Thursday, June 11, 2020

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف بھی کورونا وائرس میں مبتلا،رہائشگاہ پر قرنطینہ کر لیا۔۔۔9جون کے بعد شہباز شریف نے کسی سے ملاقات کی نہ کہیں گئے، کچھ ہوا تو عمران نیازی اور نیب ذمہ دار ہونگے‘ عطا اللہ تارڑ۔۔۔نیب کو ویڈیو لنک کے ذریعے بھی تفتیش کی پیشکش کی،پارٹی نے کارکنوں کو باہر آنے کیلئے باضابطہ کوئی کال نہیں دی‘ ڈپٹی سیکرٹری جنرل

لاہور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے جس کے بعد انہوں نے خود کو اپنی رہائشگاہ پر قرنطینہ کر لیا ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطا اللہ تارڑ کے مطابق نیب ہیڈ کوارٹر میں پیشی کے بعد شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جس کی رپورٹ مثبت آئی
ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی شہباز شریف کو جلد صحتیاب کرے اور قوم سے بھی دعاؤں کی اپیل ہے۔شہباز شریف کو ان حالات میں نیب میں طلب کر کے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا۔تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ میاں شہباز شریف کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور ان کی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے،یہاں تک کہا گیا کہ ہم کہیں بھاگ رہے اور ویڈیو لنک پر تفتیش کر لی جائے لیکن نیب نے اندھا سیاسی انتقام جاری رکھا۔ شہباز شریف اس سے پہلے بھی خطرے کے باوجود نیب میں پیش ہوئے اور 24صفحات پر مشتمل جواب جمع کرایا۔ا نہوں نے بتایا کہ 9جون کونیب میں پیشی کے علاوہ شہباز شریف نے کسی سے ملاقات کی اور نہ ہی کہیں اور گئے ہیں۔اگر شہباز شریف کو کچھ ہوا تو اس کے ذمہ دار عمران نیازی اور نیب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کارکنوں کو بھی باہر آنے کے لئے باضابطہ کوئی کال نہیں دی تھی۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے خود کو ماڈل ٹاؤن کی رہائشگاہ پر قرنطینہ کر لیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔

No comments: