Friday, June 5, 2020

سعودی عرب سے ”عودہ“ کے ذریعے 12798 تارکین وطن واپس روانہ..... تارکین وطن آبائی ممالک کو لوٹنا چاہتے اور ان کے پاس کارآمد ویزے ہیں تو وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں،وزارت داخلہ

ریاض (این این آئی)سعودی عرب نے ”عودہ“ اقدام کے تحت 12798 تارکینِ وطن کو خصوصی طیاروں کے ذریعے ان کے آبائی ممالک کو واپس بھیج دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کی وزارت برائے خارجہ امور نے اپریل میں کرونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد مملکت میں پھنس کر رہ جانے والے تارکین وطن کی واپسی کے لیے ''عودہ'' اقدام کا آغاز کیا تھا۔اس کا مقصد اپنے آبائی ممالک کو لوٹنے کے خواہاں تارکین وطن کی واپسی ہے۔اس کے تحت سعودی عرب میں مقیم غیرملکی تارکین وطن کو ان کے آبائی ممالک میں واپس بھیجنے کے عمل میں مدد کی جارہی ہے۔22 اپریل سے 3 جون تک 178452 افراد نے عودہ اقدام کے تحت اپنے ناموں کا اندراج کرایا۔ان میں خروج اور دوبارہ داخلے کا
ویزا رکھنے والے مکین،حتمی خروج اور سیروسیاحت کے ویزوں کے حاملین شامل ہیں۔سعودی عرب میں مقیم تارکین وطن اپنے آبائی ممالک کو لوٹنے کے خواہاں ہیں تو وہ ابشر پلیٹ فارم پر اپنے ناموں کا اندراج کرسکتے ہیں۔وہ اس پر اپنے اقامتی نمبر، تاریخ پیدائش، موبائل نمبر، روانگی کے شہر اور اپنے آبائی ملک میں جائے منزل ہوائی اڈے کے نام کا اندراج کریں گے۔سعودی وزارت خارجہ غیرملکی تارکین وطن کی ان کے آبائی ممالک کو واپسی کے لیے وزارت حج اور عمرہ، وزارت برائے انسانی وسائل اور ترقی،سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دوسرے سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔سعودی وزارتِ داخلہ کے ایک بیان کے مطابق اگر تارکین وطن اپنے آبائی ممالک کو لوٹنا چاہتے ہیں اور ان کے پاس کارآمد ویزے ہیں تو وہ اس سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔

No comments: