Sunday, June 7, 2020

ہنزہ کیمپس میں اہداف کے مطابق تعلیمی اور ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں،ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ

ہنزہ(پ ر)قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ نے تعلیمی اور ترقیاتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے ہنزہ کیمپس کا دورہ کیا۔ اس دورے میں وائس چانسلر کے ہمراہ پی ڈی ورکس انجینئرشبیر حسین بھی موجود تھے۔ ہنزہ کیمپس پہنچنے پر ڈائریکٹر ہنزہ کیمپس ڈاکٹر رحمت کریم نے وائس چانسلر کو کیمپس میں جاری تعلیمی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی اور بتایا کہ کیمپس میں جاری آن لائن کلاسیں اچھے انداز میں جاری ہیں اور تقریبا ً 60-70فیصد طلبابلینڈڈ لرننگ کی کلاسوں میں شامل ہو رہے ہیں۔ باقی طلباء کو دور دراز سہولتی مراکز کے
ذریعے تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔پبلک ریلیشنز آفس کے مطابق بعدازاں وائس چانسلر نے کیمپس میں زیر تعمیر اسٹاف کے لیے دفاتر، کیفے ٹیریا اور کلاس رومز کے تعمیراتی سائٹس کا دورہ کیا۔وائس چانسلر نے کہاکہ کے آئی یو ہنزہ کیمپس سر فہرست نو قائم کردہ سب کیمپس میں سے ایک ہے جہاں اہداف کے مطابق تعلیمی اور ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ توقع ہے کہ اگلے سال طلباء کے داخلہ 1000 سے تجاوز کرے گا۔ واضح رہے کہ قراقرم یونیورسٹی ہنزہ کیمپس کا آغاز 2017 میں کیا گیا تھا جہاں سیاحت اور مہمان نوازی، بزنس مینجمنٹ، لائف سائنسز اور ریاضی کے شعبوں میں لگ بھگ 450 طلباء اپنی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ کیمپس کے سیاحت کے پروگرام نے جی بی کے مختلف حصوں سے آنے والی اچھی تعداد میں طلباء کو راغب کیا ہے۔ گذشتہ سال ایکو ٹورزم، ہاسپٹیلٹی اور کوہ پیمائی سے متعلق پہلی بین الاقوامی کانفرنس بھی منعقد کیاگیاتھا جس میں صدر پاکستان وچانسلر قراقرم یونیورسٹی نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کیا تھے۔دورے میں وائس چانسلر نے مہمان نوازی اور سیاحت میں یونیورسٹی آف سائنس ملائیشیا سے پی ایچ ڈی کے کامیاب دفاع پرہنزہ کیمپس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحمت کریم کو مبارکباد بھی پیش کی اور ان کی ڈاکٹریٹ کو ہنزہ کیمپس میں جاری مہمان نوازی و سیاحت کے شعبہ کو مزید تقویت ملنے کے لیے پیش خیمہ قرار دیا۔

No comments: