Saturday, May 16, 2020

وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اعلی سطحی اجلاس، رمضان المبارک کے آخری عشرے میں طاق راتوں کے اجتماعات، جمعتہ الوادع، نماز عید، عید تعطیلات کے دوران، مارکیٹس، بازاروں اور صنعتوں کے لئے ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد(آئی آئی پی)  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس(کویڈو۔19)کی تشخیص کے لئے سب سے زیادہ 14ہزار878 ٹیسٹ کرنے اور اب تک ٹیسٹ کی صلاحیت میں 27 گنا اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹیسٹ صلاحیت میں مزید اضافے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی ہدایت دی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت ہفتہ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں طاق راتوں
کے اجتماعات، جمعتہ الوادع، نماز عید، عید تعطیلات کے دوران، مارکیٹس، بازاروں اور صنعتوں کے لئے ایس او پیز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کے وزیر صحت میاں اسلم، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخواہ، آزادوجموں کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے ان امور پر اپنے صوبوں میں عملدرآمد کے حوالے سے پیش رفت، مزید بہتری کے لئے اپنی آرااور تجاویز بھی دیں۔ فورم نے کورونا وائرس کیسز کی موجودہ شرح، وبامیں ممکنہ اضافے کے تخمینہ کا گہرائی سے جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ جون میں اس وباکے بڑھنے کا خدشہ ہے اس لئے صحت کے شعبے مجموعی صلاحیت، ٹیسٹنگ کی تعداد بڑھانے اوروینٹی لیٹرز کی مطلوبہ تعداد یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے۔ وزارت صحت کے حکام نے پی پی ایس اور طبی آلات سے متعلق اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اب تک پاکستان کو 50 لاکھ 61 ہزار 160 ماسک، 2 لاکھ 67 ہزار 280 این 95 ماسک، 8 لاکھ 81 ہزار 700 حفاظتی لباس، 1 لاکھ 41 ہزار 45 گاگلز (حفاظتی عینکس)، 12 لاکھ 59 ہزار 148 گلوز، 3 لاکھ 94 ہزار 186 سرجیکل کیپس، 94 ہزار400 فیس شیلڈ، 2 لاکھ 81ہزار208 شوکور،20 پورٹ ایبل وینٹی لیٹرز، 24 آئی سی یو وینٹی لیٹرز، 339 بائے پی اے پی وینٹی لیٹرز، 45 ایکسرے مشینیں پاکستان لائیں گئیں، یہ تمام طبی سامان ہسپتالوں کو ان کی ضروریات کے مطابق بھجوائے جاچکے ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ پی پی ایز اور طبی آلات کا مطلوبہ سٹاک موجود ہے اب ہمیں تجربہ کار ہیومین ریسورس کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں اس وباکے بڑھنے کے چیلنج کا بہتر طریقے سے مقابلہ کیا جاسکے۔ فورم کو بتایا گیا کہ کورونا وائرس پاکستان آنے کے بعد عالمی معیار کے مطابق یومیہ 470 ٹیسٹوں سے آغاز کیا گیا تھا اور آج یومیہ 14ہزار878 ٹیسٹوں کی صلاحیت حاصل کرلی گئی ہے جو کہ 27 گنا اضافہ ہے، ہر آنے والے دن ٹیسٹنگ صلاحیت میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مارچ کے اوائل میں کررونا وائرس کی تشخیص کے لئے صرف2 لیباٹرریاں تھیں۔ اب تک ملک بھر میں عالمی معیار کے مطابق کورونا ٹیسٹ کے لئے 70 لیباٹرریاں قائم کی جاچکی ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ حکومت قلیل مدت میں پسے ہوئے اور محروم طبقات تک احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے ذریعے مالی امداد گھروں کی دہلیز تک پہنچانے میں کامیاب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی شعبے میں ریلیف، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو یوٹیلٹی بلزادائیگیوں میں بھی ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے ذریعے اب تک 8ملین سے زائد مستحقین میں 100ارب تقسیم کیے جاچگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے ساڑھے تین لاکھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ای) کو فائدہ پہنچانے کے لئے 50 ارب روپے کا منصوبہ تیار کیا ہے جبکہ کاشتکاروں کے لئے 50 ارب روپے مالیت کا زرعی ریلیف پیکیج بھی شروع کیا گیا ہے اور صحت کے شعبے کے لئے 50 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ وزیر داخلہ بریگیڈئیر اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مقامی سطح پرسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر ایس او پیز پر عمل درآمدیقینی بنائیں۔ پنجاب کے وزیر صنعت میاں اسلم نے فورم کو بتایا کہ ایس او پی اور گائیڈ لائینز پر عمل درآمد کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں ہیں جو اپنا کام احسن انداز میں سرانجام دے رہی ہیں، اب تک 360 وارننگ نوٹس جاری کیے ہیں۔

No comments: