Tuesday, May 19, 2020

کمبوڈیا کورونا وائرس پر قابو پانے والا پہلا ایشیائی ملک بن گیا

ملک میں کورونا کے  122 مریض سامنے آئے  تھے  اب سب  صحتیاب ہوکر ہسپتال سے گھروں کو جاچکے ہیں 
اگرچہ اب  ملک میں کوورنا کا کوئی کیس موجود نہیں مگرعوام احتیاطی تدابیر کو برقرار رکھیں گے‘وزارت صحت کی اپیل
پنوم پن (این این آئی)کمبوڈیا ایشیا کا پہلا ملک ہے جس نے نئے نوول کورونا وائرس کی وبا پر مکمل طور پر قابو پالیا اور اب وہاں کوئی بھی اس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کا شکار نہیں رہا۔ کمبوڈیا ایشیا کا پہلا ملک ہے جہاں اس وائرس کے 122 مریض سامنے آئے مگر سب کے سب صحتیاب ہوکر ہسپتال سے گھروں کو جاچکے ہیں اور کوئی ہلاکت بھی نہیں ہوئی۔جنوب مشرقی ایشیا میں واقع کمبوڈیا میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 27 جنوری کو سامنے آیا تھا مگر گزشتہ دنوں آخری مریض کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا اور اب وہ کوئی بھی مصدقہ کیس موجود نہیں۔کمبوڈین وزارت صحت کے مطابق آخری مریضہ ایک 36 سالہ خاتون تھیں جن کا تعلق شمال مغربی صوبے بانتیئی مینچیئی سے تھا، مگر ان کا علاج دارالحکومت پنوم پن کے ہسپتال میں ہوا۔اگرچہ اب اس ملک میں کوورنا وائرس کا کوئی کیس موجود نہیں مگر حکام کا کہنا ہے کہ وہ کووڈ 19 کے حوالے سے احتیاطی تدابیر کو برقرار رکھیں گے اور عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھی احتیاطی تدابیر کو اختیار کریں۔اس مقصد کے لیے پابندیوں جیسے اسکولوں کی بندش، قرنطینہ اور سرحدی داخلی نگرانی میں نرمی نہیں کی جائے گی۔کمبوڈیا میں آخری کیس 12 اپریل کو سامنے آیا تھا اور جنوری سے اب تک اس ملک میں 14 ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے گئے۔وزیر صحت مام بیون ہینگ نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ محتاط رہنے کے ساتھ احتیاطی تدابیر جیسے بڑے اجتماعات سے گریز کریں۔انہوں نے کہا ہمارے خیال میں زیادہ تر کیسز بیرون ملک سے آئے، تو ہمیں سرحدی چیک پوائنٹس، ائیرپورٹس، بندرگاہوں اور دیگر پر محتاط رہنا ہوگا۔

No comments: