Saturday, June 6, 2020

گلگت بلتستان ہاؤسنگ اتھارٹی اور پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے اشتراک سے سرکاری ملازمین اور کم آمدن والے افراد کیلئے ہاؤسنگ پراجیکٹس شروع کرنے کا فیصلہ

گلگت (این این آئی) گلگت بلتستان ہاؤسنگ اتھارٹی اور پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے اشتراک سے گلگت،سکردو،دیامر،غذر اور دیگر شہروں میں سرکاری ملازمین اور کم آمدن والے افراد کے لئے ہاؤسنگ پراجیکٹس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گلگت بلتستان کے سرکاری ملازمین جنہوں نے 2009کے بعداسلام آباد میں پی ایچ اے کے تحت پلاٹ بک کرائے تھے اور انھیں الاٹمنٹ نہیں کی گئی ہے ان کے مسائل کو بھی حل کرنے پر اتفاق رائے ہوگیا ہے تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن سے ڈی جی پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی نے ملاقات کی اس موقع پر ہاؤسنگ پراجیکٹں
کے لئے آئندہ کچھ روز میں ایم اویو سائن کرنے پر اتفاق کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ ہماری ترجیح ہے کہ گلگت بلتستان کے چھوٹے سرکاری ملازمین اور کم آمدنی والے عوام اپنی چھت کا خواب پورا کریں گلگت بلتستان میں اس وقت ہاؤسنگ کا مسلہ سنگین ہے دوسری طرف گلگت بلتستان کے کل رقبے کی صرف 2فیصدزمین کار آمد ہے۔ایسے میں ہم چاہتے ہیں کہ کم زمین میں زیادہ مکان بنیں اسی سوچ کے تجت ملٹی سٹوریز کا پلان گلگت بلتستان میں رائج کرنا ہے اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ گلگت بلتستان ہاؤسنگ اتھارٹی اور پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کے اشتراک سے کم آمدنی والے لوگوں اور سرکاری ملازمیں کے لئے منصوبے شروع کئے جائیں اسی سلسلے میں چند روز میں ایم او یو سائن کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے ڈی جی سے کہا کہ 2009کے بعد گلگت بلتستان کے ملازمین نے وفاق میں ہاؤسنگ اتھارٹی میں پلاٹ بک کرائے تھے انتظامی صوبہ بننے کے بعد گلگت بلتستان کے ملازمین کو وفاقی ملازمین کے کوٹے سے نکال دیا گیا جس وجہ سے بہت سارے ملازمین کو رقم مل سکی اور نہ پلاٹ، کیونکہ گلگت بلتستان تا حال انتظامی صوبہ ہے آئینی نہیں اس لئے گلگت بلتستان کے ملازمین کو وفاقی ملازمین کے کوٹے میں شامل کر کے پلاٹ حاصل کرنے کی سہولت فراہم کی جائے اور جن ملازمین کی رقم جمع ہو چکی ہے انہیں پلاٹ دیئے جائیں۔ڈی جی نے کہا کہ اس حوالے سے جلد ایم او یو سائن کر کے یہ تمام مسائل نہ صرف حل کریں گے بلکہ گلگت بلتستان میں منصوبے شروع کریں گے۔

No comments: