Saturday, May 16, 2020

سینئر وزیر کی ہدایت پر محکمہ خوراک کی جنوبی پنجاب میں کاروائیاں،ذخیرہ اندوزوں سے گندم برآمد، ڈی جی خان میں 10ہزار،بہاولنگر میں 3ہزار اور لیہ میں 2ہزار گندم کی بوریاں قبضے میں لی گئیں، جنوبی پنجاب بارڈر ایریا ہونے کے باعث زیادہ حساس،سخت ایکشن لے رہے ہیں:عبدالعلیم خان

 لاہور(آئی آئی پی) سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کی ہدایت پر محکمہ خوراک صوبے بھر میں متحرک ہو چکا ہے اور جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں تعطیل کے روز بھی گندم کی ناجائز ذخیرہ اندوزی کرنے والوں خلاف چھاپے مارے جا رہے ہیں، ڈیرہ غازی خان میں سو کلو گرام کی 10ہزار،بہاولنگر میں 3ہزار اور لیہ میں 2ہزار گندم کی بوریاں قبضے میں لے لی گئی ہیں جبکہ صرف ضلع ملتان میں 20ہزار من گندم پکڑی گئی ہے اور موقع پر ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبائی بارڈر ایریا ہونے کے باعث زیادہ حساس ہے جس کی وجہ سے ذخیرہ اندوز موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گندم کی سمگلنگ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک پنجاب مکمل طور پر الرٹ اور چوکس ہے کسی کو بھی گندم کی ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دیں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے قوم کے مجرم ہیں،ان کے خلاف ہر ضلع میں کاروائیاں جاری ہیں اور کسی سے کوئی رعائیت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب جیسے زرعی صوبے میں گندم کی قلت نہیں آنے دیں گے اور انشا اللہ گندم کی خریداری کا ہدف اپنے مقررہ وقت پر ضرور پورا ہوگا۔ سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ گندم ذخیرہ کرنے والو ں کو واضح پیغام جا چکا ہے اور سخت ایکشن لیتے ہوئے موقع پر ہی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جس کی میں خود مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس قومی مہم میں میڈیا کے مسلسل تعاون پر شکر گزار ہوں جن کی کوششوں سے ذخیرہ اندوزی کرنے والے اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہے ہیں۔

No comments: