Tuesday, June 9, 2020

قراقرم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کاچیف سیکرٹری گلگت بلتستان سے ملاقات،چیف سیکرٹری کا یونیورسٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی

گلگت(پ ر) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کا چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کیپٹن (ر)خرم آغاسے ملاقات کی۔ پبلک ریلیشنز آفس کے مطابق وائس چانسلر نے ملاقات میں چیف سیکرٹری کو یونیورسٹی کی جانب سے تعلیم وتحقیق کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات،موجودہ صورت حال کے پیش نظر یونیورسٹی کی جانب سے بلینڈڈ لرننگ ماڈل کے ذریعے سمسٹر بہار اور خزاں کو چلانے کے فیصلے،یونیورسٹی کو درپیش مالی مسائل،ماسٹر طلبہ وطالبات کے فیسوں کے مسئلہ اور یونیورسٹی میں موجودہ صورت حال کے باعث حکومت کی جانب
سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق گفتگو کی۔چیف سیکرٹری کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی نے covid-19کے باعث جو غیر یقینی صورت حال پید اہوا ہے معلوم نہیں ہے کہ تعلیمی ادارے کب کھل جائینگے۔اس لیے یونیورسٹی نے بلینڈڈ لرننگ ماڈل کے ذریعے سمسٹر بہار اور خزاں کو چلانے کا فیصلے کیا۔اس حوالے سے ایس سی او کے ساتھ بات بھی ہوئی ہے۔وائس چانسلر نے کہاکہ بلینڈڈ لرننگ ماڈل میں طلباء کو فاصلاتی نظام یاپھر سہولیاتی مراکز کے ذریعے طلبا تک تعلیمی مواد پہنچانا ہے۔تاکہ طلبا کا سمسٹر بہار اور سمسٹر خزاں ضائع نہ ہوسکے اور تعلیمی سلسلہ جاری رہ سکے۔وائس چانسلر نے کہاکہ یونیورسٹی اس وقت شدید معاشی مسائل سے دوچار ہے۔لہذا صوبائی حکومت کے بجٹ میں قراقرم یونیورسٹی کے لیے سالانہ بنیادوں پر خصوصی فنڈمختص کرانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ یونیورسٹی کو درپیش مالی مسائل حل ہوسکیں۔وائس چانسلر نے کہاکہ حکومتی وعدے کے باعث یونیورسٹی ماسٹر سمسٹر تھرڈ کے طلبہ وطالبات کو مشروط طور پر امتحانات میں بیٹھایا گیاتھا۔ حکومت کی جانب سے فیس کی مد میں فنڈ دینے کا وعدہ کیاگیاتھا۔ ابھی تک وہ فنڈ یونیورسٹی کو نہیں ملا ہے۔وائس چانسلر نے کہاکہ چیف سیکرٹری اس حوالے سے وفاقی حکومت سے رابطہ کرتے ہوئے فنڈ کی فراہمی سے متعلق اپنا کردار ادا کرے۔وائس چانسلر نے چیف سیکرٹری کو بتایا کہ یونیورسٹی نے مالی مسائل کے حل کے لیے ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے فوری طور پر دس کروڑ روپے معاونت فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ ملاقات میں چیف سیکرٹری  جی بی کیپٹن (ر)خرم آغا نے یونیورسٹی کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومتی سطح پر بھرپور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ گلگت بلتستان میں تعلیم وتحقیق کے فروغ میں قراقرم یونیورسٹی بلخصوص وائس چانسلر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ کا کردار کلیدی رہاہے۔جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔چیف سیکرٹری نے کہاکہ تعلیم وتحقیق کے فروغ کے لیے ہرسطح پر قراقرم یونیورسٹی سے تعاون جاری رکھینگے۔تاکہ خطے میں تعلیم وتحقیق کو مزید فروغ مل سکے۔

No comments: