Monday, June 8, 2020

سندھ میں 239 کورونا کے مریض آئی سی یوز میں ہیں،صورتحال بہت تیزی سے خراب ہورہی ہے،لوگوں گھروں سے نکلنے سے گریز کریں،ترجما ن حکومت سندھ

کراچی (این این آئی)سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سندھ میں 239 کورونا کے مریض آئی سی یوز میں ہیں ان
239 میں سے 80 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں جبکہ 194 مریض ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس(ایچ ڈی یوز) میں ہیں جنہیں آکسیجن فراہم کی جارہی ہے۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ ان اعدادوشمار سے کورونا کے مریضوں کی بگڑتی ہوئی حالت کا ہم بخوبی اندازہ لگا سکتے ہیں۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ اگر ہم اور کچھ نہیں کرسکتے تو کم از کم ہم ماسک کا استعمال ضرور کریں خدارا احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ مارکیٹوں اور رش کے علاقوں میں جانے سے گریز کریں گھروں سے کچھ نکلنے سے بھی گریز کیا جائے تاکہ ہم خود اور اپنے گھر والوں کو محفوظ رکھ سکیں انہوں نے کہا کہ صورتحال بہت تیزی سے خراب ہورہی ہے۔ ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ اللہ پاک ہم سب پر اپنا خصوصی کرم فرمائے۔

No comments: