Monday, May 18, 2020

فیصل آباد، منسٹری آف کامرس کے 50 سے زائد ممالک میں موجود ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز کو فیڈمک کے اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کیلئے مارکیٹنگ کی ذمہ داریاں دی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کیلئے راغب کیا جا سکے،وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس، سرمایہ کاری و ٹیکسٹائل عبدالرزاق داؤد

فیصل آباد(آئی آئی پی)  وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس، سرمایہ کاری و ٹیکسٹائل عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ منسٹری آف کامرس کے 50 سے زائد ممالک میں موجود ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ آفیسرز کو فیڈمک کے اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کیلئے مارکیٹنگ کی ذمہ داریاں دی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کیلئے
راغب کیا جا سکے۔وہ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق سے میٹنگ میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تمام ٹریڈ مشنز کو فیڈمک کے چاروں سپیشل اکنامک زونز علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی، ایم تھری انڈسٹریل سٹی، ویلیو ایڈڈ انڈسٹریل سٹی اور گارمنٹس سٹی میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی جائیں تاکہ وہ سرمایہ کاروں سے رابطہ کاری کر کے انہیں فیڈمک کے ون ونڈو سروس سنٹر سے لنک کر سکیں۔فیڈمک کا ون ونڈو سروس سنٹر بیرون ملک سے آنیوالے سرمایہ کاروں کو سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹریشن سے لے کر پلاٹ کی الاٹمنٹ، بجلی اور گیس سمیت دیگر یوٹیلیٹی سروسز کی فراہمی سے لے کر کمپنی سیٹ اپ تک خدمات فراہم کرے گا۔اس موقع پر چیئرمین فیڈمک نے وزیر اعظم کے مشیر برائے کامرس و سرمایہ کاری کو سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں جاری ترقیاتی کاموں اورایم تھری انڈسٹریل سٹی کے بالمقابل بنائے جانیوالے کمرشل اور بزنس زون سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں ایکسپو سنٹر، ٹیکنیکل یونیورسٹی،کنٹری کلب، ہسپتال، فائیو سٹار ہوٹل، کمرشل بلڈنگز اور اپارٹمنٹس سمیت عالمی معیار کے مطابق تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔رزاق داد نے میاں کاشف اشفاق کی کوششوں کو سراہتے ہوئے فیڈمک کے سپیشل اکنامک زونز میں جاری ترقیاتی کاموں کو سراہا اور کہا کہ ان پراجیکٹس کی تکمیل سے پاکستان صنعتی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو جائے گا۔

No comments: