Monday, June 1, 2020

گلگت بلتستان میں بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ پر عائد پابندی کو جاری رکھا جائے گا، گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہاہے، ملک کے دیگر صوبوں سے آنے والے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں اور شرع اموات میں بھی اضافہ ہورہاہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ دیگر صوبوں سے گلگت بلتستان آنے والوں کیلئے کورونا وائرس کے ٹیسٹ رپورٹ لازمی ساتھ لانا ہوگا،زیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن

گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن اور چیف سیکریٹری گلگت  بلتستان خرم آغا نے وزیر اعظم پاکستان کے زیر صدارت ہونے والی قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت  بلتستان میں بین الاضلاعی ٹرانسپورٹ پر عائد
پابندی کو جاری رکھا جائے گا۔ گلگت  بلتستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہاہے۔ ملک کے دیگر صوبوں سے آنے والے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا سبب بن رہے ہیں اور شرع اموات میں بھی اضافہ ہورہاہے جس کو
مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ دیگر صوبوں سے گلگت  بلتستان آنے والوں کیلئے کورونا وائرس کے ٹیسٹ رپورٹ لازمی ساتھ لانا ہوگا۔ بغیر کورونا وائرس کے ٹیسٹ رپورٹ کے صوبے میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ گلگت  بلتستان کیلئے انتہائی اہم ہے لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا موجودہ صورتحال میں خصوصی ایس او پیز کو تیار کئے بغیر سیاحت کو کھولنا ممکن نہیں۔ بروقت اور شفاف انتخابات کیلئے بھی صوبے کو کورونا وائرس فری ہونا ضروری ہے۔ گلگت  بلتستان پہلا صوبہ ہے جس نے ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا ہے۔ ایک مہینہ پہلے ماسک کے استعمال اور سماجی دوری کے حوالے سے ضروری قانون سازی کی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ گلگت  بلتستان میں انتخابات ہونے ہیں لیکن ہم نے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا صورتحال میں سیاست نہیں کی بلکہ کورونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کیلئے سخت فیصلے کئے۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا صورتحال میں گلگت  بلتستان کووفاقی حکومت کی جانب سے کوئی بجٹری سپورٹ نہیں کیا گیا ہے لہٰذا کورونا وائرس سے بچاؤ اور روک تھام کیلئے آپریشنل اخراجات کی مد میں صوبائی حکومت کو خصوصی مدد فراہم کی جائے۔ وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اب تک صرف 2 وینٹی لیٹرز فراہم کئے گئے ہیں جو ناکافی ہیں۔ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاق کی جانب سے 20 وینٹی لیٹرز گلگت  بلتستان کو فراہم کئے جائیں۔ قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف بڑی تعداد میں کورونا وائرس سے متاثر ہورہے ہیں۔ صوبے میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے آسامیوں کی تخلیق کی وفاقی حکومت منظوری دے تاکہ مختلف شفٹوں میں کورونا سنٹرز میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف اپنی خدمات سرانجام دیں۔ 

No comments: