کروانے کا بھی اعلان کردیں