Wednesday, June 10, 2020

پاکستان میں کورونا سے متعلق ڈبلیو ایچ او کے تحفظات جائز ہیں، بلاول بھٹو

اسلام آباد(سی این  پی)پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کورونا سے متعلق عالمی ادارہ صحت کے تحفظات  کو جائز قرار دیا ہے۔ٹوئٹر پر جاری بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے سندھ حکومت کو بھیجے گئے خط میں جائز تحفظات اور تجاویز  پیش کی ہیں، اس سب کو عوامی سطح پر لانے سے قبل سندھ حکومت اس پر غور کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ   سندھ نے ہمیشہ حقائق اور استعداد کے مطابق قومی پالیسی بنانے پر زور دیا ہے، بدقسمتی سے کورونا وائرس کے معاملے میں قومی سطح کی حکمت عملی اختیار نہیں کی گئی۔واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں کورونا سے متعلق صوبائی حکومتوں کو خط بھیجا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے لاک ڈاؤن میں نرمی سے پہلے 6 اقدامات میں سے ایک بھی اقدام پر مکمل عمل نہیں کیا، لاک ڈاؤن کھولنے سے پہلے جو اقدامات کرنے تھے پاکستان نے ایک بھی مناسب طورپر نہیں کیا۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق مشتبہ مریضوں کو ڈھونڈنا، ٹیسٹ کرنا، آئسولیٹ کرنا اور انہیں قرنطینہ کرنا اور ان کے رابطوں میں آنے والوں کو ڈھونڈنے کا نظام پاکستان میں بہت کمزور ہے، وینٹی لیٹرز کی تعداد بھی انتہائی کم ہے، پاکستان کی آبادی اپنا طرز زندگی بدلنے پر آمادہ نظر نہیں آتی جیسا کہ سماجی فاصلہ، ہاتھ دھونا اور احتیاطی تدابیر۔ڈبلیو ایچ او کے مطابق پاکستان دنیا کے ان 10 ملکوں میں شامل ہے جن میں نئے کیسز کی تعداد بہت زیادہ ہے، پاکستان کو اپنی ٹیسٹنگ صلاحیت کو 50 ہزار یومیہ تک بڑھانا نہایت ضروری ہے۔

No comments: