Wednesday, May 27, 2020

مزید 100 افغان طالبان رہا،امریکا اور پاکستان کا خیر مقدم


کابل/واشنگٹن/(صباح نیوز+اے پی پی)افغان حکومت نے طالبان کے مزید100 قیدی رہا کردیے، امریکا ، پاکستان اور طالبان کا خیرمقدم، افغان صدر نے گزشتہ روز2 ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق افغان طالبان نے عید کے تین دنوں میں جنگ بندی کا اعلان کیا تھا جس کا افغان صدر اشرف غنی نے خیر مقدم کیا تھا اور طالبان کے 2 ہزار قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کیا تھا جن میں سے 100 قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔افغانستان کے نیشنل سیکورٹی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ افغان حکومت نے بگرام کی جیل سے 100 طالبان قیدیوں کو
رہا کیا ہے۔افغان صدر اشرف غنی کے ترجمان صدیق صدیقی نے ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں کہا کہ طالبان کی جانب سے عید الفطر کے موقع پر 3 روزہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد صدر اشرف غنی کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے طور پر 2 ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کے عمل کا آغاز کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ افغان حکومت امن میں توسیع کی پیش کش کرتی ہے اور امن عمل کو کامیاب بنانے کے لیے مزید اقدامات کررہی ہے۔ واضح رہے کہ طالبان نے ہفتے کے روز عید الفطر کے موقع پر ملک میں 3 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، جسے نہ صرف افغان حکومت بلکہ اس کے پڑوسی ممالک اور افغان جنگ میں اہم ترین حریف امریکا نے بھی سراہا تھا۔ علاوہ ازیں امریکی نمائندہ خصوصی برائے امن عمل زلمے خلیل زاد نے طالبان اور افغان حکومت کی جانب سے جنگ بندی کے اعلانات کا خیرمقدم کیا۔ اپنے ٹویٹ میں زلمے خلیل زاد نے عید کی مبارکباد دی اور عیدالفطر کے دوران افغان حکومت اور طالبان کی جانب سے جنگ بندی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔ افغان خبر رساں ادارے طلوع کی رپورٹ کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ امریکا کے سیکرٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے انہیں اور قومی مفاہمت کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کو فون کیا اور 2 ہزار طالبان قیدیوں کو رہا کرنے کے فیصلے پر افغان حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اشرف غنی نے کہا کہ مائیک پومپیو نے طویل جنگ کے خاتمے اور براہ راست مذاکرات کے آغاز پر زور دیا۔ علاوہ ازیں وزارت خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان عید الفطر کے موقع پر جنگ بندی سے متعلق طالبان اور افغانستان حکومت کے اعلانات کا خیرمقدم کرتا ہے۔ اتوار کو اپنے ٹویٹ پیغام میں دفتر خارجہ کی ترجمان نے اپنے افغان بھائیوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایک پرامن ، مستحکم اور خوشحال افغانستان کی دعا کرتے ہیں،پاکستان عید الفطر کے موقع پر جنگ بندی سے متعلق طالبان اور افغانستان حکومت کے اعلانات کا بھرپور خیرمقدم کرتا ہے۔

No comments: