Monday, May 18, 2020

اسلام آباد، حکومت بجٹ کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیلئے تیار ہے، بجٹ موجودہ معاشی حالات کے تقاضوں اورمعیشت کے ساختی مسائل کے اختراعی حل کے مطابق ہوگا،وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ

اسلام آباد(آئی آئی پی)  وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاہے کہ حکومت بجٹ کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیلئے تیار ہے، بجٹ موجودہ معاشی حالات کے تقاضوں اورمعیشت کے ساختی مسائل کے اختراعی حل کے مطابق ہوگا۔انہوں نے یہ بات پیرکویہاں وزارت خزانہ میں وڈیولنک کے ذریعہ ڈاکٹراکرام الحق
کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی، ملاقات میں ملک میں موثرڈیٹا رسائی اور تصدیقی میکنزم کے ذریعہ ٹیکس کی ساخت کو بہتربنانے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔ چئیرپرسن ایف بی آر، سیکرٹری خزانہ اورسابق سیکرٹری خزانہ ڈاکٹروقارمسعود خان بھی اس موقع پرموجود تھے۔ وزیراعظم کے مشیرنے ملک بھرکی منتخب مارکیٹوں اورایوان ہائے صنعت وتجارت سے ڈیٹا جمع کرنے کے ضمن مین ڈاکٹراکرام الحق کے کام کو سراہا۔ ڈاکٹراکرام الحق نے وزیراعظم کے مشیر کو محصولات جمع کرنے کے عمل کو موثربنانے کیلئے ڈیٹا کے حصول اوراس کی تصدیق کیلئے بعض تیکنیک سے آگاہ کیا۔ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ اس مشق کا بنیادی مقصد ماہرین سے مشاورت ہے تاکہ ملک میں محصولات جمع کرنے کے نظام میں پائی جانی والی بنیادی خامیوں کودورکرنے کیلئے بہترتجاویزسامنے آسکیں۔انہوں نے کہاکہ بجٹ کی تیاری میں ہمیں موجودہ حالات سے پیداہونے والے چیلنجوں کے بارے میں زیادہ مستعد اورفعال رہنے کی ضرورت ہے، حکومت بجٹ کی تیاری میں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیلئے تیار ہے، بجٹ موجودہ معاشی حالات اورمعیشت کے ساختی مسائل کے اختراعی حل کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے ڈاکٹراکرام الحق کو اپنی سفارشات وتجاویر جامع اورعملی اندازمیں وزارت کے ساتھ شئیرکرنے کی ہدایت کی تاکہ انہیں آنے والے بجٹ کاحصہ بنایا جاسکے۔انہوں نے موثربجٹ سازی کیلئے ایف بی آر کو مختلف ذرائع سے ڈیٹا حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

No comments: