Monday, May 18, 2020

کراچی، ان کا صوبہ کوویڈ 19 ٹیسٹ کروانے میں دوسرے صوبوں سے بہت آگے ہے اور ہماری لیبارٹریز 77 فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ ہمارے پاس کورونا وائرس کے نمونوں کی جانچ کرنے کیلئے 19 لیبارٹریز ہیں اور ان کی ایک دن میں 6550 ٹیسٹ کی جانچ کرنے کی گنجائش ہے،وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ

کراچی(آئی آئی پی) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ان کا صوبہ کوویڈ 19 ٹیسٹ کروانے میں دوسرے صوبوں سے بہت آگے ہے اور ہماری لیبارٹریز 77 فیصد صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ ہمارے پاس کورونا وائرس کے نمونوں کی جانچ کرنے کیلئے 19 لیبارٹریز ہیں اور ان کی ایک دن میں 6550 ٹیسٹ کی جانچ کرنے کی گنجائش ہے۔ یہ بات
انہوں نے پیر کو وزیراعلی ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ لاڑکانہ میں کورونا وائرس ٹیسٹنگ لیب بھی قائم کی جارہی ہے اس کے علاوہ COVID-19 کے مریضوں کیلئے مخصوص ہسپتال بھی قائم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے 864 نئے کیسز کا پتہ چلا ہے جب 4679 نمونے ٹیسٹ کیے گئے اس طرح اب انکی تعداد 17241 ہوگئی ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹو کے دوران 4679 ٹیسٹ کئے گئے جن میں 864 کیسز کا پتہ چلا جن میں کراچی کے657 کیسز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک 127573 نمونے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جن میں 17241 کیسز کی تشخیص ہوئی ہے جو مجموعی ٹیسٹوں کا 13.5 فیصد ہیں۔وزیراعلی سندھ کے مطابق مزید تین مریضوں کی اموات کے بعد تعداد280 تک بڑھ گئی ہے جو کل مریضوں کا 1.6فیصد ہے۔ اس وقت 12472 مریض زیر علاج ہیں  ان میں سے 11095 یعنی 89 فیصد گھروں میں آئسولیشن میں، 815 یعنی 6فیصد قرنطینہ مراکز میں اور 562 یعنی 5فیصد اسپتالوں میں ہیں۔ مراد علی  شاہ نے بتایا کہ 136 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 29 کو وینٹیلیٹروں پرڈال دیا گیا ہے۔ مراد علی  شاہ نے کہا کہ 280 مزید مریضوں کو کچھ ایس او پیز اور احتیاطی تدابیر کے تحت عام زندگی گزارنے کیلئے صحتیابی کے بعد انہیں چھٹی دے دی گئی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا ہمارے پاس اب تک  4489مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور وہ اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں جو کل مریضوں کا 26 فیصد ہیں۔ انھوں نے کہا کہ صوبے میں صحتیاب ہونے کا تناسب 26 فیصد ہے اور ہم اس میں مزید بہتری لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ 864 مریضوں میں سے 657 کا تعلق کراچی سے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع شرقی میں 171، ضلع ملیر میں  141 ، ضلع جنوبی میں  117، ضلع وسطی میں  94، ضلع کورنگی میں 75 اور ضلع غربی میں 59 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ  گھوٹکی میں 31، حیدرآباد 30، لاڑکانہ 21، سکھر 17، قمبر شہدادکوٹ میں 7، کشمور کندھ کوٹ کے 5، مٹیاری اور نوشہروفیرو میں 2-2اور شہید بینظیر آباد، خیرپور اور جامشورو میں 1-1کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

No comments: