Monday, May 18, 2020

لاہور،صوبوں کے صوبیدار اپنی کارکردگی اخبارات میں چھپوا کر وفاق پر تنقید نہ کریں: چودھری شجاعت حسین

لاہور(آئی آئی پی)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ اکیلے عمران خان کی ذمہ داری نہیں ہے کہ وہ کورونا کا مقابلہ کریں، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم بھی اپنی حفاظت خود کریں، اس قدرتی آفات سے اکیلی حکومت نہیں نمٹ سکتی، پاکستان کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہوا ہے لہذا میں سمجھتا ہوں کہ صاحب حیثیت 
افراد اپنے ہمسایوں کا خیال رکھیں اور سفید پوش طبقہ کی دل کھول کر مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیہاڑی دار جب صبح روزی کمانے گھر سے نکلتا ہے تو سارا دن چوک میں کھڑے رہنے کے بعد جب اسے مزدوری نہیں ملتی تو شام کو وہ اپنے بیوی بچوں کیلئے کھانا کہاں سے لے کر جائے گا لہذاصاحب حیثیت افراد سے میں کہوں گا کہ وہ کم از کم دو خاندانوں کا راشن اپنے ذمہ لیں، اس سے کوئی امیر غریب نہیں ہوجائے گا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ صوبوں کے صوبیدار اپنی کارکردگی کو اخبارات میں چھپوا کر وفاق کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، ایسے سیاسی لیڈر سیاسی بیان بازی کرنے کی کوشش نہ کریں، یہ سیاسی بیان بازی کا وقت نہیں ہے، ایسا نہ ہو کہ وہ اللہ کی پکڑ میں مبتلا ہو جائیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ خاص طور پر میں ان لوگوں کو تنبیہ کرنا چاہتا ہوں جو لوگوں کی مجبوریوں سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور سستی چیزیں مہنگے داموں فروخت کرتے ہیں، ایسی حرام کمائی ان کے کسی کام نہیں آئے گی۔

No comments: