Wednesday, May 27, 2020

امریکی عناصر دونوں ممالک میں سرد جنگ چاہتے ہیں‘ چین

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا میں کچھ سیاسی قوتوں نے دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات کو یرغمال بنا رکھا ہے اور وہ دنیا کی 2 سب سے بڑی معیشتوں کو ایک نئی سرد جنگ کی طرف دھکیل رہی ہیں۔ بیجنگ میں نیشنل پیپلز کانگریس کے اجلاس کے دوران ٹیلی نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ امریکا میں سیاسی وائرس پھیل رہا ہے جو چین پر حملے اور اس کی تضحیک کرنے کے لیے کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا۔ وزیر خارجہ وانگ یی کے مطابق چین، امریکا کو تبدیل کرنے یا اس کا متبادل تلاش کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا اور امریکا کو بھی چاہیے کہ وہ چین کو تبدیل کرنے اور چین کے ایک ارب 40 کروڑ شہریوں کو جدیدیت کی طرف تاریخی مارچ کرنے سے روکنے کی بے کار کوشش نہ کرے۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ یی بیجنگ سے وڈیو لنک کے ذریعے نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ بیجنگ میں 24 مئی سے نیشنل پیپلز کانگریس کا اجلاس شروع ہو گیا ہے اور یہ نیوز کانفرنس اجلاس کے ساتھ الگ پروگرام کے تحت منعقد کی گئی۔ ٹرمپ انتظامیہ نے حالیہ مہینوں میں کئی معاملات پر چین کے ساتھ محاذ آرائی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جن میں تجارت، ٹیکنالوجی اور کورونا وائرس شامل ہیں۔ صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس چین کے شہر ووہان کی تجربہ گاہ سے باہر نکلا ہے، اور چین نے اسے دنیا میں پھیلنے سے نہ صرف روکنے میں تساہل سے کام لیا بلکہ بروقت اور درست معلومات بھی فراہم نہیں کیں۔

No comments: