Friday, June 12, 2020

پاکستان میں ایک کروڑافراد کے خطہ غربت سے نیچے جانے کا خدشہ

اسلام آباد(سی این پی)پاکستان میں کورونا کے باعث ایک کروڑافراد کے خط غربت سے نیچے جانے کا خدشہ ہے، پلاننگ کمیشن کے مطابق غربت کا تخمینہ ماہانہ 3ہزار250روپے آمدن کے تحت لگایا گیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کیلئے کوروناسے بڑھتے مسائل اور غربت میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے، اقتصادی سروے میں ملک میں ایک کروڑ افراد
کے خط غربت سے نیچے جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔سروے میں بتایا گیا کہ خط غربت سے نیچے رہنے والے افرادکی تعداد5کروڑسے بڑھ کر 6کروڑہو سکتی ہے، پلاننگ کمیشن کے مطابق غربت کاتخمینہ ماہانہ 3ہزار250روپے آمدن کے تحت لگایا گیا۔اقتصادی سروے کے مطابق ملکی آبادی کا24.3 فیصدحصہ خط غربت سے نیچے زندگی گزاررہاہے اور کوروناکے باعث یہ تعدادبڑھ کر 29سے33فیصدتک ہوسکتی ہے جبکہ جزوی لاک ڈاؤن رہنے سے ایک کروڑ26لاکھ افرادبیروزگارہوسکتے ہیں۔سروے میں کہا گیا ہے کہ احساس پروگرام کے تحت 1کروڑ20لاکھ خاندانوں کی مددکی جائیگی، احساس پروگرام کوایک کروڑ60لاکھ خاندانوں تک بڑھایا جارہا ہے جبکہ اب تک ایک کروڑخاندانوں میں 121ارب روپے کیش تقسیم کئے جاچکے ہیں۔یاد رہے مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے سینیٹ میں تحریری جواب جمع کرایا تھا، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ کرونا بحران کے ابتدائی مرحلے میں تیس لاکھ سے زائد افراد بے روزگار ہوسکتے ہیں۔عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ صنعتی شعبے سے دس لاکھ اور خدمات کے شعبے سے بیس لاکھ افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے جبکہ ملک میں غربت کی شرح 24.3 فیصد سے بڑھ کر 33.5 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، کرونا کی وجہ سے صرف مارچ کے مہینے میں ہی روپے کی قدر میں ساڑھے 7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

No comments: