Tuesday, June 2, 2020

افریقا کو سب سے زیادہ ہتھیار برآمد کرنے والا ملک روس

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس براعظم افریقا میں ہتھیار فروخت کرنے والا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ہتھیاروں کی بین الاقوامی تجارت کرنے والے روس کے سرکاری ادارے روسو بورون ایکسپورٹ نے 2 ماہ قبل اعلان کیا تھا کہ اسے پہلی مرتبہ زیریں صحارا کے ایک افریقی ملک کو جنگی کشتیاں فراہم کرنے کا پہلا آرڈر مل گیا ہے، تاہم اس سلسلے میں درآمد کنندہ کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تھا، تاہم تصدیق کی گئی تھی کہ یہ معاہدہ 2 عشروں کے دوران افریقی خطے کو روسی جنگی بحری مصنوعات کی فروخت کے سلسلے میں ماسکو کو ملنے والا اولین سمجھوتا ہے۔ سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں قائم امن پر تحقیق کرنے والے بین الاقوامی ادارے سِپری کے مطابق افریقا کو دنیا کے مختلف ممالک ہر سال جتنا اسلحہ فروخت کرتے ہیں، اس کا 49 فیصد یا تقریباً نصف صرف روس فروخت کرتا ہے۔ یہی نہیں بلکہ رواں سال کے اوائل سے افریقی ممالک کو ماسکو کی طرف سے اسلحہ کی فروخت میں مزید تیزی آ چکی ہے۔ اس دوران جس ایک ملک کو روس نے سب سے زیادہ ہتھیار فروخت کیے یا ان کے معاہدے کیے، وہ الجزائر ہے۔ اب تک براعظم افریقا میں روسی ہتھیاروں کا سب سے بڑا خریدار ملک الجزائر ہے۔ اس کے بعد باقی تین بڑے ممالک میں بالترتیب افریقا، سوڈان اور انگولا کے نام آتے ہیں۔

No comments: