Friday, June 5, 2020

ابو ظہبی ائیرپورٹ سے 10جو ن سے 20 ٹرانزٹ پروازیں چلانے کا اعلان، اتحاد ائیر ویز جکارتہ، کراچی، کوالالمپور، منیلا، میلبورن، سیول، سنگاپور، سڈنی، ٹوکیو کے لیے پروازیں چلائے گی،بیان

ابوظہبی (این این آئی)ابوظہبی ائیر پورٹ کے حکام نے 10 جون سے سرکاری فضائی کمپنی اتحاد کی 20 ٹرانزٹ پروازیں چلانے کا اعلان کردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اتحاد ائیر ویز 10 جون سے ابو ظہبی سے جکارتہ، کراچی، کوالالمپور، منیلا، میلبورن، سیول، سنگاپور، سڈنی اور ٹوکیو کے لیے رابطہ پروازیں چلائے گی۔ان شہروں کے علاوہ یورپ کے بڑے شہروں ایمسٹرڈیم، بارسلونا، برسلز، ڈبلن، فرینکفرٹ، جنیوا، لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے،میڈرڈ، میلان، زیورخ اور پیرس کے چارلس ڈیگال ہوائی اڈے کے لیے بھی پروازیں چلائے گی۔متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا
کہ تجارتی پروازوں کی بحالی ملک کے شہری ہوابازی کے شعبے کے دوبارہ احیاء کا بھی آغاز ہے۔ابو ظہبی ائیر پورٹس کے چیئرمین شیخ محمد بن حمد بن تہنون آل نہیان نے ایک بیان میں کہا کہ ابو ظہبی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے منتقلی پروازوں کی بحالی قومی ہوابازی کے شعبے کے لیے ایک خاص موقع ہے۔یہ سنگ میل ہماری دانش مند قیادت کے کووِڈ-19 کے اثرات سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل اور اقدامات کی بدولت ممکن ہوا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ 'ہم نے بڑی تعداد میں مسافروں کی اپنے ہوائی اڈوں پر واپسی کے لیے بڑی جامع تیاریاں کی ہیں۔ہم اپنی دیرینہ شراکت دار اتحاد ائیر ویز کے ساتھ مل کر صحت اور تحفظ کے اقدامات کے نفاذ کے لیے کام کرتے رہے ہیں۔مسافروں اور ہمارے ملازمین کی فلاح ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یو اے ای کے شہری ہوابازی کے متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے۔

No comments: