Friday, June 5, 2020

پاکستان میں مقیم امریکی شہری سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی

 اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں مقیم امریکی شہری سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔ سنتھیا رچی نے سینیٹر رحمان ملک پر زیادتی، سابق وزیرصحت مخدوم شہاب الدین اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پربد سلوکی کا الزام لگایا۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ رحمان ملک نے 2011 میں زیادتی کی جب وہ وزیر داخلہ تھے،یوسف رضا گیلانی نے تب دست درازی کی جب وہ ایوان صدر میں مقیم تھے۔سنتھیا رچی نے رحمان ملک پر ریپ کرنے کا الزام لگادیا،رحمان ملک نے 2011 میں ریپ کیا جب وہ وزیر داخلہ تھے۔

کورونا سے مزید 85افراد جاں بحق،تعداد 1898ہوگئی، کیسز کی تعداد 91ہزار 171ہوگئی،عالمی وبا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہزار 128 سے بڑھ کر 33 ہزار 144ہوگئی

 اسلام آباد (این این آئی) ملک بھر میں مزید 4406 کیسز اور 85 اموات سامنے آنے کے بعد اب تک ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد 91 ہزار 171 جبکہ اموات 1898 ہوگئیں۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 1353 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 34 ہزار 889 ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ نئے کیسز میں سے 984 کراچی میں سامنے آئے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے بتایا کہ 40 مزید مریض انتقال کرگئے جو اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ان اموات کے بعد سندھ میں مجموعی طور پر جاں
بحق مریضوں کی تعداد 615 ہوگئی ہے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت 16 ہزار 487 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 370 کی حالت تشویشناک ہے۔انہوں نے بتایا کہ مزید 1005 مریض صحتیاب ہو کر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد اب تک شفایاب مریضوں کی تعداد 17 ہزار 787 ہوچکی ہے۔صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 2040 نئے کیسز اور 22 اموت کی تصدیق ہوئی۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ کے مطابق 2040 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 31 ہزار 104 سے بڑھ کر 33 ہزار 144 ہوگئی۔انہوں نے بتایا کہ مزید 22 اموات کے بعد کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 629 ہوگئی۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد جو وائرس کے پھیلاؤ کی ابتدا میں کافی کم متاثر تھا وہاں اب کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافے کا رجحان دیکھنے میں آیا۔سرکاری سطح پر جاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں ایک روز میں ریکارڈ 402 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ مزید 3 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔نئے اضافے کے بعد اب تک اسلام آباد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3544 سے بڑھ کر 3946 تک پہنچ گئی ہے۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 569 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 12459 ہوگئی۔بیان میں وائرس سے مزید 20 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 541 ہوگئی ہے۔جاں بحق ہونے والے نئے مریضوں میں سے 5 کی پشاور، 4 کی ایبٹ آباد، نوشہرہ، سوات اور باجوڑ میں 2، 2 جبکہ مردان، صوابی، چارسدہ، بٹگرام اور مالاکنڈ میں ایک، ایک موت واقع ہوئی،ادھر گلگت                بلتستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا تاہم یومیہ کیسز کی تعداد گزشتہ روز کے مقابلے میں کم رہی۔سرکاری سطح پر جاری اعداد و شمار کے مطابق آج گلگت بلتستان میں مزید 28 افراد عالمی وبا سے متاثر ہوئے۔مذکورہ اضافے کے بعد گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 824 سے بڑھ کر 852 تک پہنچ گئی،علاوہ ازیں ملک میں کورونا وائرس سے سب سے کم متاثر ہونے والے علاقے آزاد کشمیر میں 14 کیسز سامنے آئے،سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کیسز میں اضافے کے بعد آزاد کشمیر میں عالمی وبا کے متاثرین کی تعداد 285 سے بڑھ کر 299 ہوگئی تاہم ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کی خطرناک ہوتی صورتحال کے باوجود اس مرض سے صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 1070 افراد نے وائرس کو شکست دی۔مذکورہ اضافے کے بعد پاکستان میں عالمی وبا سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد 30 ہزار 128 سے بڑھ کر 33 ہزار 144ہوگئی۔

کورونا وائرس بحران کے باعث 30 لاکھ افراد بے روزگار ہو نے کا خدشہ، غربت کی شرح 24.3 فیصد سے بڑھ کر 33.5 فیصد ہو جائیگی، پاکستان کی برآمدات کم ہو کر 21.22 ارب ڈالرز رہیں گی،رواں مالی سال جون تک ایف بی آرکے ریونیو میں 700 سے 900 ارب روپے تک کمی ہو گی،وزارت خزانہ کا سینیٹ میں تحریری جواب

اسلام آباد(این این آئی)وزارت خزانہ نے  خدشہ ظاہر کیا ہے  کہ کورونا وبا کے باعث ملک میں 30 لاکھ افراد بے  روزگار ہو سکتے ہیں۔سینیٹ میں وزارت خزانہ کی جانب سے  جمع کرائے  گئے  تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ کورونا سے قبل جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ 3.24 فیصد تھا جب کہ مالی سال 20-2019 میں 0.4 فیصد کی منفی شرح نمو رہی، رواں مالی سال اپریل سے  جون تک ایف بی آرکے  ریونیو میں 700 سے  900 ارب روپے  تک کمی ہو گی،اس طرح ایف بی آر کا ٹیکس ریونیو 3905 ارب روپے  تک گر سکتا ہے، مالی خسارہ 7.5 فیصد سے  بڑھ کر 9.4 فیصد ہو جائے  گا۔وزارت خزانہ کا کہنا ہے  کہ کورونا بحران کے  باعث غربت کی شرح 24.3 فیصد سے  بڑھ کر 33.5 فیصد ہو جائے گی، پاکستان کی برآمدات کم ہو کر 21.22 ارب ڈالرز رہیں گی جب کہ بیرون ملک کام کرنے  والے  مزدوروں کی ترسیلات میں 2 ارب ڈالرز کی کمی ہو گی۔ کورونا بحران کے  باعث 30 لاکھ افراد بے  روزگار ہو سکتے  ہیں، کورونا بحران کے  باعث 30 لاکھ افراد بے  روزگار ہو سکتے  ہیں۔

مریکی جرنیلوں کا فوج کومظاہرین کیخلاف استعمال کرنے سے انکار، احکامات ماننے سے انکار، واشنگٹن کے باہر تعینات فوجی شمالی کیرولائناواپس روانہ، ٹرمپ اپنے موقف سے پسپا ہونے پر مجبور، امریکی افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک میلی نے صدر ٹرمپ پر سرعام تنقید کی تھی،غیر ملکی میڈیارپورٹ

واشنگٹن(این این آئی)امریکی جرنیلوں نے صدر ٹرمپ کے کہنے پر فوج کو مظاہرین کے خلاف استعمال کرنے سے انکار کر دیا، صدر ٹرمپ اپنے موقف سے پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے، واشنگٹن کے باہر تعینات فوجی واپس شمالی کیرولائنا بھیج دیے گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک میلی نے
صدر ٹرمپ پر سرعام تنقید کی تھی اور فوج کو حکم دیا تھا کہ وہ آئین کی پاس داری کرے، سابق جرنیلوں نے صدر ٹرمپ پر فوج کو سیاسی چپقلش میں گھسیٹنے کی کوشش کا الزام لگایا تھا۔ڈونلڈ ٹرمپ کے دست راست سینیٹر لنزی گراہم نے بھی تسلیم کیاکہ وہ اب یہ نہیں کہہ سکتے کہ صدر ٹرمپ پر کوئی الزام عائدہی نہیں کیا جاسکتا۔ری پبلکن سینیٹر لیزا مرکووسکی نے جیمز میٹس کے بیان کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور تسلیم کیا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ کھڑا ہونا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ کی بغض ہنزہ اور محکمہ صحت کی نااہلی کے باعث بالائی ہنزہ کے عوام کو صحت کے شعبہ میں شدید مشکلات، ظہور کریم ایڈووکیٹ

ہنزہ(بیورورپورٹ)پیپلزپارٹی ضلع ہنزہ کے صدر ظہور کریم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ بالائی ہنزہ کے عوام صحت کی بنیادی سہولیات سے یکسر محروم ہیں، چپورسن کے 9گاوں، شمشال،سوست، خدا آباد،سمیت دیگر گوجال کے بالائی علاقے میں
ایک ڈاکٹر تک میسر نہیں ہے۔انہوں نے جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کی بغض ہنزہ اور محکمہ صحت حکام کی نااہلی کے باعث بالائی ہنزہ کے عوام کو صحت کے شعبہ میں شدید مشکلات کا سامنا ہے،چھوٹی سے چھوٹی بیماری کیلئے شمشال اور چپورسن کے آخر گاوں سے سینکڑوں کلومیٹر سفر کرکے علی آباد یا گلگت جانا پڑھتا ہے اور اس لاک ڈاون کے دوان عام ٹرانسپورٹ نہیں ہونے اور جگہ جگہ روکنے کے باعث مزید مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کو ہنزہ کی زمینیں اور وسائل تو نظر جلد آتے ہیں لیکن یہاں کے غریب عوام کے مسائل کبھی نظر نہیں آئیں ہیں۔ اس جدید دور میں ہزاروں کی آبادی پر مشتمل گوجال بالا میں ایک ڈاکٹر کا نہیں ہونا حکومت اور ہنزہ سے تعلق رکھنے والے سیکریٹری صحت کے منہ پر تمانچہ ہے۔ظہور کریم نے کہا ہے کہ کرونا وباء کے ایمرجنسی کے باعث ہنزہ میں تعینات ڈاکٹروں کو دیگر ایمرجنسی کے علاقوں میں ٹرانسفرکیا گیا تھا جن کو ابھی تک دوبارہ واپس نہیں بلوایا گیا ہے اور اس وقت ہنزہ میں کرونا کی سنگین صورت حال ہے اور ہسپتالوں میں ایک بھی سپیشلسٹ ڈاکٹر موجود نہیں ہے۔

کرونا سے مزید40 مزید مریضوں کی اموات، 1353 نئے کیس سامنے آئے،اس وقت 370 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں 62 مریضوں کووینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے،وزیراعلیٰ سندھ

کراچی (این این آئی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے مزید 40 مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 1353 نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ زیراعلی ہاس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ  7377 ٹیسٹ کئے گئے جن سے1353 نئے کیسز کا پتہ چلا۔ حکومت نے 215860 ٹیسٹ کروائے ہیں جن کے نتیجے میں 34889 کیسز  کی تشخیص  مثبت آئی ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں  40 مزید مریضوں کی اموات ہوئی۔ سندھ میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 615 ہوگئی ہے جو 1.7
فیصد ہے۔ انہوں نے کہا 19 مارچ کے بعد 24 گھنٹوں کے اندر 40 افراد کی اموات سب سے بڑی تعداد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت 370 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے  جن میں 62 مریضوں کووینٹیلیٹر پر رکھا گیا ہے۔ وزیر اعلی سندھ کے مطابق  اس وقت 16487 مریض زیر علاج ہیں  ان میں سے 15156 گھروں میں آئسولیٹ، 76 قرنطینہ مراکز میں اور 1255 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ 1005 مریض صحتیاب ہوکر وہ اپنی معمول کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ اب تک صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 17787 تک جا پہنچی ہے جو کل مریضوں کا 51 فیصد ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ 1353 نئے کیسوں میں سے 984 کا تعلق کراچی سے ہے۔ ضلع شرقی 282، ضلع وسطی 204،   ضلع جنوبی 162، ضلع ملیر 148، ضلع کورنگی 108 اور ضلع  غربی 80 شامل ہیں۔ دیگر اضلاع سے متعلق وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ حیدرآباد میں 70، گھوٹکی 41، سکھر 26، خیرپور 25، جیکب آباد 17، لاڑکانہ 14، میرپورخاص 12، جامشورو اور سانگھڑ 11، ٹنڈو محمد خان اور کشمور 6-6، نوشہرہ فیروز 3، بدین دادو، قمبر اور شکارپور میں 2-2 جبکہ سجاول اور ٹھٹھہ ایک ایک 2نئے کیس سامنے آئے  ہیں۔  وزیراعلی سندھ نے ایک بار پھر سندھ کے عوام پر زور دیا کہ وہ محتاط رہیں اور کورونا وائرس  وبا سے نمٹنے کیلئے احتیاطی تدابیر کو اپنائیں۔

میٹرک بورڈ کا مارکس شیٹ تصدیق شعبہ کھولنے کا اعلان،طلبا فارم جمع کراتے وقت احتیاطی تدابیر اورباہمی فاصلے کا خیال ضرور رکھیں،چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ کی ہدایت

کراچی (این این آئی)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے طلبا کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے مارک شیٹ اور سرٹیفکیٹ کا تصدیقی سیکشن پیر8 جون سے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ صرف طلباکو سہولت فراہم کرنے کے لیے بورڈ میں ایک کاؤنٹر کھولا جارہا ہے جہاں صرف ارجنٹ فیس جمع کرکے طلبا اپنی مارک شیٹ
اور سرٹیفکیٹ کی تصدیق کراسکتے ہیں، طلبا بورڈ کے کاؤنٹر سے فارم حاصل کرکے اکاؤنٹ  سیکشن کمرہ نمبر 4 میں صبح 10 بجے سے سہ پہر 2 بجے تک فارم جمع کراسکتے ہیں جبکہ اپنی مارک شیٹ اور سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی کاپی بورڈ کے کانٹر سے ہی اگلے روز حاصل کرسکیں گے۔پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے مزید کہاکہ طلبا فارم جمع کراتے وقت احتیاطی تدابیر اور باہمی فاصلے کا خیال ضرور رکھیں اورکسی بھی قسم کی آگاہی کے لیے بورڈکی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk کا وزٹ کریں۔

ایک اور رکن سندھ اسمبلی میں کورونا کی تصدیق، وبا کا شکار ارکان کی تعداد 18 ہوگئی،وقفے کے بعد اجلاس شروع ہوا تو ایوان کو بتایا گیا کہ ایم کیوایم پاکستان کی خاتون رکن شاہانہ اشعر کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا ہے،شاہانہ اشعر کی رپورٹ ٹیسٹ کے چار روز بعد موصول ہوئی ہے اور وہ تین روز سے اسمبلی آرہی تھیں،گزشتہ روز کے سیشن میں بھی موجود تھیں

کراچی (این این آئی) سندھ اسمبلی کی ایک اور رکن میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اس وبا کا شکار ارکان اسمبلی کی تعداد 18 ہوگئی ہے۔نماز جمعہ کے وقفے کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغاسراج درانی کی زیر صدارت دوبارہ شروع ہوا تو ایوان کو بتایا گیا کہ ایم کیوایم پاکستان کی خاتون رکن شاہانہ اشعر کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا ہے جس پر وہ اجلاس چھوڑ کر چلی گئیں۔سندھ اسمبلی کے 18 ارکان اب تک کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ رکن اسمبلی شاہانہ اشعر کی رپورٹ ٹیسٹ کے چار روز بعد موصول ہوئی ہے اور وہ تین روز سے اسمبلی آرہی تھیں اور گزشتہ روز کے سیشن میں بھی موجود تھیں۔ شاہانہ اشعر نے بھی حکومتی ٹیسٹ پر عدم اعماد کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ
وہ اب دوبارہ کورونا ٹیسٹ کرائیں گی۔صورتحال پر ایم کیوایم پاکستان کے پارلیمانی لیڈر کنور نوید جمیل نے کہا کہ ٹیسٹ سب ارکان کے ہوئے ہیں مگر رپورٹس نہیں ملیں تو اس تمام پریکٹس کا کوئی فائدہ نہیں ہے، ہمارے زیادہ تر لوگوں کو رپورٹس نہیں ملیں ہیں، مجھے فون پر بتایا گیا کہ آپ کا نتیجہ منفی آیا ہے، سیکریٹری اسمبلی کا کہنا ہے کہ انہیں رپورٹ نہیں ملی۔اس موقع پر صوبائی وزیر شبیر بجارانی نے کہا کہ جن ارکان کے کورونا رزلٹ نہیں آئے انہیں اسمبلی اجلاس میں نہیں آنا چاہیے۔  صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے صورتحال کو تشویشناک قرار دیا اور کہا کہ اگر معزز خاتون رکن اسمبلی کا کورونا پازیٹو آیا ہے تو یہ خطرے کی بات ہے۔ ایس او پی کے تحت کسی کورونا مریض کے ساتھ ایک ہال میں تیس منٹ سے زیادہ نہیں رہنا چاہیے، میرا کورونا کے حوالے سے تجربہ بھی ہے کیونکہ میں نے دو ماہ سکھر میں کورونا سینٹر کی نگرانی کی تھی۔واضح رہے کہ شاہانہ اشعر جمعرات کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پانچ گھنٹے موجود رہیں۔ اجلاس میں کورونا صورتحال پر بحث ہوئی تھی۔

دس ارب کا الزام لگا کر بھاگنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران صاحب کا جھوٹ اور چوری پکڑی گئی ہے، 2 جون کا نوٹس دیکر 28 مئی کو شہبازشریف کے وارنٹ گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑی کی چوری پکڑی گئی ہے، مریم اور نگزیب

 اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 ارب کا الزام لگا کر بھاگنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران صاحب کا جھوٹ اور چوری پکڑی گئی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ 3 سال سے 33 حاضریوں میں مفرور ہونے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران صاحب شہبازشریف سے بھاگ رہے ہیں،چینی چوری کمیشن سے بھاگ جانے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران صاحب کی چوری پکڑی
گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 5سال سے فارن فنڈنگ کیس سے بھاگنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران صاحب کی چوری پکڑی گئی ہے،5 سال سے23 خفیہ اکاونٹس سے بھاگنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران صاحب کی چوری پکڑی گئی ہے،اپنے خلاف ”اوپن اینڈ شٹ کیسز“ کا جواب نہ دینے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران صاحب کی چوری پکڑی گئی ہے،مالم جبہ کیس سے فرار سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران صاحب کا جھوٹ اور چوری پکڑی گئی ہے،ہیلی کاپٹر کیس میں مفروری ظاہر کرتی ہے کہ عمران صاحب کا جھوٹ اور چوری پکڑی گئی ہے،120 ارب کے بی آرٹی کھڈوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران صاحب کی چوری پکڑی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ بلین ٹری سونامی کے درختوں کے سلیمانی ٹوپی پہننے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران صاحب کا جھوٹ اور چوری پکڑی گئی ہے، انہوں نے کہاکہ 2 جون کا نوٹس دے کر 28 مئی کو شہبازشریف کے وارنٹ گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑی کی چوری پکڑی گئی ہے،آج تک کسی مقدمے میں پیش نہ ہونے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران صاحب چوراوربھگوڑے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت کے فیصلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلوں کو مسترد کردیا۔۔۔۔ ملک میں کورونا کیسز کا تقریبن 90 ہزار تک پہنچ جانا انتہائی تشویشناک اور خطرے کی علامت ہے، رہنما پیپلز پارٹی کا بیان

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت کے فیصلوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلوں کو مسترد کردیا۔ ایک بیان نفیسہ شاہ نے کہاکہ ملک میں کورونا کیسز کا تقریبن 90 ہزار تک پہنچ جانا انتہائی تشویشناک اور خطرے کی علامت ہے، سلیکٹیڈ حکومت پاکستان کو کورونا کا مرکز بنانے پر تلی ہوئی ہے، کورونا سے فرنٹ لائن پر لڑنے
والا طبی عملے کی قیمتیں جانیں دن بہ دن ضائع ہو رہی ہیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہاکہ کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافے کے ذمہ دار برائے راست سلیکٹیڈ وزیراعظم خود ہیں، سلیکٹیڈ وزیراعظم نے کورونا کو نزلہ اور زکام قرار دے کر خوفناک حالات پیدا کر کے عوام کو موت کے منہ میں دھکیل دیا ہے، وزیراعظم کورونا کو زکام قرار دینے کے بیان پر عوام سے معافی مانگیں، ہوٹلز، شاپنگ مالز اور پبلک پارک کھول کر وفاقی حکومت نے عوام کو موت کے منہ میں دھکیل دیا، ذمہ داران ہوٹلز، شاپنگ مالز اور پبلک پارک کھولنے کے غیر سنجیدہ فیصلے پر عوام سے معافی مانگیں، حکومتی وزراء نے ایوان میں دعوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کورونا سے زیادہ متاثر نہیں ہوگا، پی ٹی آئی میں بیٹھے وہ لوگ اب منظرعام سے غائب کیوں ہیں؟۔ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہاکہ وہ لوگ کہاں گئے جو کہہ رہے تھے خدا کا شکر ہے پاکستان میں اٹلی اور امریکا جیسے حالات نہیں، کیسز میں خوفناک حد تک اضافے کے باوجود وفاقی حکومت کی کوئی حکمت عملی نظر نہیں آ رہی۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے آئی ایم ایف مطالبات معادات شرائط پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا مطالبہ کر دیا

 اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی نے آئی ایم ایف مطالبات معادات شرائط پارلیمنٹ میں پیش کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ایک بیان میں نیئر حسین بخاری نے کہاکہ آئی ایف ایف  پاکستانی آئی ایم ایف ملازمین کو  تعمیلی احکامات دے رہا ہے،ملک
عملی طور پر آئی ایم ایف کا زیلی دفتر بنا دیا گیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی قومی و ملکی مفاد کے خلاف کسی بھی نئے حکمنانے کو تسلیم نہیں کریگی۔ انہوں نے کہاکہ معاشی عدم استحکام کے ذمہ دار نالائق نااہل ناسمجھ حکمران  ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قوم کے نجات دہندہ بننے کے جھوٹے دعویدار درحقیقت آئی ایم ایف کے کارندے ہیں،ملکی خزانے کی کنجیاں اور معیشت ملکی پہلے ہی آئی ایم ایف کے حوالے اور گروی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لاکھوں تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار اور حکمران وزرا معاونین کی فوج ظفر موج بھرتی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی تبدیلی سرکار کو  ایک کروڑ نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کی فراہمی کے وعدے یاد دلاتی رہے گی۔نیر بخاری نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے.مشکل حالات میں تنخواہوں میں سو فی صد سے زائد اضافہ کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بیرون ملک پھنسے ہوئے تارکین وطن کی واپسی کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی

 اسلام آباد(این این آئی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دنیا کے مختلف ممالک میں پھنسے ہوئے پاکستانی تارکین وطن کی وطن واپسی کی سہولت کے لئے حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے ممبران قومی اسمبلی پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے کر خصوصی اقدام اٹھایا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی کے اس اقدام کو حزب اقتدار اور حزب اختلاف نے سراہا ہے۔ اس کمیٹی کا یہ
قیام قومی اسمبلی کے ممبران کے مسلسل مطالبے کا نتیجہ ہے جو اپنے حلقوں سے تعلق رکھنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں۔ کمیٹی کا بنیادی مقصد وزارت خارجہ، وزارت اوورسیز پاکستانی اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کے ساتھ تعاون کرنا ہے تاکہ ان ممالک میں پاکستان کے متعلقہ سفارتخانوں کے ذریعے پاکستانی تارکین وطن کی ہر ممکن سہولیات کے ساتھ باآسانی واپسی کو یقینی بنانے جاسکے۔ اس کے علاوہ یہ کمیٹی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے بھی ذاتی طور پر رابطہ کرے گی جو ملازمت کے معاہدوں کی میعاد ختم ہونے اور اس طرح کے دیگر مسائل کی وجہ سے خطرات سے دوچار ہیں تاکہ ان کی شکایات کو متعلقہ فورمز کے ذریعے دور کیا جاسکے۔ اس کمیٹی کو اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے تجربہ کار عہدیداران  کمیٹی کی معاونت کریں گے۔

پنجاب یونیورسٹی‘داخلوں کی تاریخ میں توسیع

پنجاب یونیورسٹی‘داخلوں کی تاریخ میں توسیع
لاہور (این این آئی) پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے ایسو سی ایٹ ڈگری کامرس پارٹ ون، بی کام پارٹ ون، پارٹ ٹو
اور ایم اے /ایم ایس سی پارٹ ون اور پارٹ ٹو سالانہ امتحان2020ء کے(پرائیویٹ) امیدواروں کیلئے داخلہ فارم و فیس جمع کرانے کی تاریخوں میں توسیع کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ شیڈول کے مطابق ایسو سی ایٹ ڈگری کامرس پارٹ ون، بی کام پارٹ ون، پارٹ ٹو اور ایم اے /ایم ایس سی پارٹ ون اور پارٹ ٹو سالانہ امتحان2020ء میں شرکت کیلئے سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم کرانے کی آخری تاریخ 26-6-2020 ہے۔ تفصیلات پنجاب یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.pu.edu.pkپر دیکھی جا سکتی ہیں۔ 

سینٹرل جیل کراچی میں کورونا وائرس پھیل گیا،تشویشناک حالت میں مبتلا قیدیوں کی رہائی کیلئے آئی جی جیل خانہ جات نے محکمہ داخلہ سندھ کو خط لکھ دیا

کراچی (این این آئی)سینٹرل جیل کراچی میں کورونا وائرس پھیل گیا، کورونا وائرس کا شکار جن قیدیوں کی حالت تشویشناک ہے انہیں جیل رہا کرنے کے لیے آئی جی جیل خانہ جات نے کورونا وائرس سے شدید متاثرہ قیدیوں کو رہا کرنے کے لئے 
محکمہ داخلہ سندھ کو خط لکھ دیا۔کورونا وائرس متاثر عمر رسیدہ قیدیوں کو جیل سے رہا کرنے کے لیے سفارش کی گئی ہے جن قیدیوں کو رہا کرنے کی سفارش کی ان میں دو سزایافتہ اور ایک انڈر ٹرائل قیدی شامل ہے،خط کے مطابق 25 سالہ ملزم علی نواز کو عمر قید سزا ہوئی تھی، 60 سالہ دوسرے ملزم ہارون کو 14 سال جیل میں گزار چکا ہے73 سالہ ملزم ہارون کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت نمبر دو میں زیر سماعت ہے، جبکہ ایک 87 سالہ قیدی بہاول خان کرونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرچکا ہے، خط کی کاپی رجسٹرار سپریم کورٹ،سندھ ہائی کورٹ، احتساب عدالت کو موصول ہوگئی

آئی ایم ایف کا پاکستان سے تنخواہیں، غیر ترقیاتی و دفاعی اخراجات منجمد کرنے کا مطالبہ، جی20 ممالک تنخواہوں میں کٹوتی کرسکتے ہیں تو پاکستان کیوں نہیں۔آئی ایم ایف

 اسلام آباد (اے ایف بی) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے  پاکستان سے  تمام غیر ترقیاتی اخراجات منجمد کرنے سمیت
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں خسارہ کم کرنے کے لیے 1150 ارب روپے کی ایڈجسمنٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف اسٹاف نے اپنے حالیہ دورہ اسلام آباد میں سخت پالیسیوں کی تجویز دی ہے۔  آئی ایم ایف کی جانب سے بجٹ خسارہ کم کرنے کے لیے تنخواہیں، غیر ترقیاتی اخراجات اور دفاعی اخراجات منجمد کرنے کا مطالبہ کیا  گیا ہے۔   آئی ایم ایف حکام کا کہنا تھا کہ جی20 ممالک تنخواہوں میں کٹوتی کرسکتے ہیں تو پاکستان کیوں نہیں۔آئی ایم ایف پروگرام کی 6 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت اسی وقت بحال ہوگی جب حکومت آئی ایم ایف کے میکرواکنامک فریم ورک کے مطابق آئندہ بجٹ پیش کرے گی۔

غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لانا غیر ضروری حکومتی اخراجات میں کٹوتی موجودہ حکومت کی روز اول سے ترجیح رہی ہے، کورونا وباکی وجہ سے ہر طبقہ متاثر ہوا، معیشت کو استحکام دینے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوششیں متاثر ہوئی ، وزیرِ اعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب

 اسلام آباد (اے ایف بی)  وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا  ہے کہ  کورونا  وباکی وجہ سے ہر طبقہ متاثر ہوا، معیشت کو استحکام دینے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوششیں متاثر ہوئی، غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لانا خصوصاً غیر ضروری حکومتی اخراجات میں کٹوتی موجودہ حکومت کی روز اول سے ترجیح رہی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں اس مقصد کو آگے بڑھانے پر خصوصی توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جمعہ کو  وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت بجٹ برائے مالی سال  21-2020 کے  حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس  ہوا جس میں  مشیر خزانہ کی قیادت میں حکومتی معاشی ٹیم نے وزیرِ اعظم کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کے محصولات، اخراجات اور اس
حوالے سے زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے حکومت کی ترجیحات کو عملی  جامہ پہنانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی۔  وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا  وباکی وجہ سے ہر طبقہ متاثر ہوا ہے اور معیشت کو استحکام دینے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوششیں متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ان شعبوں کو  خصوصی طور پر فروغ دیا جائے جن سے نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور معاشی عمل کو فروغ ملتا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لانا خصوصاً غیر ضروری حکومتی اخراجات میں کٹوتی موجودہ حکومت کی روز اول سے ترجیح رہی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں اس مقصد کو آگے بڑھانے پر خصوصی توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مختلف شعبوں میں سبسڈیز اور  حکومت کی جانب سے مالی معاونت کی فراہمی کے معاملات پر غور کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی درحقیقت عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس پیسے کے بہترین اور موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ  جہاں مطلوبہ مقاصد کا حصول ممکن بنایا جا سکے وہاں حقداروں تک  ان کے حق کو پہنچانے  کے عمل کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ اصلاحات کے عمل کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ عوام پر پڑنے والے غیرضروری بوجھ کو کم سے کم کیا جا سکے اور ان کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

لاک ڈاؤن میں نرمی‘ سماہنی میں کرونا وائرس کیسز میں اضافہ ہونے لگا،چوکی بازار میں میڈیکل سٹور پر کام کرنے والے نوجوان کا کروونا ٹیسٹ بھی پازیٹیو آ گیا ہے

ما ہنی (اے ایف بی)لاک ڈاون میں نرمی کے ساتھ ہی سما  ہنی میں کروونا وایرس کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا، ڈل کھمباہ میں چند روز قبل ایک بچے میں کروونا کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد اس کی والدہ مسماۃ(ب) میں بھی کروونا پازیٹیو آ گیا ہے جبکہ چوکی بازار میں میڈیکل سٹور پر کام کرنے والے نوجوان کا کروونا ٹیسٹ بھی پازیٹیو آ گیا ہے اس صورتحال میں سما ہنی کے مختلف علاقوں میں کروونا کی وبائبڑھنے کا خطرہلاحق ہو گیا ہے اسی طرح بھمبر میں بھی متعدد کیسز سامنے آ گئے ہیں دوسری طرف آ زادکشمیر میں مجموعی طور پر کروونا کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے   اس پر حکومت آزاد کشمیر کو فوری طور پر لاک ڈاون میں نرمی کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے سخت اقدامات اٹھانے ہونگے بصورت دیگر اس وبا کی روک تھام مشکل ہو جاے گی۔

تارکین وطن کے کرونا ٹیسٹ گھروں میں ہوں گے‘ وزیراعظم آزادکشمیر

مظفرآباد (اے ایف بی)وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حید رخان کی زیر صدار اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ تارکین وطن کی واپسی کے لیے لاہور اور اسلام آباد ائیر پورٹ پر اوورسیز فیسیلیٹیشن(Facilitation) سینٹر ز قائم کیے جائیں گے اور اس کے لیے مطلوبہ سٹاف فوری طور پر مہیاکیا جائے گا۔تارکین وطن کو سہولیات فراہم کرنے اور ان سے رابطے کے لیے ایڈیشنل آئی جی فہیم احمد خان کی زیرقیادت میں بنائی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے تمام افراد کا ڈیٹا حاصل کر کے ان کے متعلقہ اضلاع کے انٹری پوائنٹس پر قائم اوور سیز ڈیسک کو فراہم کیا جائے گا۔انٹری پوائنٹس اوور سیز فیسلی ٹیشن سنٹرز کو مزید فعال بنایا جائے گا اور اس کے لیے تمام ضروری سٹاف فوری طور پر مہیا کیا جائے گا جو انٹری پوائنٹس پر بیرون ممالک سے واپس آنے والوں کی رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ ان کی تفصیلات متعلقہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ز اور ضلعی انتظامیہ کو فراہم کریں گے جبکہ انہیں ہوم آئسولیشن فراہم کرنے کے لیے رہنمائی
بھی فراہم کی جائے گی۔باہر سے آنے والے افراد کا کورونا ٹیسٹ ان کے گھروں میں ہی ہو گا۔وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حید رخان کی جانب سے مقرر کیے گئے اوورسیز کو آرڈینیٹرز بھی ٹریس اینڈ ٹریک کمیٹی سے لیزان رکھیں گے اس حوالے سے کمشنر اوور سیز کو بھی خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔اجلاس کو بتایا کہ ماہ فروری سے لے اب تک 27310تارکین وطن آزادکشمیر آئے جن میں سے 25914سے رابطہ کر کے انہیں ہوم آئسولیشن میں رکھا گیا۔6اپریل سے 26مئی تک 829لوگ بیرون ملک سے آئے جن میں سب کے ساتھ رابطہ کر کے انہیں ہوم آئسولیشن میں رکھا گیا اس کے علاوہ تبلیغی جماعتوں سمیت تفتان سے آنے والے تمام افراد کو قرنطینہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ تارکین وطن جو پہلے سے بہت مشکلات کا شکار ہیں وطن واپسی پر ان کو مزید کسی پریشانی میں نہیں ڈالنا چاہتے ان کے ٹیسٹ گھروں میں ہوں گے وہ اپنے ڈیٹے کا اندراج اور رجسٹریشن کر وا کر اپنے گھروں میں جا سکتے ہیں جہاں محکمہ صحت ان کا ٹیسٹ کرے گا اور ٹیسٹ پازیٹو آنے کی صورت میں ان کا مکمل علاج معالجہ کیا جائے گا،ان سے بھی گزار ش ہے کہ وہ بیرون ملک سے آ رہے ہیں وہ اپنے خاندان اور پیاروں کی خاطر حد درجہ احتیاط کریں اور جب تک ان کا ٹیسٹ رزلٹ نہیں آ جاتا کسی سے بھی میل جو ل نہ کریں ہمیں ان کی پریشانیوں اور مشکلات کا احساس ہے انکی وطن عزیز پاکستان کے لیے بڑی خدمات ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ جو اوور سیز کو آرڈینیٹر مقرر کیے گئے ہیں وہ کمشنر اوور سیز کے ساتھ مل کر ان کی وطن واپسی کو آسان بنائیں اور ریاستی حکومت کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔دریں اثنا وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حید رخان کی زیر صدارت محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ کے حوالے سے اعلیٰ اجلاس منعقد ہوا۔جس میں وزیر سیاحت مشتاق احمد منہاس،وزیر صحت ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان،چیف سیکرٹری آزادکشمیرمطہر نیاز رانا،سیکرٹری سیاحت محترمہ مدحت شہزاد نے شرکت کی۔اجلاس میں شعبہ سیاحت کو درپیش مسائل اور مشکلات کا بھی جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا حکومت پاکستان کی جانب سے سیاحت کی بحالی کے حوالے سے جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق آزادکشمیر میں بھی شعبہ سیاحت کو بحال کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے گی تاہم ابھی تک وفاقی حکومت کا شعبہ نیگٹیو لسٹ میں ہے اجلاس میں بحالی کے لیے ایس او پیز کا بھی جائزہ لیا گیا اور مزید جائزے کے لیے محکمہ صحت سے بھی ان پٹ لی جائے گی۔

چاہتے ہیں جون کے اواخر تک سرحدیں کھول دی جائیں،یورپی یونین

برسلز (این این آئی)یورپی یونین نے اپنے رکن ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن میں رواں ماہ یعنی جون کے دوران نرمی لائیں اور پاسپورٹ کے بغیر لوگوں کو دوسرے یورپی ممالک میں داخلے کی اجازت دی جائے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی یونین میں داخلی امور کی سفیر نے کہا کہ وائرس کے بعد اب صورتحال جلد بہتر ہو رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم ان حالات کے بہت قریب ہیں جن میں ہم تمام اندرونی سرحدی رکاوٹیں ہٹائی جاسکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس کام کے لیے جون کے آخر کی ایک تاریخ بہتر ہوگی۔انھوں نے کہا کہ وہ یہ جان کر خوش ہیں کہ رکن ممالک خود سے سرحدی سختیاں ہٹا رہے ہیں۔

دنیا بھر میں کرونا سے تین لاکھ 93ہزار افرادہلاک،67لاکھ سے زائد متاثر،دنیا بھر میں 30 لاکھ 57 ہزار 493 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں،امریکی میڈیا

نیویارک(این این آئی)دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 67 لاکھ 3 ہزار 95 ہوگئی جبکہ اس سے ہلاکتیں 3 لاکھ 93 ہزار 224 ہو گئیں۔امریکی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 30 لاکھ 57 ہزار 493 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 55 ہزار 458 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 32 لاکھ 52 ہزار 378 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے
زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 10 ہزار 173 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 19 لاکھ 24 ہزار 51 ہو چکی ہے۔امریکا کے اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں 11 لاکھ 1 ہزار 626 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 17 ہزار 83 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 7لاکھ 12 ہزار 252 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 15 ہزار 870 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 34 ہزار 39 زندگیاں نگل چکا ہے۔کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 5 ہزار 384 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 41 ہزار 108 ہو چکی ہے۔اسپین میں کورونا کے اب تک 2 لاکھ 87 ہزار 740 مصدقہ متاثرین سامنے ا?ئے ہیں جب کہ اس وباء  سے اموات 27 ہزار 133 ہو چکی ہیں۔برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 39 ہزار 904 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 661 ہوچکی ہے۔اٹلی میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 33 ہزار 689 ہو چکی ہیں، جہاں اس وائرس کے اب تک کل کیسز 2 لاکھ 34 ہزار 13 رپورٹ ہوئے ہیں۔بھارت میں کورونا وائرس سے 6 ہزار 363 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 27 ہزار 29 ہو گئی۔جرمنی میں کورونا سے کْل اموات کی تعداد 8 ہزار 736 ہو گئی جبکہ کورونا کے کیسز 1 لاکھ 84 ہزار 923 ہو گئے۔ترکی میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 630 ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 1 لاکھ 67 ہزار 410 ہو گئے۔ایران میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 8 ہزار 71 ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 1 لاکھ 64 ہزار 270 ہو گئے۔فرانس میں کورونا وائرس کے باعث مجموعی ہلاکتیں 29 ہزار 65 ہوگئیں جبکہ کورونا کیسز 1 لاکھ 52 ہزار 444 ہو گئے۔سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 611 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 93 ہزار 157 تک جا پہنچی ہے۔چین جہاں دنیا میں کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا وہاں کورونا وائرس پر کافی حد تک قابو پایا جا چکا ہے اور روزانہ صرف چند نئے کورونا مریض سامنے آتے ہیں جبکہ اس سے اموات میں کافی عرصے سے کوئی اضافہ سامنے نہیں آیا، چین میں کورونا مریضوں کی تعداد 83 ہزار 27 ہو چکی ہے اور اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 ہزار 634 پر رکی ہوئی ہے۔پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 89 ہزار 249 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کْل تعداد 1 ہزار 838 ہو گئی۔کورونا وائرس کے ملک میں 56 ہزار 213 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 31 ہزار 198 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

مظاہروں بارے امریکی صدر کے اقدامات، ریپبلکن پارٹی میں تقسیم، پارٹی رکن سینیٹر لیزا مْرکوسکی نے آئندہ صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی حمایت نہ کرنے کا اعلان کردیا

واشنگٹن (این این آئی)ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والی سینیٹر لیزا مْرکوسکی نے آئندہ صدارتی انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ز انہوں نے وزیردفاع جیمز میٹِس کے اس اعلان کا بھی خیرمقدم کیا، جس میں انہوں نے ملک میں جاری مظاہروں کے خاتمے کے لیے فوج کے استعمال سے انکار کیا تھا۔ اس سے قبل صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر مختلف ریاستیں اور شہر اپنے طور پر مظاہروں کے خاتمے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کرتے، تو وہ مظاہروں کے خاتمے کے لیے امریکی فوج استعمال کر سکتے ہیں۔ سینیٹر مرکوسکی نے کہا کہ جیمز میٹس کے الفاظ حقیقی اور موجودہ حالات میں انتہائی ضروری تھے۔ جیمز میٹس نے یہ بھی کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکی عوام کو تقسیم کر رہے ہیں۔

نیب نیازی گٹھ جوڑی کی چوری پکڑی گئی ہے،تین سال سے تینتیس حاضریوں میں مفرور ہونے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان شہبازشریف سے بھاگ رہے ہیں،مریم اورنگزیب

لاہور (این این آئی)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑی کی چوری پکڑی گئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے بیان پر اپنے رد عمل میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ تین سال سے تینتیس حاضریوں میں مفرور ہونے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران خان شہبازشریف سے بھاگ رہے ہیں،پانچ سال سے فارن فنڈنگ کیس سے بھاگنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیرِاعظم کی چوری پکڑی گئی،یہی نہیں بلین ٹری سونامی اور بی آر ٹی کے کھڈوں سے عمران خان کا جھوٹ پکڑا گیا ہے۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اپنے خلاف اوپن اینڈ شٹ کیسزکا جواب نہ دینے سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران صاحب کی چوری پکڑی گئی ہے،دو جون کا نوٹس دے کر اٹھائیس مئی کو شہبازشریف کے وارنٹ گرفتاری سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑی کی چوری پکڑی گئی ہے۔

ملک میں کورونا سے مزید 27 ہلاکتیں،مجموعی تعداد 1838ہوگئی،نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 90290 تک پہنچ گئی

 اسلام آباد (این این آئی)ملک میں کورونا سے مزید 27 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1838 ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 90290 تک پہنچ گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر سے کورونا کے مزید 2814 کیسز اور 27 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن میں پنجاب سے 2040 کیسز اور 22 ہلاکتیں، بلوچستان 358 کیسز 2 ہلاکتیں، اسلام آباد 402 کیسز 3 ہلاکتیں اور آزاد کشمیر سے 14 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب سے کورونا کے مزید 2040 کیسز اور 22 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 33144 اور ہلاکتیں 629 ہوگئی ہیں۔صوبے میں اب تک کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 7806 ہے۔وفاقی دارالحکومت سے جمعہ کو کورونا وائرس کے مزید 402 کیسز اور 3 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 3946 ہوگئی ہے جب کہ اموات 41 ہو چکی ہیں۔اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 629 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔آزاد کشمیر میں کورونا کے مزید 14 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 299 ہوگئی ہے جبکہ علاقے میں اب تک وائرس سے 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 182 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

طیارہ حادثہ، انجن اور لینڈنگ گیئر کو متاثرہ عمارت سے ہٹانے پرپی آئی اے اور سی اے اے میں اختلاف سامنے آگئے،بدقسمت طیارے کا انجن اور لینڈنگ گیئر 15 روز گزرنے کے باوجود متاثرہ عمارت کی چھت سے اتارا نہ جا سکا،طیارے کے پرزوں کو متاثرہ عمارت کی چھت سے نکالنے کے لیے سرکاری اداروں کے پاس مطلوبہ آلات دستیاب نہیں، ذرائع

کراچی (این این آئی)کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے بدقسمت طیارے کا انجن اور لینڈنگ گیئر 15 روز گزرنے کے باوجود متاثرہ عمارت کی چھت سے اتارا نہ جا سکا۔ نجی ٹی وی کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا انجن اورلینڈنگ گیئر بدستور متاثرہ عمارت کی چھت پر موجود ہے۔ذرائع کے مطابق پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کی ٹیموں میں عمارت کی چھت سے انجن اور لینڈنگ گیئر کو اتارنے کے معاملے پر اختلاف سامنے آ گئے ہیں ذرائع
نے بتایا کہ گراؤنڈ پلس ٹو عمارت کی چھت سے انجن اور لینڈنگ گرہ کو اتارنا ٹیموں کے لیے امتحان بن گیا ہے اور طیارے کے پرزوں کو نکالنے کے لیے سرکاری اداروں کے پاس مطلوبہ آلات دستیاب نہیں۔ذرائع کے مطابق انجن کی دیگر ملبے کے ساتھ منتقلی میں تاخیر طیارہ حادثے کی تحقیقات پر اثر انداز ہو سکتی ہے،اس کے علاوہ جائے حادثہ پر متاثرہ مکانوں کی مرمت اور بحالی کا کام بھی التوا کا شکار ہے، ایس بی سی اے کی ٹیم کے دورے کے بعد ماہرین تعمیرات کی کسی ٹیم نے علاقے کا وزٹ نہیں کیا۔دوسری جانب طیارہ جلنے کی وجہ سے علاقے میں موجود کاربن علاقہ مکینوں کے لیے وبال بن گیا اور گزشتہ روز آنے والی آندھی کی وجہ سے گلی میں موجود کاربن دیگر گلیوں میں بھی پھیل گیا ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکینوں کے سانس میں تکلیف سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے۔یاد رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ کراچی کے علاقے ملیر جناح گارڈن میں لنڈنگ سے چند سیکنڈ قبل گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں عملے کے افراد سمیت 97 افراد جاں بحق جب کہ دو معجزانہ طور پر محفوظ رہے تھے۔

توشہ خانہ ریفرنس، نواز شریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کا تحریری حکم نامہ،سابق صدر زرداری 11 جون کو توشہ خانہ ریفرنس کی آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے

 اسلام آباد (این این آئی)احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ نون کے قائد میاں محمد نوازشریف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔احتساب عدالت نمبر 3 کے جج
سید اصغر علی نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کا تحریری حکم جاری کیا ہے۔تحریری حکم میں کہا گیا کہ نوازشریف کی رہائشگاہ پرتعینات گارڈ عبدالمجید نے عدالتی سمن لینے سے انکار کیا ہے۔عدالت کی جانب سے جاری تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے وارنٹ کی تعمیلی رپورٹ کی روشنی میں عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کیا ہے۔تحریری حکم نامہ میں کہا گیا کہ سابق صدر آصف زرداری کی صرف ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور ہوئی ہے، عدالتی حکم کے مطابق سابق صدر زرداری 11 جون کو توشہ خانہ ریفرنس کی آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے۔عدالت کے حکم کے مطابق کیس میں سابق وزراء اعظم نواز شریف، یوسف رضا گیلانی کے علاوہ دیگر ملزمان انور مجید، عبدالغنی مجید بھی پیش ہوں۔عدالتی حکمنامے میں سرکاری وکیل کو آئندہ سماعت پر توشہ خانہ ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپوزیشن اراکین پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کے فیصلے پر حکومت پر برس پڑے، معاملہ متعلقہ کمیٹی کے سپرد

 اسلام آباد(این این آئی)سینیٹ اجلاس کے دوران اپوزیشن اراکین پاکستان اسٹیل ملز کی نجکاری کے فیصلے پر حکومت پر برس پڑے۔ جمعہ کو چیئرمین صادق سنجرانی کی سربراہی میں سینیٹ کا اجلاس ہوا تو اپوزیشن کی جانب سے پاکستان اسٹیل ملز کی مجوزہ نجکاری کے فیصلے پر اظہار خیال کیا گیا۔مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ عمران
خان کا کہنا تھا کہ اسٹیل ملز کو ہم چلا کر دکھائیں گے، ملک دیوالیہ ہونے جارہا ہے، یہ ہر بات کا ذمہ دار سابقہ حکومتوں کو گردانتے ہیں، ووٹ لینے کے لئے بڑی بڑی بڑھکیں مارنے والے اب استعفیٰ دیں، اسد عمر کو اب مستعفی ہوجانا چاہیے۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عمران خان کا دعوی ٰتھا کہ اسٹیل ملز کو وہ چلا کر دکھائیں گے، عمران خان کا وہ وعدہ کہاں گیا؟پاکستان اسٹیلز ملز کے سابق چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبد القیوم نے مطالبہ کیا کہ پاکستان اسٹیل ملز کے حوالے سے ایوان میں الگ بحث کروائی جائے۔وفاقی وزیر حماد اظہر نے حکومت کی جانب سے بتایا کہ پاکستان اسٹیل ملز پر 211 ارب کا قرض اور اس کا نقصان 176 ارب روپے ہے،پاکستان اسٹیل ملز 2008 اور 2009 کے درمیان میں منافع سے خسارے میں چلی گئی، 2015 میں اسٹیل ملز کو بند کر دیا گیا، ساڑھے پانچ سال میں ملازمین کو 35 ارب کی تنخواہ دی جاچکی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اسٹیل ملز کو نجی پارٹنرشپ کے ساتھ چلائیں، ہم اسٹیل ملز کی قرض ری اسٹرکچرنگ کے بعد نجکاری کی جانب جائیں گے، اسٹیل ملز کے ملازمین کو اوسط 23 لاکھ روپے دیے جائیں گے اور بعض کو تو 70 لاکھ روپے ملیں گے۔ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے کئے گئے مطالبات کے بعد چیئرمین سینیٹ نے اسٹیل ملز ملازمین کی ملازمت سے برطرفی کا معاملہ متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔

کورونا مائیکرو چپ سے متعلق سازشی خیالات انتہائی احمقانہ ہیں،بل گیٹس

نیو یارک (سی این پی) مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین سے متعلق یہ سازشی خیالات انتہائی احمقانہ ہیں کہ کورونا وائرس کو انسانوں میں مائیکرو چپس نصب کرنے کیلئے پھیلایا گیا۔تفصیلات کے مطابق بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس کورونا ویکسین پر سازشی خیالات کے دعوے پر پھٹ پڑے، انہوں نے اس بات کی
سختی سے تردید کی کہ کورونا وائرس اس لیے پھیلایا گیا ہے تاکہ انسانوں میں مائیکرو چپس نصب کی جا سکیں۔گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس قدر جھوٹ بولا جارہا ہے، میں کبھی بھی مائیکرو چپ جیسے منصوبوں کا حصہ نہیں رہا درحقیقت اس کی تردید کرنا بھی بہت مشکل ہے کیونکہ یہ انتہائی احمقانہ یا عجیب بات ہے۔مائیکرو چپ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جاننا بہتر ہے کہ کن بچوں کو خسرے کی ویکسین دی گئی اور کن کو نہیں، ایسے نظام جیسے طبی ریکارڈ کو ترتیب دینے کی ضرورت ہے جو مدد فراہم کرسکیں، طبی عملے کو یہ شناخت کرنا ہوگی کہ کون وائرس سے محفوظ ہے مگر اس عمل میں کسی مائیکرو چپ کو شامل کرنے کی ضرورت نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری فاؤنڈیشن ویکسینزز خریدنے کے لیے سرمایہ حاصل کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے ایک وبا کے خطرے کو دیکھا اور اس پر بات کی۔واضح رہے کہ سال 2015 میں بل گیٹس نے ایک تقریر کے دوران خبردار کیا تھا کہ انسانیت کو سب سے بڑا خطرہ جوہری جنگ سے نہیں بلکہ کسی وبائی وائرس سے لاحق ہے جو کروڑوں افراد کے لیے جان لیوا بن جائے گا۔اس خطاب اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے کووڈ 19 کے خلاف لڑنے کے لیے 30 کروڑ ڈالرز کے عطیے کے اعلان اور ایک ویکسین کی تیاری کے اعلان پر کچھ حلقوں کی جانب سے مائیکرو سافٹ کے بانی کے خلاف آن لائن مہم شروع ہوگئی تھی اور متعدد اقسام کی افواہیں پھیلائی گئی تھیں۔

اقوام متحدہ نے کرونا ویکسین کے حوالے سے خبردار کر دیا

نیویارک(سی این پی) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خبردار کر دیا ہے کہ فی الوقت کرونا وائرس کی کوئی ویکسین نہیں ہے، ہمیں اس دوران ایک اہم سبق لینے کی ضرورت ہے۔تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل
نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ فی الوقت کرونا وائرس کی کوئی ویکسین نہیں ہے تاہم ویکسین کی تیاری کی کوششیں جاری ہیں، ہمیں ویکسین کی تیاری کے دوران ایک سبق سمجھنے کی ضرورت ہے۔انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ صرف ویکسین کی تیاری بذات خود کرونا کے خلاف کافی نہیں ہے، ویکسین کی تیاری کے عمل کے دوران ہمیں عالمی یک جہتی کی بھی ضرورت ہے، عالمی یک جہتی ہی سے یہ یقینی ہو سکے گا کہ ہر فرد اور جگہ تک ویکسین کی رسائی ہے۔اس سے قبل یو این سیکریٹری جنرل نے کرونا وائرس کے پھیلا ؤکی وجہ بھی بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وبا سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر قیادت کا فقدان نظر آیا، ہر ملک کی الگ پالیسی کرونا کے پھیلا ؤکی وجہ بنی۔ انھوں نے کہا کہ وبا سے نمٹنے کے لیے جو اقدامات مل کر کرنے چاہیے تھے وہ نہیں کیے جا سکے۔دوسری طرف اقوام متحدہ نے وبا سے جڑے کئی اور خطروں سے بھی آگاہ کر دیا ہے، گزشتہ ماہ اقوام متحدہ نے تمام ممالک کے حکمرانوں کو خبردار کیا تھا کہ کرونا وائرس سے مستقبل میں مزید سنگین نتائج کے امکانات ہیں، کئی مقامات پر قحط بھی پڑ سکتا ہے، اس لیے موثر اقدامات نہ ہوئے تو مختلف علاقوں میں بھوک اور افلاس پھیل سکتی ہے۔

محکمۂ موسمیات کی مون سون میں معمول سے زائد بارشوں کی پیش گوئی

 اسلام آباد: محکمۂ موسمیات نے رواں برس مون سون میں معمول سے 10 فی صد زائد بارشیں ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس سال مون سون کے دوران ممکنہ بارشوں کی صورت حال کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ رواں برس ملک میں دس فی صد زائد بارشیں ہوں  گی۔  سندھ اور کشمیر میں معمول سے 20 فی صد زائد بارشیں ہونے کا امکان
ہے۔
جاری کردہ تفصیلات میں خبردار کیا گیا ہے کہ مون سون کے دوران مشرقی دریاوں میں سیلاب آسکتا ہے اس کے علاوہ  بڑے شہروں میں بھی سیلابی کیفیت پیدا ہونے کے زیادہ امکانات ہیں۔علاوہ ازیں  پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں فلش فلڈنگ کے امکانات کی بھی نشان دہی کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں محکمۂ موسمیات کی جانب سے مون سون کے دوران چاول کی فصل اچھی ہونے  جبکہ کپاس کی فصل پر برا اثر پڑنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ  مون سون کے دوران آب پاشی و توانائی کے لئے کافی پانی میسر آئے گی۔ تاہم یہ موسم ٹڈی دَل کے لیے بھی ساز گار ثابت ہوگا۔

ترک صدر ذاتی دفاع کے لیے فورس تشکیل دے رہے ہیں،امریکی اخبار

واشنگٹن (این این آئی)امریکا کے ایک اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن اپنے ذاتی تحفظ کے لیے ایک خصوصی فورس تشکیل دینے کے منصوبے پرکام کررہے ہیں۔ اس فورس میں کم سے کم 28 ہزار افراد شامل ہوں گے جو ریاست کے ماتحت ہونے کے بجائے براہ راست صدر کے ماتحت ہوگی۔امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس منصوبے پرآئندہ جمعہ کو ترک پارلیمنٹ میں بحث کے بعد رائے شماری ہوگی۔ توقع ہے کہ ترک صدر کی وفادار فورس کو پارلیمنٹ سے توثیق حاصل ہوجائے گی۔ترک صدر کی وفادار فورس کو خصوصی اختیارات حاصل ہوں گے۔ یہ فورس شہریوں کی شناخت معلوم کرنے، ان کی تلاشی لینے اور شہریوں کے گھروں میں گھس کر گھروں میں تلاشی لینے کی مجاز ہوگی۔ اس نئی فورس کی تشکیل کا ایک مقصد اپوزیشن قیادت کو نکیل ڈالنا اور حکومت مخالف ہونے والے مظاہروں کی روک تھام میں پولیس کی مدد کرنا شامل ہوگا۔ اس ایلیٹ فورس کو انسانی حقوق سے متعلق امور کی تربیت دینے کے ساتھ ساتھ اسلحہ چلانے کی تربیت دی جائیگی۔ترکی کی اپوزیشن جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے صدر طیب ایردوآن کے دفاع کے لیے خصوصی فورس تشکیل دینا ایردوآن رجیم کو تحفظ دینے کے لیے طاقت کے حصول کی کوشش ہے۔

ابو ظہبی ائیرپورٹ سے 10جو ن سے 20 ٹرانزٹ پروازیں چلانے کا اعلان، اتحاد ائیر ویز جکارتہ، کراچی، کوالالمپور، منیلا، میلبورن، سیول، سنگاپور، سڈنی، ٹوکیو کے لیے پروازیں چلائے گی،بیان

ابوظہبی (این این آئی)ابوظہبی ائیر پورٹ کے حکام نے 10 جون سے سرکاری فضائی کمپنی اتحاد کی 20 ٹرانزٹ پروازیں چلانے کا اعلان کردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اتحاد ائیر ویز 10 جون سے ابو ظہبی سے جکارتہ، کراچی، کوالالمپور، منیلا، میلبورن، سیول، سنگاپور، سڈنی اور ٹوکیو کے لیے رابطہ پروازیں چلائے گی۔ان شہروں کے علاوہ یورپ کے بڑے شہروں ایمسٹرڈیم، بارسلونا، برسلز، ڈبلن، فرینکفرٹ، جنیوا، لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے،میڈرڈ، میلان، زیورخ اور پیرس کے چارلس ڈیگال ہوائی اڈے کے لیے بھی پروازیں چلائے گی۔متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا
کہ تجارتی پروازوں کی بحالی ملک کے شہری ہوابازی کے شعبے کے دوبارہ احیاء کا بھی آغاز ہے۔ابو ظہبی ائیر پورٹس کے چیئرمین شیخ محمد بن حمد بن تہنون آل نہیان نے ایک بیان میں کہا کہ ابو ظہبی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے منتقلی پروازوں کی بحالی قومی ہوابازی کے شعبے کے لیے ایک خاص موقع ہے۔یہ سنگ میل ہماری دانش مند قیادت کے کووِڈ-19 کے اثرات سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل اور اقدامات کی بدولت ممکن ہوا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ 'ہم نے بڑی تعداد میں مسافروں کی اپنے ہوائی اڈوں پر واپسی کے لیے بڑی جامع تیاریاں کی ہیں۔ہم اپنی دیرینہ شراکت دار اتحاد ائیر ویز کے ساتھ مل کر صحت اور تحفظ کے اقدامات کے نفاذ کے لیے کام کرتے رہے ہیں۔مسافروں اور ہمارے ملازمین کی فلاح ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یو اے ای کے شہری ہوابازی کے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔

سعودی عرب سے ”عودہ“ کے ذریعے 12798 تارکین وطن واپس روانہ..... تارکین وطن آبائی ممالک کو لوٹنا چاہتے اور ان کے پاس کارآمد ویزے ہیں تو وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں،وزارت داخلہ

ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے ”عودہ“ اقدام کے تحت 12798 تارکینِ وطن کو خصوصی طیاروں کے ذریعے ان کے آبائی ممالک کو واپس بھیج دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارت برائے خارجہ امور نے اپریل میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد مملکت میں پھنس کر رہ جانے والے تارکین وطن کی واپسی کے لیے ''عودہ'' اقدام کا آغاز کیا تھا۔اس کا مقصد اپنے آبائی ممالک کو لوٹنے کے خواہاں تارکین وطن کی واپسی ہے۔اس کے تحت سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکین وطن کو ان کے آبائی ممالک میں واپس بھیجنے کے عمل میں مدد کی جارہی ہے۔22 اپریل سے 3 جون تک 178452 افراد نے عودہ اقدام کے تحت اپنے ناموں کا اندراج کرایا۔ان میں خروج اور دوبارہ داخلے کا
ویزا رکھنے والے مکین،حتمی خروج اور سیروسیاحت کے ویزوں کے حاملین شامل ہیں۔سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن اپنے آبائی ممالک کو لوٹنے کے خواہاں ہیں تو وہ ابشر پلیٹ فارم پر اپنے ناموں کا اندراج کرسکتے ہیں۔وہ اس پر اپنے اقامتی نمبر، تاریخ پیدائش، موبائل نمبر، روانگی کے شہر اور اپنے آبائی ملک میں جائے منزل ہوائی اڈے کے نام کا اندراج کریں گے۔سعودی وزارت خارجہ غیرملکی تارکین وطن کی ان کے آبائی ممالک کو واپسی کے لیے وزارت حج اور عمرہ، وزارت برائے انسانی وسائل اور ترقی،سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دوسرے سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔سعودی وزارتِ داخلہ کے ایک بیان کے مطابق اگر تارکین وطن اپنے آبائی ممالک کو لوٹنا چاہتے ہیں اور ان کے پاس کارآمد ویزے ہیں تو وہ اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

امارات میں 50 فی صد سرکاری ملازمین کل سے کام پر لوٹ آئیں گے،تمام ملازمین دفاتر میں حاضری کے وقت سماجی فاصلے سمیت تمام احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں گے،بیان

ابوظہبی (این این آئی)متحدہ عرب امارات میں سرکاری شعبے کے 50 فی صد سرکاری ملازمین 7 جون تک اپنے کاموں پر واپس آجائیں گے۔اماراتی حکومت نے توقع ظاہر کی ہے کہ سرکاری ملازمین حفاظتی احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے۔اماراتی حکومت نے ایک ہفتہ قبل 30 فی صد سرکاری ملازمین کو دفاتر میں آنے کی اجازت دی تھی۔یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق یہ اقدام حکومت کے کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے عاید کردہ پابندیوں کے بتدریج خاتمے اور معمول کے حالات کی بحالی کے لیے کوششوں کا حصہ ہے۔اماراتی حکومت نے ان ملازمین کی ایک فہرست جاری کی جنھیں دفاتر میں حاضری سے مستثنیٰ قراردیا گیا اور وہ اپنے گھروں ہی سے کام کریں گے۔ان میں حاملہ خواتین،کم زور قوتِ مدافعت کے حاملین اور دمے اور ذیابطیس ایسے دائمی امراض کا شکار سرکاری ملازمین شامل ہیں۔زائد العمر ملازمین اور گریڈ 9 تک زیر تعلیم بچوں کی نگہداشت کرنے والی خواتین یا معذور بچوں کی دیکھ بھال کرنے والی خواتین کو بھی سرکاری دفاتر میں حاضری سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ دفاترمیں لوٹنے والے ان 50 فی صد سرکاری ملازمین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ دفاتر میں حاضری کے وقت سماجی فاصلے سمیت تمام احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں گے۔

کورونا وائرس نوجوانوں میں فالج کا خطرہ بڑھانے کا باعث قرار،کرونا کا شکار59 فیصد مریضوں کی دماغی صحت میں تبدیلیاں آئیں جبکہ 31 فیصد کو فالج کا سامنا ہوا،تحقیق

واشنگٹن(این این آئی)نوجوان اور صحت افراد جن میں فالج کا خطرہ بڑھانے والے عناصر موجود نہیں ہوتے تاہم نئے نوول کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے نتیجے میں اس کا شکار ہوسکتے ہیں چاہے وبائی مرض کی علامات ظاہر نہ بھی ہو۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔تھامس جیفرسن یونیورسٹی کی تحقیق میں کووڈ 19 کے ایسے مریضوں کا جائزہ 20 مارچ سے 10 اپریل تک لیا گیا جن میں فالج کا حملہ ہوا تھا اور یہ معمول سے بالکل ہٹ کر تھا۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ 30، 40 اور 50 کی دہائی کی عمر کے مریضوں میں فالج کی شرح بہت زیادہ تھی جو کہ عام طور پر 70 یا 80 سال سے زائد عمر کے افراد میں دیکھنے میں آتی ہے۔محققین کا
کہنا تھا کہ اگرچہ ہم زور دیتے ہیں کہ یہ مشاہدات ابتدائی اور 14 مریضوں کے ہیں مگر جو کچھ دریافت کیا وہ فکرمند کردینے والا ہے،نوجوانوں کو ہوسکتا ہے کہ علم ہی نہ ہو کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہیں، مگر ان میں خون کے کلاٹس اور فالج کا خطرہ ہوسکتا ہے۔اس تحقیق میں شامل 50 فیصد مریضوں کو علم ہی نہیں تھا کہ وہ کورونا وائرس کے شکار ہیں جبکہ باقی میں اس بیماری کی دیگر علامات کا علاج ہورہا تھا جب فالج کا سامنا ہوا۔تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر فالج کی علامات والے مریض کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے ڈر سے ہسپتال جانے سے گریز کریں گے تو تاخیر جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔یہ بھی دریافت کیا گیا کہ کووڈ 19 کے بعد فالج کا شکار ہونے والے افراد میں اموات کی شرح 42.8 فیصد ہے جبکہ عام طور پر فالج سے موت کی شرح 5 سے 10 فیصد ہوتی ہے۔محققین کے مطابق کورونا وائرس کے شکار 42 فیصد افراد کی عمریں 50 سال سے کم تھیں جبکہ عام طور پر فالج کے شکار ہونے والے افراد کی عمریں 65 سال سے زائد ہوتی ہیں۔مریضوں میں فالج بڑی شریانوں میں ہوا اور یہ مشاہدات فالج کے مریضوں کے حوالے سے غیرمعمولی تھے۔محققین نے بتایا کہ تحقیقی رپورٹس میں کووڈ 19 کے سینے پر مرتب اثرات کی وضاحت زیادہ کی جارہی ہے مگر بہت کم رپورٹس میں اس وائرس کے دماغی اثرات کے بارے میں بتایا گیا ہے۔محققین نے دریافت کیا کہ 59 فیصد مریضوں کی دماغی صحت میں تبدیلیاں آئیں جبکہ 31 فیصد کو فالج کا سامنا ہوا جسے سب سے عام دماغی علامات قرار دیا گیا۔