Saturday, May 16, 2020

ٹرین آپریشن کے حوالے سے ریلوے کے تمام ایس اوپی تیار ہیں ہم کل ٹرین چلانے کے لئے تیار ہیں۔ پاکستان ریلوے وفاق کا ادارہ ہے جوکسی صوبے کے ماتحت نہیں صرف وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ماتحت ہے،وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد

لاہور(آئی آئی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ٹرین آپریشن کے حوالے سے ریلوے کے تمام ایس اوپی تیار ہیں ہم کل ٹرین چلانے کے لئے تیار ہیں۔ پاکستان ریلوے وفاق کا ادارہ ہے جوکسی صوبے کے ماتحت نہیں صرف وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ماتحت ہے۔ ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان، پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور اسد عمر سے بات کی ہے آپ جہاز اور بسیں چلا
رہے ہیں لیکن ٹرین جو غریب کی خصوصی سواری ہے اس کونہیں چلا رہے۔ عید کے دنوں میں ہم نے ٹرین آپریشن کو 15اپ اور 15ڈاؤن کی ٹرینوں تک مخصوص کر دیا ہے اور نہ کوئی کرائے میں اضافہ کیا ہے حالانکہ انڈیامیں 50،60فیصد بکنگ پر دو گنا کرایہ وصول کیا جارہا ہے۔ ریلوے کے تیار کردہ ایس اوپیز کو این ڈی ایم اے نے پاس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے پہلے لوگوں نے آن لائن بکنگ کے لئے تقریبا 24کروڑ روپے ہمارے اکانٹ میں بھیج دیے ہیں۔ ہمارے لئے یہ بڑا مسئلہ ہے کہ اگر سومواریا منگل تک ٹرینیں نہیں چلتی تو ہم عید کے 15دن کے بعد یہ 24کروڑ بغیر کسی کٹوتی کے ان مسافروں کو واپس کریں گے۔ اس کے علاوہ جعفر ایکسپریس کے چاروں ریکس کو نئی چائنیز کوچز کے ساتھ چلا رہے ہیں جو کہ بلوچستان کے لوگوں کے لئے بہت اچھی خبر ہے۔ سکیورٹی کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم نے سٹاپ والے ریلوے اسٹیشنوں کو کم کیا ہے صرف بڑے اسٹیشنز کوسٹاپ دیا گیا ہے ہر جگہ پولیس کے انتظامات ہیں۔ 7ہزار پولیس اہلکاروں کے ساتھ ریلوے آفیسرز کو بھی اسٹیشنوں پر تعینات کیا گیا ہے بغیر ٹکٹ کے کسی دوسرے شخص کو اسٹیشن پر داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بات کی مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ صوبے بسوں اور جہازوں کو چلنے کی اجازت دے رہے ہیں لیکن ریل واحد سواری ہے جو دنیا بھر میں کرونا میں بھی چل رہی ہے جس میں خلاف ورزی کو بھی کنٹرول کیا جا سکتا ہے لیکن پاکستان میں یہ معاملہ الٹ ہے کہ یہاں ٹرین کو ابھی تک چلنے کی اجازت نہیں ملی۔ اگر سوموار اور منگل تک ٹرین چلانے کی اجازت نہ ملی تومسائل بڑھ جائیں گے کیونکہ رش اتنا بڑھ جائے گا کہ ریلوے سے کنٹرول نہیں ہوگا۔ ہم نے تمام ممکن حفاظتی تدابیرتیار کی ہیں، اگر منگل تک وزیراعظم پاکستان ہمیں اجازت دے دیں تو ہم 24گھنٹے کے نوٹس پر ٹرین آپریشن شروع کر دیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے ساتھ ریلوے مزدورں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے بغیر چھٹی کے 2ماہ میں دس ہزار چون کوچز کو ٹھیک کیا۔ 

No comments: