Thursday, June 4, 2020

کروناوائرس، پوری قوم ڈاکٹروں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے، وزیراعظم

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم عمران خان نے کروناوائرس کے خلاف لڑنے والے ڈاکٹروں اور اسپتال کے عملے کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کے کردار کی تعریف کی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے انصاف ڈاکٹرز فورم
کے وفد نے ملاقات کی۔ اس دوران کرونا کی صورت حال اور روک تھام کی حکومتی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی، ملکی ڈاکٹروں اور ہیلتھ کئیر اسٹاف کے کردار پر بھی خصوصی بات چیت ہوئی۔ آئی ڈی ایف نے حکومت کی اصلاحات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرونا کے خلاف ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خدمات لائق تحسین ہیں، پوری قوم ان کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، ماضی میں ہیلتھ سیکٹر کو نظر انداز کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولتوں تک رسائی میں مشکلات ہوئیں، شعبہ صحت میں اصلاحات کا مقصدصحت کی سہولتوں کی بہتری ہے، معیاری سہولتیں فراہم اور موجود خامیوں کی اصلاح کرنی ہے۔ملاقات کے دوران آئی ڈی ایف کی جانب سے وزیرستان میں اسپتال کے قیام کی تجویز پیش کی گئی۔ جس کے ردعمل میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شعبہ صحت سے متعلق قائم ٹاسک فورس تجویز پر غور کرے گی۔

No comments: