Sunday, May 17, 2020

پنجاب کی تاریخ میں ریکارڈ خریداری، محکمہ خوراک کو اب تک3.4ملین میٹرک ٹن گندم حاصل۔۔۔۔ گزشتہ3برسوں کی نسبت سب سے زیادہ گندم کی خرید،45لاکھ میٹرک ٹن کا ہدف بھی تاریخی ہے،،، بہترین ٹیم ورک کا مظاہرہ ہوا، ٹارگٹ مکمل ہونے پر فلور ملز کا کوٹہ بڑھا دینگے:عبدالعلیم خان

 لاہور(آئی آئی پی)  سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں اب تک گندم کی ریکارڈ خریداری مکمل کرتے ہوئے محکمہ خوراک نے 3.4ملین میٹرک ٹن گندم حاصل کر لی ہے جو گزشتہ3برسوں میں خریدی گئی سب سے زیادہ گندم کی مقدار ہے اور انشا اللہ ہم پنجاب کی تاریخ کا رکھا گیا 45لاکھ میٹرک ٹن کا سب سے بڑا ہدف بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ اپنے ٹوئٹ میں سینئر و زیر عبدالعلیم خان نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ ملک کے
سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بہترین ٹیم ورک کے نتیجے میں اس اہم ٹاسک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے جا رہے ہیں اور جیسے ہی یہ ٹارگٹ حاصل ہو گا فلور ملز کا گندم ذخیرہ کرنے کا کوٹہ بڑھا دیا جائے گا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف صوبے بھر میں بڑے پیمانے پر ہونے والی کاروائیوں سے بھی گندم کی خریداری پر مثبت اثرات پڑے ہیں اور خرید کا ہدف آسان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 36لاکھ میٹرک ٹن گندم کا حصول اچھی خبر ہے جس سے پنجاب کے عوام کو گندم اور آٹے کی قلت نہیں آئے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ محکمے کے افسران آئندہ بھی اسی لگن اور محنت سے کام کریں گے اور محکمہ خوراک کو ماضی کے مقابلے میں بہترین ڈیپارٹمنٹ بنانے کے لیے اپنی توانائیاں صرف کریں گے۔سینئر و وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہوں نے صوبے بھر میں ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ترین کاروائی کا حکم دے رکھا ہے جس کے لیے ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے بھی مدد لی گئی ہے۔سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے اپنے ٹوئٹ میں یقین دلایا ہے کہ صوبے کے عوام کو خوراک کے شعبے میں بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور اس ضمن میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے گندم کی خریداری مہم میں کامیابی پر محکمہ خوراک پنجاب کے افسران کو شاباش دی اور ان کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ 

No comments: