Thursday, May 21, 2020

کرونا وائرس ویکسین،تھائی لینڈ سے بڑی خبر آگئی

بنکاک(سی این پی)تھائی لینڈ کے سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگلے سال تک کرونا وائرس کی ویکسین تیار کر لی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق تھائی لینڈ کے ایک سینئر عہدیدار نے  بتایا کہ کرونا ویکسین کی چوہوں پر آزمائش کی گئی جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ اگلے سال تک کرونا وائرس کی ویکسین تیار کر لی جائے گی۔کرونا وائرس کے حوالے سے بنائے گئے حکومتی سینٹر کے ترجمان تویسن وسانیوتین کے مطابق ویکسین کی چوہوں پر کامیاب آزمائش کے بعد اگلے ہفتے سے بندروں پر ایم آر این اے ویکسین کی آزمائش شروع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ تھائی ویکسین اگلے برس استعمال کی جائے گی۔تھائی ویکسین نیشنل ویکسین انسٹیٹیوٹ، محکمہ میڈیکل سائنس اور چولا لون کورن یونیورسٹی کے ویکسین ریسرچ سینٹر کے ذریعے تیار کی جا رہی ہے۔ترجمان تویسن وسانیوتین کا کہنا تھا کہ چین کے بعد تھائی لینڈ پہلا ملک تھا جس نے جنوری میں کرونا وائرس کے کیس کا پتہ لگایا تھا اور اب ویکسین تیار کرنے اور اس کے استعمال کے حوالے سے تھائی لینڈ پہلا ملک بننا چاہتا ہے۔تھائی لینڈ میں اب تک کرونا وائرس کے 3034 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ اموات کی تعداد 56 تک پہنچ چکی ہے۔واضح رہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے 100 سے زیادہ ویکسین تیار کی جا رہی ہیں جن میں سے کچھ کلینیکل ٹرائل سے گزر رہی ہیں لیکن عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ ماہ متنبہ کیا تھا کہ ویکسین کی تیاری میں کم از کم 12 ماہ لگیں گے۔

No comments: