Tuesday, June 9, 2020

امیت شاہ کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے، بھارت نے حملے کی غلطی کی تو منہ توڑ جواب دیں گے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے حملے کی غلطی کی تو اس کا منہ توڑ جواب دیں گے، بھارت لداخ پر سرجیکل اسٹرائیک کیوں نہیں کرتا ، بھارت اپنے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے، امیت شاہ کا پاکستان پر حملے سے متعلق بیان غیرذمہ دارانہ ہے، دنیا امیت شاہ کے بیان کا نوٹس لے۔ منگل کو بھارت کی طرف سے فضائی حملہ کرنے کی دھمکی پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیرخارجہ مخدوم شاہ
محمودقریشی نے بھارت کو خبر دار کیا کہ وہ یہ حماقت نہ کرے ، پاکستان اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتا ہے، امیت شاہ کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ بھارت نے حملے کی غلطی کی تو اس کا فوری اور منہ توڑ جواب دیں گے ۔شاہ محمودقریشی نے کہا کہ بھارت یہ گیڈربھبھکیاں بند کرے ، امیت شاہ کا آج کا بیان غیرذمہ دارانہ ہے، دنیا کو امیت شاہ کے بیان کا نوٹس لینا چاہیئے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے ،جبکہ بھارت معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہا ہے ۔ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ امیت شاہ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ان کا لداخ کے بارے میں کیا خیال ہے ؟بھارت لداخ پر سرجیکل اسٹرائیک کیوں نہیں کرتا ؟۔ لداخ کے معاملے پر بھارتی میڈیا کیوں خاموش ہے ؟۔وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنا چاہتا ہے، دوسری طرف بھارت میں اقلیتیں بھی ہندو انتہا پسند بی جے پی حکومت سے نالاں ہیں ۔اس کے علاوہ بھارت میں معاشی حالات بگڑ چکے ہیں ، وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے مزید کہا کہ کشمیرمیں بھارت نے ظلم کی انتہا کر دی ہے اور بھارتی قابض فورسز بے گناہ کشمیریوں پر بے پناہ مظالم ڈھا رہی ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت افغانستان کے امن عمل کو سبوتاژکرنا چاہتا ہے، بھارت اپنے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کو دھمکیاں دے رہا ہے

No comments: